کراچی دھماکہ پاک چین دوستی پر حملہ ہے گولہ و بارود لازوال دوستی کمزور نہیں کرسکتے، آغا حامد موسوی ؛ یوم القدس حمایت مظلومین جوش و جذبے سے منانے کی اپیل
جامعہ کراچی میں بم دھماکہ پاک چین دوستی پر حملہ ہے۔ قائدملت جعفریہ آغاحامدموسوی
لازوال پاک چین دوستی دلوں میں بستی ہے جسے گولہ و بارود کمزور نہیں کرسکتے، سی پیک سے استعماری قوتیں سخت خوفزدہ ہیں
پاکستان دشمنوں نے جا بجا کلبھوشن نیٹ ورک پھیلا دیئے ہیں، چین بین الاقوامی دہشتگردوں سے مقابلے میں پاکستان کی مدد کرے
کالعدم جماعتیں دہشتگردوں کے سہولت کار کا کردار ادا کرتی ہیں، حکومتوں کے جوڑ توڑ میں کالعدم جماعتوں نے زیادہ فائدے اٹھائے
بیرونی دشمن کو ناکام بنانے کیلئے تو دشمن آلہ کار وں کے ہاتھ قطع کرنے ہونگے، نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے
جمعۃ الوداع یوم القدس حمایت مظلومین کے موقع پر مظلومین کیساتھ یکجہتی، دہشتگردی کی مذمت کی جائے۔ قائدملت جعفریہ کاردعمل،کمیٹی سے خطاب
اسلام آباد (ولایت نیوز ) سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاہے کہ جامعہ کراچی میں بم دھماکہ پاک چین دوستی پر حملہ ہے،پاک چین دوستی دلوں میں بستی ہے جسے گولہ و بارود کمزور نہیں کرسکتے،پاک چین دوستی اور سی پیک سے استعماری قوتیں خوفزدہ ہیں، پاکستان دشمنوں نے جا بجا کلبھوشن نیٹ ورک پھیلا دیئے ہیں، چین بین الاقوامی دہشت گردوں سے مقابلے میں پاکستان کی مدد کرے
آغا حامد موسوی کا کہنا تھا کہ کالعدم جماعتیں دہشت گردوں کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرتی ہیں، حکومتوں کے جوڑ توڑ میں کالعدم جماعتوں نے سب سے زیادہ فائدے اٹھائے، بیرونی دشمن کو ناکام بنانا ہے تو دشمن کے سہولت کار ہاتھ قطع کرنے ہوں گے، نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، بھارت دہشت گردی کی آگ بھڑکا کر مقبوضہ کشمیر میں بیداری کے بدلے چکا رہا ہے، جمعۃ الوداع کویوم القدس حمایت مظلومین مناکرجمعہ اجتماعات، احتجاجی ریلیوں اورجلسوں میں دنیابھرکے مظلومین کے ساتھ اظہاریکجہتی اورملک میں جاری دہشت گردی کی پرزورمذمت کی جائے۔
اس امرکااظہاانہوں نے ٹی این ایف جے کی عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کمیٹی کے کنوینرشوکت عباس جعفری کی سرکردگی میں عہدیدارن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آقای موسوی نے باورکرایاکہ کہ مسلمانوں کا قبلہ اول مسلمانوں کی غیرت کو جھنجھوڑ رہا ہے لیکن افسوس کہ مسلم حکمرانوں کے ضمیر مردہ ہو چکے ہیں جن کی پہلی اورآخری ترجیح اقتدارکا دوام اور بادشاہتوں کی حفاظت ہے۔
انہوں نے کہاکہ القدس کی آزادی کیلئے جو رسمی آواز پہلے اٹھا کرتی تھی آج وہ بھی ختم ہو چکی ہے،اس وقت صیہونی و استعماری سازشوں کے طفیل اور عرب حکمرانوں کی مفاد پرستی و تنگ نظری کی وجہ سے جو حالات پید اہوئے ہیں اس سے فلسطین کی آزادی اور القدس کی بازیابی ایک سوالیہ نشان بن گئی ہے کیونکہ بیشتر عرب ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کر رکھا ہے،بعض ریاستوں کے اس سے خفیہ تعلقات ہیں،خود مسلم ریاستوں میں مقامات مقدسہ کا جو حشر کیا جارہا ہے اس سے اسرائیل پر کسی مسلک و مذہب کے مقدس آثار کی حرمت کی پابندی کا عالمی برادری کااخلاقی دباؤ بھی ختم ہو گیا ہے۔آقای موسوی نے کہاکہ جب مسلمان خود اپنے مقامات مقدسہ پامال کریں گے توغیروں سے نیکی کیاتوقع کی جاسکتی ہے۔قائد ملت جعفریہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی نے اس عہد کا اظہار کیا کہ فرمانِ امیر المومنین کی تاسی میں ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کیلئے عملی جدوجہد جاری رکھیں گے۔