
محض بیان کافی نہیں! مسلم ممالک بھارت سے یارانے ختم کریں، سرزمین حجاز میں اسلام کی نشانیوں کوبلڈوز کرکے لہو و لعب کا فروغ لمحہ فکریہ ہے، یوم شریکۃ الحسینؑ کی مجلس سے آغا حامد موسوی کا خطاب
بھارتی جنونیت پر اوآئی سی کا بیان کافی نہیں‘ مسلم ممالک بھارت سے یارانے ختم کریں، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
ہندو جنونیوں کے اقدامات نے امریکہ کی جانب سے بھارت کو دیئے جانے والے مذہبی آزادی کے سرٹیفیکیٹ کا پول کھول دیا
جس سرزمین حجاز سے اسلام کی نشانیوں کو شرک قرار دے کر بلڈوز کر دیا گیا وہاں لہو و لعب کے کلچر کا فروغ عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے
مغربی تہذیب عورت کو ذلت کی گہرائیوں میں دھکیل رہی ہے،مسلم ممالک مغربی سازش کا مقابلہ کرنے کے بجائے خود اس کا شکارہو رہے ہیں
خواتین کی عزت مارچ نہیں زینبی ؑ کردار میں ہے، مسلم خواتین کواپنی اقدارکیلئے آواز بلند کرنے کا حوصلہ سیدہ زینبؑ نے بخشا، مجلس شریکۃ الحسینؑ سے خطاب
اسلام آباد( )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ بھارت جنونیت کیخلاف اوآئی سی کا محض بیان کافی نہیں بھارت اسلامی شعائر پرمسلسل حملہ آور ہے مسلم ممالک بھارت سے یارانے ختم کریں، ہندو جنونیوں کے اقدامات نے امریکہ کی جانب سے بھارت کو دیئے جانے والے مذہبی آزادی کے سرٹیفیکیٹ کا بھی پول کھول دیا۔
آغا حامد موسوی نے کہا کہ خواتین عالم کی عزت و عظمت مغربی نعروں اور مارچ میں نہیں فاطمی ؑ و زینبی ؑ کردار اپنا نے میں ہے، مسلم خواتین کواپنی اقدار اور روایات کیلئے آواز بلند کرنے کا حوصلہ سیدہ زینب بنت علی ؑ نے بخشاجن کی بنیاد کردہ عزاداری آج بھی ظالموں کو بے چین کئے ہوئے ہے، دین اسلام امام حسین ؑ کی قربانی جبکہ حسینیت تا ابد سیدہ زینب بنت علی ؑ کی ممنون رہے گی،خیر وشر کے سب سے بڑے معرکے کربلا کی جاودانی حضرت زینب بنت علی ؑ کی مرہون منت ہے،25رجب کو زینبیؑ راہ پر چلتے ہوئے ماتمی احتجاج کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواسی رسول سیدہ زینب بنت علی ؑ کے یوم شہادت کے موقع پر ملک گیر یوم شریکۃ الحسین ؑکی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اسلام نے عورت کو عزت و حرمت بخشی کوئی مذہب اور معاشرہ اس کی مثال پیش نہیں کر سکتامغرب کی جانب سے عورتوں کی آزادی اور حقوق کا نعرہ بہت بڑا فراڈ ہے، مغربی تہذیب عورت کو عظمت کی معراج سے گرا کر ذلت کی گہرائیوں میں دھکیل رہی ہے،بدقسمتی یہ ہے کہ مسلم ممالک مغربی سازش کا مقابلہ کرنے کے بجائے خود اس کا شکار ہوئے چلے جارہے ہیں، سرزمین حجاز جہاں عہد رسالت ؐ کی نشانیوں اوراہلبیت و صحابہ کی نشانیوں کو شرک قرار دے کر بلڈوز کر دیا گیا وہاں لہو و لعب کے کلچر کا فروغ عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاکہ عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ عالمی اداروں کی منافقت ہے کس قدر ظلم ہے کہ امن عالم کیلئے قوانین عالمی دہشت گرد امریکہ اور اس کے پٹھو تحریر کررہے ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں مظلوموں کا جینا دوبھر کررکھا ہے، جو ملک ان عالمی دہشت گردوں کے راستے میں حائل ہو وہ اسے عبرت کی مثال بنائے چلے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ساری دنیا بھارت و اسرائیل کی دہشت گردی اور بربریت کے خلاف چیخ رہی ہے مغربی پارلیمنٹوں میں قراردادیں پیش ہو رہی ہیں لیکن اس کے باوجود یہ دہشت گرد امریکہ کی آنکھ کا تارا ہیں، یہی منافقت دنیا میں بڑھتی ہو ئی دہشت گردی کاموجب بن رہی ہے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ دنیائے نسواں ہی نہیں پوری انسانیت حضرت زینب کے کمال صبر و ثبات پر نازاں ہے چادریں چھن جانے کے باوجود اپنے بالوں سے پردہ بنا کر نبی کی شیر دل نواسی سیدہ زینب بنت علی ؑنے جس انداز میں اپنے وقت کی سپر پاور کے خلاف تحریک کی قیادت کی وہ کردار صرف خواتین ہی نہیں ہر دور کے حریت پسندوں کیلئے مشعل راہ ہے۔
درایں اثنا مرکز مکتب تشیع میں موصولہ اطالعات کے مطابق پاکستان بھر میں یوم شریکۃ الحسین ؑ کے موقع پر مجالس عزا منعقد ہوئیں خواتین کی مجالس میں شبیہہ تابوت نواسی رسول ؐ سیدہ زینب بنت علی برآمد کئے گئے، مجالس عزا کے دوران نواسی رسول ؐ کو سپاس عقیدت اور خانوادہ رسالت ؐ کی خدمت میں ہدیہ تعزیت پیش کیا گیا، مجالس میں 25رجب کے ماتمی احتجاج میں بھرپور شرکت کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔