بلوچستان میں خوفناک کھیل جاری ہے، بھارتی دہشت گردی قومی غیرت و آبرو پر حملہ ہے پوری قوم اورہر بلوچ پاک فوج کے ساتھ یکجان ہے، آغاحامدموسوی کا محفل باقر العلوم ؑ سے خطاب

ولایت نیوز شیئر کریں

پاک فوج کے مراکز پر بھارتی دہشتگردی قومی غیرت و آبرو پر حملہ ہے، قائد ملت جعفریہ آغاحامدموسوی
پوری قوم، ہر بلوچ پاک فوج کے ساتھ یکجان ہے، بلوچستان میں بیرونی ایجنٹوں کے ذریعے خوفناک کھیل جاری ہے
بھارت کشمیر ی عوام کیخلاف مظالم پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے، کشمیریوں کے حق میں احتجاج نے بھارت کی نیندیں حرام کردی ہیں
دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کیلئے تمام اداروں کو ہم آہنگ ہونا ہوگا، فوج کے شہید جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں
حکومت کالعدم تنظیموں کی بلیک میلنگ سے ملکی سلامتی کو داؤ پر نہ لگائے، دہشتگردوں کے سہولت کار وں کو ریلیف دینا شہداء کے خون سے غداری ہے
حضرت امام باقرؑجبرواستبدادسے نبردآزما رہے آپکے پایہ استقلال میں کوئی لغزش پیدا نہ کرسکا۔ قائدملت جعفریہ کامحفل باقرالعلوم سے خطاب

اسلام آباد(ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی ٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاہے کہ بلوچستان ایف سی ہیڈکوارٹرز پر بھارتی دہشتگردی قومی آبرو اور غیرت پر حملہ ہے،پوری قوم اور ہر بلوچ پاک فوج کے ساتھ یکجان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بیرونی ایجنٹوں کے ذریعے خوفناک کھیل جاری ہے،بھارت دہشتگردی کے ذریعے کشمیر ی عوام کیخلاف مظالم پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے، عالمی اداروں اور سلامتی کونسل میں کشمیریوں کے حق میں اٹھنے والی آوازوں نے بھارت کی نیندیں حرام کردی ہیں۔

آغا حامد موسوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کیلئے تمام اداروں کو ہم آہنگ ہونا ہوگا، فوج کے شہید جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر بلا رو رعایت عمل کیا جائے۔

جمعرات کو عشرہ اجر رسالت ؐ کے آغاز پرپانچویں جانشین رسول ؐحضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے یوم ولادت پرنور کی مناسب سے ”محفل باقر العلوم ؑ‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت امام باقرظلم و جور،جبرواستبداد اور اپنے دور کے بدترین دہشت گردوں سے نبردآزما رہے مگر آپؑ کے پایہ استقلال میں کوئی لغزش پیدا نہ کرسکا۔

آقای موسوی نے اس امرپرگہری تشویش کااظہارکیاکہ محب وطن شیڈول فور میں پابند جبکہ دہشت گردوں کے سہولت کار آزاد ہیں۔

انہوں نے حکمرانوں پرزوردیاکہ وہ کالعدم تنظیموں کی بلیک میلنگ کا شکار ہو کر ملکی سلامتی کو داؤ پر نہ لگائے کیونکہ دہشتگردوں کے سہولت کار کالعدم جماعتوں کو ریلیف دینا ملکی سلامتی سے کھیلنا ہے، شہیدوں کے خون پر سمجھوتہ اور قہر خداوندی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

آقای موسوی نے باورکرایاکہ وطن عزیز کو ترقی سے ہمکنار کرنے کیلئے حکمرانوں کو جادہ محمد و آل محمد ؐ پر چلتے ہوئے علم کے نور کو عام کرنا ہوگاامام محمد باقر ؑ کی علمی خدمات انسانیت کا اثاثہ ہیں، قرابت دارانِ مودت میں سے ایک عظیم ترین فرد حضرت امام محمد باقر علیہ السلام مشکلات علوم کو شگافتہ کرنے والے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حضرت امام محمد باقر ؑ نے عرصہ حیات میں قدم رنجا فرما کر علمی و روحانی حیات کا آغا ز فرمایا،اس وقت دنیا ئے دین و شریعت کو ایک علمی ماحول اور فکری جد و جہد کی بناء پر آپ ؑ جیسی شخصیت کی اشد ضرورت تھی جو دنیائے اسلام کو کفر کی دھمکیوں، باطل عقائد و نظریات اور غلط تبلیغات سے محفوظ رکھے اورباطل عقائد کو انسانیت پر مسلط ہونے سے روک سکے کیونکہ ان کا شافی و وافی جواب آپ ؑ ہی دے سکتے تھے آپ ؑ پیغمبر اکرم ؐ کے وارث حقیقی، قرآن اور فلسفہ اہلبیت کے مکتب روحانی کے تربیت یافتہ اور علوم الٰہی و معارف دنیا کے عالم ربانی تھے، اسی لئے علامہ حجر عسقلانی رقم تراز ہیں کہ امام محمد باقر ؑنے علوم و معارف کے رمو ز و اسرار کو واضح کیا اور اس قدر علوم و حقائق بیان فرمائے کہ سیاہ دلوں اور بصیرت کے اندھوں کے علاوہ کوئی ان کا انکار نہیں کر سکتا، اسی بنا پر آپ ؑ نے مشکلات علوم کے شگافتہ اور علم و دانش کو سر بلند کر نے والے باقر العلوم کا لقب پایا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اسوۂ امام محمد باقر ؑ کی عملی پیروی کر کے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کو مسائل کے گرداب سے نکال کر امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.