اسلام آباد 9محرم کا مرکزی جلوس علم و ذوالجناح ،لاکھوں عزاداروں کی شرکت؛ سیدہ زینب بنت علی ؑ کے مزارپر بم دھماکے عالم اسلام کی غیرت پرحملے ہیں ، علامہ بشارت امامی

ولایت نیوز شیئر کریں

اسلام آباد 9محرم کا مرکزی جلوس علم و ذوالجناح مرکزی امامبارگاہ اثناء عشری جی سکس ٹو سے نکالا گیا، لاکھوں عزاداروں کی شرکت
نواسی رسولؐ کے مزارپر بم دھماکے عالم اسلام کی غیرت پرحملے ہیں امت مسلمہ دہشت گردی کی نابودی کیلئے ایک ہو جائے،بشارت امامی
ذکر حسین ؑ اسلام و پاکستان کے دفاع کے جذبے کا سرچشمہ ہے اسے روکا نہیں پھیلایا جائے، گذشتہ حکومت کے غیر آئینی اقدامات کا تدارک کیا جائے
چاردیواری کے اندر مجالس روکنا انسانی حقوق کی پامالی ہے،راجہ ذوالفقار نے کی اسیری پر پوری قوم کو فخر ہے آئینی و قانونی حق کیلئے پرامن جدوجہد جاری رہے گی
ایام عزا کے دوران علامہ حسین مقدسی کے جاری کردہ ضابطہ عزاداری پر بھر پور عمل درآمد کریں گے، امن کے دشمنوں کو شیعہ سنی یکجہتی سے ناکام بنادیا جائے گا
امام حسین ؑنے اپنی قربانی سے اسلام کے گرد ایسا مضبوط حفاظتی حصار قائم کیاکہ قیامت تک کوئی اسلامی احکامات میں تبدیلی و تحریف میں کامیاب نہیں ہو سکے گا
مختار سٹوڈنٹس کا عزاداری کیمپ کا انعقاد،ون ٹو ون چوک پر مجلس عزا،ماتمی تنظیموں کا پرسہ،لال کوارٹر میں زنجیر زنی،جلوس میں علم،ذوالجناح اور دیگر تبرکات شامل

اسلام آباد( ولایت نیوز) 9محرم الحرام کو اسلام آباد کا مرکزی جلوس علم و ذوالجناح مرکزی امامبارگاہ اثناء عشری جی سکس ٹو سے نکالا گیاجس میں لاکھوں عزاداروں نے شرکت کی۔

جلوس کے آغاز پر جی سکس ٹو چوک اور مختار فورس و مختارسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے عزاداری کیمپ پر عزاداروں اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ نواسی رسول ؐ شریکۃ الحسین ؑ سیدہ زینب بنت علی ؑ کے مزار اقدس پر بم دھماکے عالم اسلام کی غیرت پرحملے ہیں امت مسلمہ دہشت گردی کو نابود کرنے کیلئے ایک ہو جائے،ذکر حسین ؑ اسلام و پاکستان کے دفاع کے جذبے کا سرچشمہ ہے اسے روکا نہیں پھیلایا جائے، چاردیواری کے اندر مجالس کو روکنا انسانی حقوق کی پامالی ہے وزیر اعظم شہباز شریف گذشتہ حکومت کے غیر آئینی اقدامات کا تدارک کریں عزاداروں پر قائم ایف آئی آرز کا خاتمہ کیا جائے، راجہ ذوالفقار نے کی اسیری پر پوری قوم کو فخر ہے عزاداری سید الشہداء کے آئینی و قانونی حق کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں 34سال سے عائد پابندی ختم کروائے، پاکستان کے نظریے کو کبھی قتل نہیں ہونے دیں گے ایام عزا کے دوران علامہ حسین مقدسی کے جاری کردہ ضابطہ عزاداری پر بھر پور عمل درآمد کریں گے، امن کے دشمنوں کو شیعہ سنی یکجہتی سے ناکام بنادیا جائے گا۔

علامہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ کربلا نے ثابت کردیا کہ ظلم کا کوئی حربہ حق کی آواز کو نہیں دبا سکتا ہر دور کے حریت پسند کربلا سے توانائی پاتے ہیں اور پاتے رہیں گے۔ علامہ بشارت امامی نے کہا کہ بارہا ارباب اقتدار کو متوجہ کرچکے ہیں کہ بعض نادیدہ قوتیں پاکستان میں عزاداری پر ناجائز پابندیاں لگوا کر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں، محرم میں شیعہ سنی افراد مل کر غم حسین مناتے ہیں محرم میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنے کے بجائے شیعہ سنی عزاداروں کو سہولیات فراہم کی جائیں، محرم الحرام میں مثالی شیعہ سنی یکجہتی پاکستان اور اسلام دشمنوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ٹی این ایف جے کے سیکرٹری جنرل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یوم عاشور پر حساس علاقوں کو فوج کے حوالے کیا جائے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ علامہ بشارت نے مزید کہا کہ یزید خلافت پر قابض ہو کر اسلامی شعائر کا مذاق اڑا رہا تھا، رسالت کی توہین کررہا تھا، آغوش رسالت کے پالے امام عالی مقام اپنے نانا محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سمیت ایک لاکھ چوبیس ہزار نبیوں کی محنت کو پامال ہوتا نہیں دیکھ سکتے تھے اسی لئے اپنا پورا کنبہ اور جا نثاروں کو ساتھ لئے میدان شہادت کربلا آگئے اور اپنے پیاروں و جانثاروں کی قربانی سے اسلام کے گرد ایسا مضبوط حفاظتی حصار قائم کردیا کہ قیامت تک کوئی اسلامی احکامات میں تبدیلی و تحریف میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔علامہ بشارت امامی نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ آغاسید حامدعلی شاہ موسوی کی تاسی میں سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ حسین مقدسی کا محرم الحرام کے حوالے سے جاری کردہ ضابطہ عزاداری امن کی ضمانت ہے اور انتظامیہ بھی ضابطہ عزاداری پر مکمل عملدرآمد کرے تاکہ ہر کوئی بہترین انداز میں شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرسکے۔

ون ٹو چوک میں مختار سٹودنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے وسیع و عریض عزاداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا جہاں جلوس کے شرکا ء کی لنگر کے ساتھ تواضع کی گئی۔اس موقع پر لال کوارٹر میں زنجیر زنی اور ون ٹو ون چوک پر مجلس بپا کی گئی۔زنجیر زنوں کی سہولت کیلئے ابراہیم اسکاؤٹس کی جانب سے فرسٹ ایڈ میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا تھا۔جلوس میں علم غازی عباس علمدار ؑ،ذوالجناح و دیگر تبرکات شامل تھے۔راستے میں جگہ جگہ سبیل و لنگر کے کیمپ لگائے گئے تھے۔

جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ لال کوارٹر میں اختتام پذیر ہوا۔اس موقع پر سیکورٹی فورسز نے سخت حفاظتی انتظامات کررکھے تھے۔مختار ایس اور مختار فورس والینٹرز،ابراہیم اسکاوٹس،ام البنین ڈبلیو ایف سمیت دیگر تنظیموں نے بھی سیکیورٹی چیکنگ میں معاونت کے فرائض
سرانجام دیئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.