اسیرعزاداری سیداسدعباس کاظمی اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے؛ دربار سخی شاہ پیارا پر سپردخاک ، تجہیز تکفین میں ہزاروں افراد کی شرکت
ماتمی جوان، اسیرعزاداری سیداسدعباس کاظمی اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے
مرحوم ہمارے روحانی فرزند، اسیرعزاداری، مرکز مکتب تشیع کے سپاہی،ماتمی حلقوں میں وفاداری کی پہچان تھے۔ آغاحامدموسوی
دربارسخی شاہ پیاراکاظمی میں سپرد خاک،نماز جنازہ علامہ مطلوب حسین تقی نے پڑھائی، ماتمی دستوں کی نوحہ خوانی
راولپنڈی ( ولایت نیوز) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے ماتمی جوان، اسیرعزاداری سیداسدعباس کاظمی کی اچانک وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔پسماندگان کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں آغا حامد موسوی نے اسدکاظمی کی وفات کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے جو ہمیشہ عزاداری و میلاد النبی ؐ کے جلوسوں کے تحفظ میں سرگرم رہے اور محبت دوستی اخوت یگانگت کی آواز بن کرٹی این ایف جے کا پیغام عام کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اسدکاظمی ہمارے روحانی فرزند، اسیرعزاداری، مرکز مکتب تشیع کے وفادار و جانثار سپاہی اورماتمی حلقوں میں وفاداری کی پہچان تھے جو آزمائش کے ہر مرحلے پر سرخرو و سرافراز رہے۔انکی زندگی مودت اہلبیت کا عملی نمونہ تھی، اسدعباس کاظمی مشن مختار کے بے لوث سپاہی تھے اور راولپنڈی کی ہر دلعزیز شخصیت تھے ان کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکتا۔

مرحوم کی نمازجنازہ دربارعالیہ سخی شاہ پیاراکاظمی میں علامہ سیدمطلوب حسین تقی کی اقتدا میں اداکرنے کے بعدانکے جسد خاکی کو دربارسخی شاہ پیاراکاظمی المشہدی کے احاطے میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے،ہر آنکھ اشکبار تھی،اسلام آباد راولپنڈی کے جڑواں شہروں اور مختلف مقامات سے آئے ہوئے ماتمی دستوں نے نوحہ خوانی اور پرسہ داری کرکے مظلوم کربلا کی بارگاہ می خراج عقیدت پیش کیا۔نمازجنازہ میں قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے فرزند ان آغاسیدمحمدمرتضیٰ موسوی ایڈووکیٹ، آغا سید علی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ،علمائے کرام، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے عہدیداران، ایم ایف وی، مختارآرگنائزیش، مختارایس او، ابراہیم اسکاؤٹس کے سربراہان،ماتمی سالاروں، مذہبی،سیاسی، سماجی رہنماؤں سمیت مختلف مکاتب فکر کی نمایاں شخصیات کے علاوہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مرحوم ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری عزاداری علاحیدر، سیدمجتبیٰ کاظمی کے بھائی اورسیدجرارکاظمی،سید کرارکاظمی کے والدتھے۔
