جلاؤ گھیراؤ کے باوجود اسلام آباد میں ٹی این ایف جے کے زیر اہتمام ماتمی پرسے میں ہزاروں عزاداروں کی شرکت

ولایت نیوز شیئر کریں

اسلام آباد( ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ عزاداری گستاخان ختم نبوت کیخلاف موثر ترین پرامن احتجاج ہے جو ہر حال میں جاری رہیگا،نواسہ رسول ؐ حسین ابن علی ؑ کی عزاداری اور میلاد النبی ؐ کے جلوس اسلام کی شان و شوکت کے عملی مظاہرے ہیں جن پر دنیا کی کوئی طاقت قد غن نہیں لگا سکتی، شیطانی قوتیں حسینیت ؑ سے خوفزدہ ہیں،ہم نوک نیزہ پرکلمہ حق کہنے والوں کی اولادہیں صدائے حق بلند کرنے سے گریز نہیں کریں گے ۔ ضرب ید اللہی ، سجدہ شبیریؑ کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عہد و پیمان کی تکمیل کیلئے سنی شیعہ اتحاد کا عملی مظاہرہ جار ی رکھا جائیگا۔اس امر کا اظہارانہوں نے آغا محمد مرتضیٰ موسوی ایڈووکیٹ اور آغاسید علی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ کے زیر اہتمام ہفتہ کو باب فضہ جامعہ المرتضیٰ جی نائن فور اسلام آباد سے برآمد ہونیوالے ایام عزا کے الوداعی مرکزی ماتمی جلوس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیاجوٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمرحیدرزیدی نے پرچم کشائی سے قبل عزاداران اور ماتمی حلقوں سے خطاب کرتے ہوئے پیش کیا۔

آقای موسوی نے اپنے پیغام میں باورکرایا کہ دہشتگردی کے حالیہ سانحات میں جام شہادت نوش کرنیوالے پاک فوج اور پولیس کے جوانوں پر قوم فخر کرتی ہے جن کی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی اور عساکر پاکستان کا آپریشن رد الفساد ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے ممنوعہ گروپوں کو آہنی شکنجے میں جکڑے اور نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔آقای موسوی نے اپنے پیغا م میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سنی شیعہ بھائیوں کے عملی اتحاد کی بدولت ایام عزائے امام عالی مقام ؑ کے پروگرام اختتام کے قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر و فلسطین کی بارے میں بڑی طاقتوں ،عالمی اداروں کے دوہرے معیار کی وجہ سے مسلمانوں کوعالمی قوتوں کی کاسہ لیسی اورآلہ کاری کے بجائے عالم اسلام کے اجتماعی مفادمیں سوچنااورکام کرناہوگا۔

انہوں نے واشگاف اعلان کیاکہ عزاداری امام مظلوم کسی مکتب یا گروہ کیخلاف نہیں بلکہ یزیدی فکرکیخلاف مظلومین کاعالمی احتجاج ہے جو تا ظہور امام مہدی ؑ عدل و انصاف کا بو ل بالا اور ظلم کا منہ کالا ہونے تک جاری رہے گااور پوری دنیا میں پرچم حسینیت سر بلنداوریزیدیت اپنے انجام کو پہنچے گی ۔

اس موقع پر آغا سید محمد مرتضیٰ موسوی اور آغا سید علی روح العباس موسوی نے علمائے کرام اور ٹی این ایف جے کے مرکزی نائب صدر سید مظہر علی شاہ ایڈووکیٹ کے ہمراہ حضرت عباس علمدار ؑ کے علم مبارک کی پرچم کشائی کی ،مختلف ماتمی دستوں نے پرسہ داری اور نوحہ خوانی کی ماتمی جلوس اپنے روایتی راستے سے گزرکرباب رسولؐ خدا جامعہ المرتضیٰ میں اختتام پذیرہوا۔

اگرچہ فیض آباد میں 20 روز سے جاری دھرنے کے خاتمے کیلئے حکومت کے آپریشن کے باعث جلوس کو پہنچنے والے اکثر راستے بند تھے اور شہر میں جلاؤ گھیراؤ کے باعث خوف و ہراس کی فضا تھی اس کے باوجود جلوس عزا میں ملک بھر سے ہزاروں ماتمی عزاداروں نے شرکت کی ۔کوہاٹ پشاور اٹک چنیوٹ جہلم چکوال گجرات لاہور سے عزاداروں کی کثیر تعداد نے رکاوٹیں عبور کرکے جلوس میں شرکت کی ۔ اور توہین رسالت ؐ کے خلاف کائنات کے سب سے موثر ماتمی احتجاج میں شرکت کرکے خانوادہ رسالت ؐ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔ چنیوٹ سے ۤئے ماتمیوں نے چہرے پر لگاتار ماتم کرکے ہر آنکھ کو رلا دیا۔

اس موقع پر اسلام آباد پولیس اور مختارفورس کے رضا کاروں نے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کررکھے تھے۔ مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ایم ا و اور مختار جنریشن کی جانب سے عزاداری کیمپ لگائے گئے تھے، جبکہ ابراہیم سکاؤٹس اوپن گروپ کا چاق و چوبند دستہ جلوس کی قیادت کر رہا تھا۔علمائے کرام ‘مذہبی عمائدین ‘ماتمی سالاروں اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں پرسہ داری میں شرکت کی۔آغا سید محمد مرتضیٰ موسوی ایڈووکیٹ‘آغاسیدعلی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ نے تمام شرکا سے اظہارِ تشکر کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.