خطہ پوٹھوہار کے عزاداروں کی ہنگامی بیٹھک ؛ تحفظ عزاداری احتجاجی کنونشن فائنل
پنجاب میں عزاداری مخالف ایس او پیز مسترد، تحفظ عزاداری ریجنل احتجاجی کنونشن راولپنڈی میں ہو گا۔ مخدوم فرزند کاظمی
چار دیواری، گھروں کی مجالس اور روایتی ماتمی جلوسوں میں رکاوٹیں ڈال کر بنیادی حقوق کو سلب، آئین سے انحراف کیا گیا جو ہرگِز قبول نہیں۔ علامہ بشارت امامی
صوبائی صدر علامہ باقر نقوی کی جانب سے کنونشن کے لیے انتظامی کمیٹیوں کا قیام
اضلاع اور تحصیلوں کے بانیانِ مجالس و جلوس، مذہبی و ماتمی تنظیموں کے نمائندوں کا کنونشن میں بھرپور شرکت کا اعلان
راولپنڈی ( ولایت نیوز) چیئرمین تحفظِ عزاداری ایکشن کمیٹی ٹی این ایف جے مخدوم باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی نے سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی کی جانب سے کی گئی میڈیا ٹاک کے تناظر میں پنجاب حکومت کی طرف سے مسلط کردہ عزاداری کی راہ میں نارواں پابندیوں اور بے جا رکاوٹوں کے خلاف دیے گئے لائحہ عمل کو سامنے رکھتے ہوئے یا ثارات الحسینؑ کا علم بلند کرنے کے اعلان کو عملی جامہ پہنانے کے پہلے مرحلے میں 23 نومبر کو راولپنڈی میں ریجنل تحفظ عزاداری احتجاجی کنونشن کے انعقاد کا اعلان کیا ہے جو دربار سخی شاہ پیاراؒ چوہڑ ہرپال کاظمی المشہدی کے مقام پر ہو گا۔
ہیڈکوارٹر مکتبِ تشیُع علیؑ مسجد سیٹلائیٹ ٹاؤن میں علمائے کرام، مذہبی و ماتمی تنظیموں، بانیانِ مجالس، لائسنس داران، ماتمی سالاروں اور عمائدین کے نمائندہ اجلاس میں پیش کی جانے والی تجاویز اور مشاورت کی روشنی میں احتجاجی عزاداری کنونشن کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سربراہِ تحریک آغا حسین مقدسی کے لائحہ عمل کی روشنی میں شیعانِ حیدرِ کرارؑ اپنے آئینی قانونی اور مذہبی حق کے لیے بھرپور آواز احتجاج بلند کریں گے۔ مخدوم فرزند کاظمی نے اجلاس کے مندوبین کی تجاویز کو سراہتے ہوئے عزاداران پر زور دیا کہ وہ قومی و ملی بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے کنونشن میں بھرپور شرکت کریں۔
تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے بطورِ مہمان خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے باور کرایا کہ چار دیواری اور گھروں میں ہونے والی مجالس اور قدیمی روایتی ماتمی جلوسوں میں رکاوٹیں پیدا کر کے پنجاب حکومت کی انتظامیہ نے ہمارے بنیادی حقوق اور مذہبی آزادیوں کو سلب کر کے آئینِ پاکستان سے انحراف کیا جو کسی صورت میں قبول نہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ کسی آمر اور ڈکٹیٹر کے سامنے کبھی نہیں جھکی اور نہ دین و وطن اور حقوق کے معاملے میں کوئی سودا بازی کی جسکا ثبوت ضیا آمریت کے دور میں عزاداری پہ ہونے والے حملے کو قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کی قیادت میں حسینیؑ محاذ راولپنڈی سے ہونے والا پُرامن ایجی ٹیشن تھا جس میں چودہ ہزار سے زائد سنی شیعہ مکاتبِ فکر کے پیروکاروں اور غیر مسلموں کی جانب سے دی گئی رضاکارانہ گرفتاریاں تھیں جسکے نتیجے میں موسوی جونیجو معاہدہ عمل میں آیا جو آج بھی ریکارڈ پر موجود میلادالنبیؐ اور عزاداری کے جلوسوں کی برآمدگی کی ضمانت ہے۔
صوبائی صدر ٹی این ایف جے پنجاب علامہ باقر علی نقوی نے شرکائے اجلاس کی بھرپور شرکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے راولپنڈی کے ریجنل احتجاجی کنونشن کو ٹی این ایف جے پنجاب کا نقطۂ آغاز قرار دیا اور بتایا کہ راولپنڈی کنونشن کے بعد صوبے میں مزید احتجاجی کنونشن بھی ہونگے اور یہ سلسلہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ وہ واحد عظیم رہبر ہیں جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہر قسم کی بیرونی امداد کو ٹھوکر مار کر قوم و ملک کی خدمت کرنے کو اپنا منشور قرار دیا۔ یہی وجہ ہے کہ ٹی این ایف جے آج بھی نا سیاسی نہ سرکاری، مشنِ موسویؒ کا عزاداری کے اصول پر ثابت قدمی کے ساتھ عمل پیرا ہے۔ اس موقع پر صوبائی صدر علامہ باقر نقوی نے ٹی این ایف جے راولپنڈی کی ریجنل کمیٹی کی سفارشات پر کنونشن کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیوں کا اعلان بھی کیا۔ اجلاس کے مندوبین نے تحفظ عزاداری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مخدوم سید فرزند علی شاہ کاظمی کو اپنے بھرپور عملی تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پاکیزہ مشنِ ولا و عزا کے لیے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس میں صوبائی ناظم الامور پنجاب علامہ مقصود رضا عابد، علامہ شبیہہ الحسن کاظمی ریجنل صدر راولپنڈی، شوکت عباس جعفری ریجنل سیکرٹری راولپنڈی، سردار عبادت حسین شاہ سرپرستِ اعلیٰ مختار فورس والنٹیئرز، چوہدری مشتاق حسین چیرمین نگران کونسل ل، ذوالفقار علی راجہ صدر ٹی این ایف جے فیڈرل کیپٹل، سید بو علی مہدی اسپیکر ٹی این ایف جے، ضلعی صدر جہلم شیخ اسرار حسین قریشی، جنرل سیکرٹری سید اخلاق حسین نقوی، ضلعی جنرل سیکرٹری چکوال علامہ نصیر حسین نقوی، سید اعجاز ثقلین کاظمی صدر تحصیل چکوال، سید قاصد حسین شاہ، سید مختار حیدر شاہ، سید عامر علی شاہ، سید مقسوم حسین شاہ اور سید عظمت حسین شاہ تحصیل کلر سیداں، باوا قاصد شاہ تحصیل شاہ پور ٹیکسلا سید فدا حسین شاہ تحصیل کوٹلی ستیاں، سید نصیر حسین سبزواری ضلع راولپنڈی، سید مصباح الحسن شاہ ایڈوکیٹ، صدر تحریکِ تحفظِ ولا و عزا و حرمتِ سادات فیڈرل کیپٹل اسلام آباد سید نزابت حسین شاہ تحصیل کہوٹہ زیارات گروپ 2020، علامہ کرار حسین کاظمی، علامہ علی شیبہ انصاری، باوا ناصر حسین شاہ نقوی، باوا سید یاسر نقوی آف ٹیکسلا، سید مہدی شاہ کاظمی سید کسراں کے علاوہ ضلع اٹک، تلہ گنگ، گوجر خان اور دیگر علاقوں کے مندوبین نے خطاب کیا اور تجاویز پیش کر کے ٹی این ایف جے کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
اجلاس کے آخر میں ایک قرارداد کے ذریعے فلسطین و کشمیر کے مظلومین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور ایوانِ صدر اسلام آباد میں آل پارٹیز یکجہتیِ فلسطین کانفرنس میں سربراہ ٹی این ایف جے آغا حسین مقدسی کی شرکت اور خطاب میں اصولی مؤقف پیش کرنے اور جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے دیرینہ مسئلے کو اجاگر کرنے پر سپاسِ تحسین پیش کیا گیا۔