دہشت گرد کچہریاں قومی سلامتی کیلئے چیلنج ہیں،امریکہ اپنا کام کالعدم دہشت گردوں کے سپرد کرکے جارہا ہے مقدس ہستیوں کی گستاخی سورج پر تھوکنے کے مترادف ہے، آغا حا مد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

دشمن کا سب سے بڑا ہتھیار تفرقہ؛امریکی انخلااور نفرت انگیزکاروائیوں میں تیزی کی کڑیاں ملتی ہیں،آغا حامد موسوی
گلگت میں دہشت گرد کچہریاں اور آزاد کشمیر الیکشن میں کالعدم جماعتوں پر حکومتی و اپوزیشن ’نوازشات‘ قومی سلامتی کیلئے چیلنج ہیں
امریکہ اپنا کام کالعدم دہشت گردوں کے سپرد کرکے جارہا ہے، حکومتیں غلط فہمی دور کریں کالعدم جماعتوں کی منت سماجت سے کبھی امن قائم نہیں ہوگا
کشمیر پر اوسلو طرز کی ثالثی سے محتاط رہا جائے، عالم اسلام کی سربلندی اوآئی سی سے مشروط ہے خلیجی ریاستوں کی ’ذیلی طفیلی‘ہونے کی چھاپ ختم کی جائے
ا مریکہ پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلا کرخانہ جنگیوں کاہر جانہ طلب کیا جائے،پاکستان روس چین ایران افغانستان اور ترکی یورپی یونین طرز کا اتحاد بنائیں
مقدس ہستیوں کی گستاخی سورج پر تھوکنے کے مترادف ہے، امام کاظم ؑو تقی ؑ کا مزارکروڑوں مسلمانوں کی زیارتگاہ،ہدایت کا سرچشمہ اور حاجات کی قبولیت کا وسیلہ ہے
شہادت امام تقی ؑکی مناسبت سے ایام تقوی کے اختتام پر ملک بھر میں مجالس عزا وجلوس تابوت؛ آئمہ اہلبیتؑ کی شان میں گستاخی کے خلاف ماتمی احتجاج

اسلام آباد( )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ دشمن کا سب سے بڑا ہتھیار تفرقہ ہے افغانستان سے امریکی انخلااور کالعدم جماعتوں کی نفرت انگیز کاروائیوں میں تیزی کی کڑیاں ملتی ہیں،گلگت بلتستان میں دہشت گردوں کی کچہریاں اور آزاد کشمیر الیکشن میں کالعدم جماعتوں پر حکومت و اپوزیشن کی ’نوازشات‘ قومی سلامتی کیلئے چیلنج ہیں، انسانی نسلوں کی تباہی کا سامان ’ہمہ آوردہ تست‘ کے مصداق امریکہ نے ہی کیا امریکہ اپنا کام کالعدم دہشت گردوں کے سپرد کرکے جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں غلط فہمی دور کریں کالعدم جماعتوں کی منت سماجت سے کبھی امن قائم نہیں ہوگا،اپنے خزانے بھرنے کیلئے ا مریکہ نے افغانستان عراق شام یمن لیبیا کو خانہ جنگی میں جھونکا امریکی قیادت پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلا کرہر جانہ طلب کیا جائے،دنیا کو امریکی استعمار سے بچانا ہے تو پاکستان روس چین ایران افغانستان اور ترکی یورپی یونین طرز کا اتحاد بنائیں۔

آقای موسوی نے مطالبہ کیا کہ حکومت کشمیر پر اوسلو طرز کی ثالثی سے محتاط رہے عالم اسلام کی سربلندی اوآئی سی کی مضبوطی سے مشروط ہے اوآئی سی پر لگی خلیجی ریاستوں کی ’ذیلی طفیلی‘ہونے کی چھاپ ختم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ خانوادہ رسالت ؐ کی مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی سورج پر تھوکنے کے مترادف ہے، امام موسی کاظم و امام محمد تقی ؑ کا مزار تحفظ ِاسلام کی شمع بن کر آج بھی کروڑوں مسلمانوں کی زیارتگاہ،ہدایت کا سرچشمہ اور حاجات کی قبولیت کا وسیلہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہادت امام محمد تقی علیہ السلام کی مناسبت سے مجلس باب المراد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالبؑ کا فرمان دہراتے ہوئے کہا کہ دوستی اسی سے رکھی جائے جو سچا اور ہمدرد ہو اسی طرح دشمن کا دشمن دوست بھی ہوتا ہے چین وہ واحد ملک ہے جو تمام معیارات پر پورا اترتا ہے امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کو استعمال کیا اور مشکل وقت میں ہمیشہ بھارت کو ترجیح دی، افغان جنگ کے نقصانات پاکستان نے اٹھائے اور ثمرات امریکہ نے بھارت کی جھولی میں ڈالنے کی کوشش کی آج افغانستان میں کی گئی بھارتی سرمایہ کاری بھی خطرے سے دوچار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بعد میں سراغ لگایا ہم نے پہلے روز ہی کہہ دیا تھا کہ لاہور دھماکہ میں بھارت ملوث ہے سوشل میڈیا پر نفرتوں کا بازار گرم کرنے سمیت پاکستان میں ہونے والی ہر شرارت کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ضرور شامل ہوتا ہے بھارت پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا دوسری جانب کلبھوشن کے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے باوجود اسے یہاں سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ جس ذات نے مسلمانوں کو نعمات سے نوازا وہ ذات شیطانی قوتوں سے بچا بھی سکتی ہے لہذا مسلمان ممالک امریکہ اور اس کے پٹھوؤں کی سازشوں کا شکار ہونے کے بجائے متحد ہو جائیں کسی ایک مسلم ملک پر حملہ پورے عالم اسلام پر حملہ تصور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 80کے قریب جماعتوں کو موجودہ و سابقہ حکومتوں نے خود کالعدم قرار دیا لیکن حکومتیں محض کھالیں جمع کرنے کی پابندی لگا کر انہیں عوام کی کھالیں اتارنے کیلئے کھلا چھوڑ دیتی ہیں، آج بھی کالعدم جماعتیں ہمیشہ کی طرح پریشر گروپ بن کراپوزیشن و حکومت کی دوستیوں سے لطف اندوز ہورہی ہیں حکومتیں صرف شریف آدمی پر ہاتھ ڈالتی ہے جنہیں شیڈول فور میں ڈال کراور شناختی کارڈ ضبط کرکے انہیں نان شبینہ سے بھی محروم کر دیا جاتا ہے ملک دشمنوں کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے خدارا نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ تمام آئمہ اہلبیت ؑ کی پیشانیوں پر شہادت کا نشان عظمت آفتاب و مہتاب کی طرح جگمگا رہا ہے نویں امام محمد تقی علیہ السلام نے دین و شریعت کو اہل اقتدار و اغیار کے حملوں سے بچاتے ہوئے صرف 25سال کی عمر میں جام شہادت نوش کیا شیعہ سنی مورخین متفق ہیں کہ امام محمد تقی علم و دانش اور کمال عقل و ادراک میں اپنے زمانے کے تمام انسانوں سے افضل تھے علم تقوی زہد سخاوت میں ممتاز و منفرد اور آباء کی مثل تھے،الہی احکام اور دین مصطفوی ؐ کیلئے امام محمد تقی علیہ السلام کی فداکاری و جانثاری ہر عہدکے حریت پسندوں کیلئے مشعل راہ رہے گی۔

درایں اثنا ٹی این ایف جے کی کال پر شہادت امام تقی علیہ السلام کی مناسبت سے ملک گیر ایام تقوی کے اختتام پر ملک بھر میں مجالس عزا منعقد کی گئیں اور جلوس تابوت برآمد ہوئے اس موقع پر تمام شہروں میں آئمہ اہلبیت کی شان میں گستاخی کے خلاف ماتمی احتجاج بھی کئے گئے جن میں گستاخان رسول و اہلبیت ؑ کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.