ماتمی احتجاجی ریلی پر پولیس تشدد قابل مذمت ہے،حقوق پر حملہ ہوا خاموش نہیں بیٹھیں گے، آغاحسین مقدسی؛ عشرہ صادقؑ آل محمدؐ اختتام پذیر
اسلام آباد میں مختارآرگنائزیشن کی پرامن روایتی ماتمی احتجاجی ریلی پر پولیس تشدد قابل مذمت ہے۔ آغاحسین مقدسی
حکومت فوری نوٹس لے، پرامن احتجاج بنیادی حق ہے، انتظامیہ میں گھسی کالی بھیڑیں مسائل پیداکرتی ہیں، جن کامحاسبہ ضروری ہے
پائیدارامن کے قیام کاواحدحل موسوی امن فارمولہ ہے،عقیدہ و وطن کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے، حقوق پر حملہ ہوا خاموش نہیں بیٹھیں گے
سینئرقیادت، علماء، بے گناہ ماتمی عزاداروں کی رہائی احسن اقدام ہے، ٹی این ایف جے پرامن مقاصدکیلئے آگے بڑھ رہے ہیں
جنت البقیع میں حضرت امام جعفرصادق ؑ کی مسمار شدہ قبر اطہر سوالیہ نشان ہے؟عالمی ادارے مسمارشدہ مقامات مقدسہ کی بحالی پر توجہ دیں
مختارآرگنائزیشن کا پولیس رکاوٹوں، تشدداور لاٹھی چارج کے باوجودپرامن اندازسے پریس کلب تاڈی چوک روایتی جلوس کاروٹ مکمل کرناجرات مندی ہے
علی مسجد میں جلوس تابوت میں ماتمی عزاداروں سے سربراہ ٹی این ایف جے کاخطاب، عشرہ صادق آلؑ محمدکے اختتام پذیر،ملک بھرمیں مجالس عزا، ماتمی جلوسوں کی برآمدگی
راولپنڈی ( ولایت نیوز) سربرا ہ تحریک نفاذفقہ جعفریہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے گزشتہ روزوفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ٹی این ایف جے کی ذیلی تنظیم مختارآرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے فقہ جعفریہ کے بانی اور موسئس حضرت امام جعفرصادق ؑ کے یوم شہادت کے موقع پر نیشنل پریس کلب سے نکالی گئی پرامن ماتمی ریلی پر بے جاپولیس تشددسینئررہنماؤں اور علمائے کرام کی بلاجوازگرفتاریوں پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے حکومت پر زوردیاہے کہ وہ حالات خراب کرنے والے انتظامیہ کے نااہل افسران کے خلاف کاروائی کرے، وفاقی حکومت کے اعلیٰ افسران کی جانب سے ٹی این ایف جے کے رابطے اور صورت حال کی طرف متوجہ کرنے پرفوری کاراوئی کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے سینئرقیادت، علمائے کرام اور بے گناہ ماتمی عزاداورں کی رات گئے عمل میں لائی جانے رہائی کے اقدام کومستحسن قراردیا،عقیدہ و وطن کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے،جب بھی حقوق پر حملہ ہوا خاموش نہیں بیٹھیں گے،احتجاج بنیادی حق ہے،جنت البقیع میں حضرت امام جعفرصادق ؑ کی مسمار شدہ قبر اطہر سوالیہ نشان ہے؟عالمی ادارے مسمارشدہ مقامات مقدسہ کی بحالی پر توجہ دیں۔اس امر کااظہارعلامہ آغاحسین مقدسی نے ہفتہ کو ہیڈکوارٹرمکتب تشیع علی مسجد راولپنڈی میں شہادت صادق ؑ آل محمد کے جلوس تابوت کی برآمدگی کے موقع پر عزاداروں اور عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ہم محب وطن شہری کی حیثیت سے ٹی این ایف جے کے پرامن مقاصدکیلئے آگے بڑھ رہے ہیں اور امن وامان کیلئے ہماری خدمات پیش پیش ہیں، تاہم انٹظامیہ میں گھسی کالی بھیڑیں حکومت اور شہریوں کیلئے مسائل پیداکرتی ہیں جن کامحاسبہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہماراچیلنج ہے کہ وطن میں پائیدارامن کے قیام کاواحدحل موسوی امن فارمولہ ہے جس پرعملدرآمدکیلئے پرامن محب وطن تنظیموں اور شہریوں کوبے جاتنگ کرنے اور پرتشددکاروائی کرکے گرفتاریوں کے بجائے کالعدم انتہاپسندگروپوں کوآہنی شکنجے میں جکڑاجائے۔علامہ مقدسی نے اسلام آباد کے افسوسناک واقعے اورپولیس تشددکے باوجودپرامن رہتے ہوئے صبرتحمل کامظاہرہ کرنے والے مختارآرگنائزیشن اور ٹی این ایف جے کے کارکنان اور علمائے کرام کو سپاس تحسین پیش کیاجنہوں نے اسلام آباد پولیس کی ناجائزرکاوٹوں، بے تحاشہ تشدداور لاٹھی چارج کے باوجودپرامن اندازسے پریس کلب سے ڈی چوک تک جلوس کاروٹ مکمل کیا۔
درایں اثناء قائد ملتِ جعفریہ آغا سیدحامد علی شاہ موسوی کے قائم کردہ عشرہ ِصادقِ آلِ محمدؐ کے پروگرام 25شوال ہفتہ کو عقیدت و احترام اوراس عہدوپیمان کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے کہ رسالت مابؐ اہلبیت اطہار ؑاورپاکیزہ اصحاب کبارؓکے ارفع واعلیٰ اہداف کیلئے کسی قر بانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا۔ اس موقع پر ملک بھر میں مجالس عزاکاانعقادکیاگیا اور تابوت کے جلوس برآمد ہوئے۔
قبل ازیں علی مسجد میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہا کہ چھٹے جانشین رسول ؐحضرت امام جعفر صادق ؑکے وسیلے سے مرادیں مستجاب،مریض شفایاب ہوتے ہیں۔جلوس تابوت امامبارگاہ زین العابدین ؑ میں اختتام پذیر ہوا ۔امامبارگاہ قصر خدیجہ الکبریٰ اسلام آباد میں علامہ بشارت حسین امامی نے مجالس عشرہِ صادقِ آل محمد ؑ سے خطاب کیا۔درایں اثناء ٹی این ایف جے کی مرکزی عشرہ صادق آل محمد کمیٹی کے دفتر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ‘کراچی‘لاہور‘پشاور‘مظفر آباد،گلگت بلتستان، جہلم، سیالکوٹ، چکوال، بھکر ڈی آئی خان، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، شیخو پورہ، ملتان، خانیوال، خیر پور، حید ر آباد، لاڑکانہ سکھر سمیت درجنوں شہروں میں عشرہ صادقِ آل محمد ؑ کی مجالس کا انعقادکیا گیاجن کے اختتام پر تابوت صادقِ آل محمد ؑ برآمد ہوئے اور ماتمداری کی گئی۔