سانحہ نوشکی ، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا اتوار کو یومِ ترحیم منانے کا اعلان
ملک میں کوئی صوبائی یا مکتبی لڑائی نہیں ، دہشت گردی میں ازلی دشمن ملوث ہے، آغا حسین مقدسی
دہشت گردی کے خاتمے کے لیے موسوی امن فارمولے اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے
سفاک دہشت گرد ملکی امن و امان ، ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں
دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے عوام عساکر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سربراہ ٹی این ایف جے کا ردعمل
راولپنڈی (ولایت نیوز) سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے نوشکی میں مزدوروں اور مسافروں کے سفاکانہ قتل کے سانحے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اتوار 14 اپریل کو ملک بھر میں یوم ترحیم منانے کا اعلان کیا ہے ۔
ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے اہل وطن سے اپیل کی کہ یوم ترحیم کے موقع پر شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں ، دہشت گردی کی مذمت اور افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔
آغا مقدسی نے باور کرایا کہ سانحہ نوشکی سمیت ملک میں ہونے والی دہشت گردی میں ازلی دشمن بھارت ملوث ہے ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے موسوی امن فارمولے اور نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ دہشت گرد ملکی امن ، ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں لہذا قیامِ امن کے لیے عوام اور سیکورٹی اداروں کو ایک ہونا ہوگا ۔ انہوں نے باور کرایا کہ سی پیک نے پاکستان دشمن قوتوں کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں لہذا پوری قوم کو وسیع تر قومی مفاد کے لیے سیسا پلائی ہوئی دیوار بننا ہوگا ۔ انہوں نے سانحہ کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بے گناہ مزدوروں اور مسافروں کے خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور حساس مقامات اور شاہراہوں پر سیکورٹی انتظامات کو موثر اور یقینی بنایا جائے ۔
