مظلومین و مستضعفین عالم سے یکجہتی: تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پرملک بھر میں یوم القدس حمایت مظلومین کی ریلیاں مظاہرے
جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پر ملک گیرمظاہرے، احتجاجی ریلیاں
عالم اسلام کے مسائل کا حل آپس کے اتحاد،شعائر اللہ کی عزت وحرمت کو یقینی بنانے میں مضمر ہے۔حامد موسوی
قبلہ اول کی صیہونی پنجوں سے آزاد ی، کشمیر و فلسطین کے مسائل کے حل کیلئے اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کرے
فلسطین و کشمیر کے مسائل حل نہ ہونے کا سبب مسلم امہ کا ا افتراق و انتشارہے، عالمی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں
جن ذوات مقدسہ نے دین کو بے مثال قربانیاں دے کر بچایا ان کے احترام کو دوبالا کیاجائے، قائدملت جعفریہ کاخصوصی پیغام
اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،کراچی،گلگت،مظفر آباد اور دیگر مقامات پر سنی شیعہ اتحاد کا عملی مظاہرہ،علامہ بشارت امامی،علامہ محسن ہمدانی، شوکت جعفری اور دیگر کا خطاب
اسلام آباد ( ولایت نیوز)سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس حمایت مظلومین دنیابھرکی طرح وطن عزیزپاکستان میں مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی کے جذبے کیساتھ منایا گیا۔

اس موقع پروفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت، صیہونی وبھارتی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، علمائے کرام اور واعظین نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ القدس شریف نہ صرف اسلام بلکہ تمام انسانیت کے نزدیک قابلِ احترام ہے جو شعائر اللہ میں شامل ہے،اس کی عزت و حرمت اورصیہونی پنجوں سے بازیاب کرانا تمام عالم اسلام کا شرعی و ایمانی فریضہ ہے ۔
اسلام آباد میں عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے موقع پر قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت، صیہونی وبھارتی بربریت اور دہشت گردی کیخلاف دربار سخی محمود بادشاہ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت ٹی این ایف جے کے سیکرٹری جنرل سید شاعت علی بخاری ، علامہ بشارت حسین امامی،علامہ تصور نقوی ، علامہ قمر حیدر زیدی ، آغا سید محمد مرتضی موسوی ، مولانا رفاقت حسین ، علامہ فخر عابدی ، ذوالفقار علی راجہ ، پروفیسر جی اے حیدری اور دیگر رہنماؤں نے کی ۔
آبپارہ چوک میں علامہ بشارت حسین امامی نے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کا خصوصی پیغام پیش کیا جس میں انہوں نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ قبلہ اول کو صیہونی پنجوں سے آزاد کرانے اور کشمیر و فلسطین کے دیرینہ مسائل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، عالم اسلام کے تمام مسائل کا حل یہ ہے کہ ہم پہلے خود متحد اورمتفق ہو کر اسلام پر عمل پیرا ہوں،شعائر اللہ کی عزت کریں اور جن ذوات مقدسہ نے دین کو بے مثال قربانیاں دے کر بچایا اور ہم تک پہنچایا ان کے احترام کو دوبالا کریں اور تمام مسلمان ممالک پاکستان کی قیادت کو تسلیم کریں جس کا نظریہ اساسی اسلام ہے جو بحمد اللہ ایٹمی قوت ہے اس طرح نہ صرف کشمیر و فلسطین آزاد ہوں گے بلکہ مظلومین کے حقوق بھی بازیاب ہوں گے۔
آقائے موسوی نے کہا کہ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے فرمان کے مطابق مظلوم کی حمایت اور ظالم سے عملی بیزاری کے لیے ہماری عملی جدو جہد جاری رہے گی اور عقیدہ و وطن پر ہرگز کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے فیڈرل کیپٹل ذوالفقار علی راجہ نے اسلام آباد کی انتظامیہ اور شرکائے جلوس سے اظہار تشکر کیا۔مظاہرین نے قدس کی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی،یہ درس کربلا کا ہے خوف بس خدا کا ہے،اسلام زندہ باد کے پرجوش نعرے لگائے۔بعدازاں احتجاجی مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔
راولپنڈی میں ٹی این ایف جے کی ضلعی یوم القدس حمایت مظلومین کمیٹی کے زیراہتمام امامبارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے حمایت مظلومین ریلی نکالی گئی جس کی قیادت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی کنوینر شوکت عباس جعفری، علامہ زاہد عباس کاظمی ، علامہ ابو الحسن تقی ، علامہ محسن علی شاہ ہمدانی ، علامہ باسم عباس زاہرای ، آغاسیدعلی روح العباس موسوی، مولانا وقار نقوی ، مولانا میچم عباس، مولانا سجاد گردیزی، شفقت علی ترابی اوردیگر رہنما کررہے تھے۔

شرکائے ریلی نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ اورکتبے اٹھار کھے تھے جن پر القدس کی آزادی تک جنگ رہے گی،امریکی ہندو سامراج مردہ،اسرائیل مردہ باد اور دیگر نعرے درج تھے۔ریلی نے کمیٹی چوک میں جلسے کی شکل اختیار کرلی جس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کنوینر یوم القدس حمایت مظلومین کمیٹی ٹی این ایف جے شوکت جعفری نے کہا کہ مسلمان ملتِ واحدہ ہیں،ہمیں اصولی معاملات میں ایک ہوکر کفر کا مقابلہ کرنا پڑیگا اس طرح نہ صرف بیتُ المقدس آزاد ہوگا بلکہ تمام مسائل بھی حل ہوسکتے ہیں۔انہو ں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بے بہا نعمتوں سے مالا مال مسلمانوں کا عالمی استعمار نے ناک میں دم کررکھا ہے، کشمیروفلسطین ہنود ویہود کے قبضے میں ہیں،دینی شعار میں سے خدا کی ایک عظیم نشانی بیتُ المقدس پر یہودیوں نے غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے جس کی وہ آئے دن بے حرمتی کرتے رہتے ہیں،کشمیروفلسطین کے عوام پر کونسا ظلم نہیں ہوا؟ مگر بدقسمتی سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود نہ تو القد س کو بازیاب کرایا جاسکا اور نہ کشمیر و فلسطین میں اُن پر عملدرآمد ہوا اور نہ یہ دیرینہ مسائل وہاں کے عوام کی اُمنگوں کے مطابق حل ہوئے۔علامہ محسن علی ہمدانی نے کہا کہ عالم اسلام کے مسائل کا اصل سبب خود مسلم حکمران ہیں جو عالمی استعمار کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ القدس شریف و کشمیر کی بازیابی کیلئے مسلمانوں کو اپنے اپنے خول سے باہرنکل کر متحدہ عالمی اسلامی فورم قائم کرکے مشترکہ عملی جدوجہد کرنا ہوگی۔شرکائے جلوس نے اس عہدکاعادہ کیاکہ وہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے ہر لائحہ عمل پر بھرپور لبیک کہنے اور شعائراللہ کے تحفظ، دین و وطن کیلئے ہر قربانی پیش کرنے کے عہد کا اظہار کیا۔اس موقع پر عالم اسلام کے مصائب و آلام کے خاتمہ،مسائل کے حل اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی،استحکام و ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے دفتر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق پشاور،کراچی،لاہور،کوئٹہ،مظفر آباد،باغ،دادو،خیرپورمیرس،بھکر،چکوال،ڈیرہ غازی خان،ملتان،سرگودھا،سیالکوٹ،گلگت،فیصل آباد،کوہاٹ،شیخو پورہ،گوجرنوالہ،جہلم،دینہ،قصور،گوجرہ،خانیوال،بہاولپور،سکھر،نواب شاہ،سیہون شریف،نوشہرو فیروز اور دیگر شہرو ں میں بھی جمعۃ الوداع کو القدس شریف کی بازیابی،کشمیر کی آزادی اور پوری دنیا کے مظلومین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔