اقتدار امام علی رضاؑ کی چوکھٹ چومتا رہا کبھی زہر کے جام پلاتا رہا، کوئی حربہ فرزند رسول ؐ کو راہ حق سے نہ ہٹا سکا،آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

پاکستان بدلنے کیلئے خارجہ پالیسی کو امریکی بندھنوں سے آزاد کرنا ہوگا۔آغا حامد موسوی
مسلم ممالک مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر اگر بھارت و اسرائیل کے خلاف ایکا کرلیں تو کشمیروفلسطین کی آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی
دنیاوی اقتدار امام علی رضاؑ کی چوکھٹ چومتا رہا کبھی زہر کے جام پلاتا رہا، کوئی حربہ فرزند رسول ؐ کو راہ حق سے نہ ہٹا سکا،اسوہ امام ضامن ؑ بہترین نمونہ عمل ہے
لاہور دھماکہ پاکستان دشمن قوتوں کی کاروائی ہے،دہشتگرد کالعدم گروپوں کے گندے انڈے ہیں، حکومت اعلیٰ سطحی انکوائری کرواکر مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائے
عقائد سے متصادم نیا یکساں نصاب تعلیم ہر گز قبول نہیں،مسلمہ مکاتب پر مخصوص عقیدہ مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی،قائد ملت جعفریہ کا ایام ضامن کی اختتامی تقریب سے خطاب

اسلام آباد(ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ پاکستان بدلنے کیلئے خارجہ پالیسی کو امریکی بندھنوں سے آزاد کرنا ہوگا،مسلم ممالک مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر اگر بھارت و اسرائیل کے خلاف ایکا کرلیں تو کشمیروفلسطین کی آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی،دنیاوی اقتدار حضرت امام علی رضاعلیہ السلام کی چوکھٹ چومتا رہا کبھی زہر کے جام پلاتا رہامگر کوئی حربہ فرزند رسول ؐ کو راہ حق سے نہ ہٹا سکا،اسوہ امام ضامن ؑدنیا بھر کے پریشان حال انسانوں کیلئے وسیلہ نجات اور بہترین نمونہ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوہر ٹاؤن لاہور میں دھماکہ پاکستان دشمن قوتوں کی کاروائی ہے،دہشتگرد کالعدم گروپوں کے گندے انڈے ہیں، حکومت اعلیٰ سطحی انکوائری کرواکر مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائے،متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کی تلافی کرے اورسیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے،عقائد سے متصادم نیا یکساں نصاب تعلیم ہر گز قبول نہیں،مسلمہ مکاتب پر مخصوص عقیدہ مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،ملک کو آمریت کی دلدل میں دوبارہ دھکیلنے کی سازش سنی شیعہ اتحاد سے ناکام بنا دی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو عالمی ایام ضامن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں محافل میلاد اور دیگر تہنیتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

آقای موسوی نے اپنے خطاب میں باورکرایا کہ درِ امام رضا ؑ سے دُوری در حقیقت خدا کے در سے دُوری ہے جو در دکی دوا سے دُوری کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام رضا علیہ السلام نے انسانی سیرت و کردار کو منشائے الہیٰ اور رضائے خدا و ندی کے مطابق ڈھالنے کیلئے علم و حکمت اور تدبر کے ساتھ فلاح دارین کا وہ عملی طریقہ دنیا کو متعارف کرایا جس پر عمل کر کے انسان آج بھی اپنے مقصد ِتخلیق کو نہ صرف پورا کر سکتا ہے بلکہ گرد و پیش کے مسائل و مصائب سے پوری انسانیت کو نجات دلائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلطانِ عرب و عجم حضرت امام علی رضا ؑ ختم المرسلین ؐکے آٹھویں جانشین ہیں جنہوں نے اعلائے کلمۃ الحق کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کیں اور جبر و استبداد،ظلم و بربریت کا جرات و دلیری کے ساتھ سامنا کر کے صعوبتیں اور اذیتیں برداشت کیں مگر اپنے اعلیٰ ترین اہداف سے سر موانحراف نہیں کیا اور کلمہ توحید کو نہ صرف نظام الہیٰ کی اصل و اساس قرار دیا بلکہ پوری دنیا کو یقین دلا دیا کہ کلمہ توحید پوری انسانیت کی خوش بختی،بھلائی اور فلاح کی ضمانت ہے۔

قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے بارگاہ رسالت میں ولادت پرنور حضرت امام علی رضا ؑ کی تبریک پیش کرتے ہوئے اس عہد کا اظہار کیا کہ عالم اسلام کی سربلندی،وطن عزیز کی سلامتی و استحکام اور سنی شیعہ بھائی چارے کے عملی فروغ کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے اور اسلام و پاکستان کیخلاف سازش ناکام بنا دی جائیگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.