
مختارسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی یوم پاکستان ریلی
یوم پاکستان کے موقع پر مختارسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی سیدپورروڈ پر شان پاکستان ریلی
23 مارچ نظریہ پاکستان کی یادگار ہے۔تنظیم کے مرکزی نائب صدر جروان محمدکاظمی کا شرکاء ریلی سے خطاب
راولپنڈی(ولایت نیوز )یوم پاکستان کے موقع پرمختارسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع راولپنڈی کی جانب سے سیدپورروڈ راولپنڈی پر پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی۔
ریلی کا آغاز مرکزی دفتر سے ہواجس کی قیادت علامہ تصور حسین نقوی، ڈاکٹرعلامہ غضنفرعباس ملک، علامہ سیدزاہدعباس کاظمی، علامہ سیدعلی رضاالقمی، علامہ شہزادحسین سندی، سیدبوعلی مہدی، تنظیم مرکزی نائب صدر سیدجروان محمد کاظمی، چوہدری مشتاق حسین اور دیگررہنماؤں نے کیا۔
اس موقع پر سیدجروان محمدکاظمی نے کہا کہ 23 مارچ نظریہ پاکستان کی یادگار ہے جس کی بنیاد پر آج بھی دنیا بھر کی شیطانی قوتیں پاکستان سے دشمنی رکھتی ہیں پر امن اور مضبوط و مستحکم پاکستان عالم اسلام کی سربلندی کی کلید ہے۔
انہوں نے کہاکہ وطن عزیز پاکستان بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی بصیرت اور سنی شیعہ مکاتب فکر کی مشترکہ محنت اور متحدہ قربانیوں سے وجود میں آیا تھا جس کی بقاء و استحکام کیلئے عملی جدوجہد کرنا تمام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان چونکہ اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا لہذا اسلام کو سربلند رکھنے میں پاکستان کی سربلندی کا راز مضمر ہے
۔انہوں نے یہ بات زوردیکر کہی کہ جن مقاصد و اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیا تھا،ان کی تکمیل کیلئے قائد اعظم ؒ کے فرامین اتحاد،تنظیم اور یقین محکم کو عملی شعار بنانا ضروری ہے۔ ریلی سے مختلف رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
شرکائے ریلی پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد،قائد اعظم زندہ باد،سنی شیعہ بھائی بھائی،جب تک سورج چاند رہیگا موسوی تیرا نام رہیگا اور دیگر نعرے بلند کرتے ہوئے پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
