کربلا والے امام رضاؑ اور کریمہ اہلبیتؑ کو شہادت امام تقی علیہ السلام کا پرسہ دینے ماتمی جلوس لئے قم و مشہد آگئے
قم المقدسہ (ولایت مانیٹرنگ ڈیسک ) کریمہ اہلبیت معصومہ قم بنت امام موسی کاظم علیہ السلام کے مزار اقدس پر اہلیان کربلا کی جانب سے شہادت امام تقی علیہ السلام کے موقع پر ماتمی جلوس نکالا گیا۔ اور مسموم امام کا پرسہ ان کی پھوپھی محترمہ کی بارگاہ میں پیش کیا گیا۔
خانوادہ اہلبیتؑ اور ان کے جانثار اصحاب کے ایام ہائے شہادت پر ملک کے دیگر شہروں اور بیرون ملک جا کر عزادری میں شرکت کرنا اہل کربلا کے ماتمی مواکب کی روایت رہی ہے اسی سلسلہ میں کربلائی مواکب نے قم مقدس میں جلوس عزاء برآمد کیا اور حضرت فاطمہ بنت امام موسی کاظم(ع) {معصومہ قم} کی بارگاہ میں حاضری دی اور انھیں ان کے بھتیجے امام محمد تقی علیہ السلام کی شہادت کا پرسہ پیش کیا۔

روضہ مبارک امام حسینؑ اور روضہ مبارک حضرت عباسؑ کے شعائر و حسینی مواکب کے سیکشن نے ماتمی جلوس کے انعقاد میں خصوصٰ تعاون کیاتھا اور اس مقدس سفر کیلئے مواکب کو ایران عراق باڈر تک بسیں فراہم کیں اور ایران کے اندر سفر اور دیگر امور کے لیے رابطہ کاری کے فرائض انجام دیئے۔
اس کے بعد کربلائی مواکب نے امام رضا(ع) کو ان کے بیٹے کی شہادت کا پرسہ پیش کرنے کے لیے مشہد مقدس میں بھی جلوس عزاء نکالا جس کا اختتام روضہ مبارک امام رضا(ع) میں ہوا۔

