انسانیت دوست قوتیں شیاطین سے چھٹکارے کیلئے متحدہ محاذ بنائیں ، آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

اسلام آباد( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماءبورڈ کے سرپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ امن پسند قوتوں پر لازم ہے کہ وہ دنیا پر واضح کریں کہ شیطانی ثلاثہ کا گٹھ جوڑ اس خطے اور پور ی انسانیت کیلئے خطرہ عظیم ہے۔ دہشتگردی سے نجات اور دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے انسانیت دوست قوتیں شیاطین سے چھٹکارا حاصل کر کے متحدہ محاذ بناکرعدل و انصاف کے تمام تقاضے پورے کرتے ہوئے امن و سلامتی کو ہر شے پر ترجیح دیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے منگل کو علامہ بشارت حسین امامی کی سرکردگی میں ٹی این ایف جے ضلع اسلام آباد کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آقای موسوی نے باور کرایا کہ نائن الیون کا ڈرامہ رچا کر عالم اسلام کو پھنسانے کیلئے پاکستان کو فرنٹ لائن پر لایا گیا جسکا خمیازہ قوم آج تک بھگت رہی ہے کیونکہ پون لاکھ کے قریب جانوں کے نذرانے دیئے اربوں کھربوں کے نقصانات برداشت کیے ، شہروں کے شہر اجڑوائے ، بچے یتیم اور خواتین بیوہ ہوئیں ۔آقای موسوی نے کہا کہ دہشتگردی کے قلع قمع کیلئے نیشنل ایکشن پلان ترتیب دے کر ضرب عضب آپریشن شروع کیا گیا جسے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے آپریشن ردالفساد اور اب خیبر فور آپریشن شروع کیاگیا ہے ۔اُنہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس سال کے آغاز سے ابتک پارا چنار سے ابتدا کر کے دہشتگردی کے درجن بھر سانحات رونما کرائے جا چکے ہیں ، چند روز قبل کوئٹہ میں دو دن میںتواتر کے ساتھ سیکورٹی افسرا ن اور اہلکاروں کو ٹارگٹ بنایا گیا جبکہ گزشتہ روز حیات آباد پشاور میں ایف سی کے قافلے پر خود کش حملہ کر کے میجر اور اہلکاروں کو شہید کر دیا گیا۔ اُنہوں یہ بات زور دے کر کہی کہ پاکستان کی قربانیوں سے سپر پاور بننے والا امریکہ ہمیں ہی آنکھیں دکھاتا اور ڈو مور کے مطالبات کرتا رہتا ہے ، چند روز قبل امریکی ایوان نمائند گان نے بھارت کیساتھ دفاعی تعاون بڑھانے اور پاکستان کی امداد پر سخت شرائط کا بل منظور کیا ہے ،نئی شرائط کے تحت پاکستان کو امداد کے حصول کیلئے اپنے ہاں موجود نیٹو سپلائی راستوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہو گا ، انسداد دہشتگردی آپشن سے تعاون کیلئے واضح اقدامات کرنے ہوں گے ،سرحد پار حملے روکنے اور بارودی سرنگوں کے خطروں سے نمٹنے کیلئے کاروائی کرنی ہو گی، نیز یہ بھی کہا گیا ہے جب تک امریکی وزیر دفاع اس بات کی یقینی دہانی نہ کرلیںکہ پاکستان شمالی وزیرستان میں حقانی نیٹ ورک کیخلاف مسلسل آپریشن کر رہا ہے اور اس گروپ کو پناہ گاہیں بنانے سے روک رہا ہے اور پاک افغان سرحد پر عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے افغان حکمرانوں سے مکمل معاونت کر رہا ہے اُسوقت تک امریکہ پاکستان سے تعاون نہیں کرے گاوہ بھی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہو گا ،واہ رے امریکہ واہ تیر ی کونسی کل سیدھی ! شرم تم کو مگر نہیں آتی ۔اُنہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف امریکی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو نظر انداز کرنا بہت بڑی توہین اور دہشتگردوں کو سپورٹ کرنا ہے ۔ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ عالمی سرغنہ سب کچھ بھارت کی بالا دستی قائم کرنے کیلئے کر رہا ہے تاکہ اُسے اس خطے کا چوہدری بنا کر اپنے مفادات حاصل کر سکے، اُسکی شرائط” نہ نو من تیل ہو گا نہ رادھا ناچے گی “کے مصداق ہے جنہیں پورا کرنا محال ہے ۔اُنہوں نے باور کرایا کہ پاکستان نے آ ج تک بھارت یا افغانستان کسی کیخلاف جارحیت نہیں کی بلکہ وہ خود ستر سال سے جارحیت کا شکار ہے، اُس کیخلاف جنگیں مسلط کی گئیں ، دولخت کیا گیا،74ءمیں ڈرانے دھمکانے کیلئے بھارت نے ایٹمی دھماکے کیے لیکن جب پاکستان نے اپنے تحفظ کیلئے ایٹمی دھماکے کیے تو دنیائے شیطنت میں کھلبلی مچ گئی۔ اُنہوں نے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ افغانستان کے راستے پاکستان کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے لہٰذا عالمی ادارے بھار ت کی جارحیت کا نوٹس لیں اور اُسے عالمی سطح پر دہشتگرد قرار دیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.