حساس معاملات کو کوچہ وبازار میں نہ لایا جائے ، توہین رسالتؐ کے تدارک کیلئے جرات مختار کو شعا ر بناناہوگا، آغا حامد موسوی ؛ ملک بھر میں جشن مختار آل محمدؐ کی محافل

ولایت نیوز شیئر کریں

فوج اور حکومت کا ایک صفحے پر نہ ہونے کا تاثر صرف دشمن کو خوش کرسکتاہے حکمران دانشمندی کا ثبوت دیں، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
پاک فوج نے عالمی امن اور پاکستان کے تحفظ کیلئے بیش بہا قربانیاں دیں، حساس معاملات کو کوچہ وبازار میں لانے والے دشمن قوتوں کو تقویت بخش رہے ہیں
امارات اسلامی کہلانے والی حکومت کے دور میں افغان مساجد میں متواتر قتل عام سوالیہ نشان ہے؟ افغان حکمران پڑوسیوں سے اچھے تعلقات رکھیں
جب سے طالبان نے افغانستان میں باگ دوڑ سنبھالی ہے مکتب تشیع کو ٹارگٹ بنایا جارہا ہے طالبان افغانستان کے تمام باسیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں
مختاربدترین شاتمان رسالت ؐ کو انجام تک پہنچا نے والے عظیم کردار کا نام ہے توہین رسالتؐ کے تدارک کیلئے مسلم حکمرانوں کو جرات مختار کو شعا ر بناناہوگا
دنیا میں ظلم وجبربڑھتا چلا جارہا ہے منافقت کا راج مظلوموں کے کرب میں مزید اضافہ کررہا ہے ہر مظلوم و مستضعف امام مہدی ؑکے ظہور کیلئے فریاد کناں ہے
شیعہ سنی برادران میلاد النبیؐ کے موقع پر وحدت و اخوت کا مظاہرہ کرکے تفرقہ بازوں کی سازش ناکام بنادیں گے، تقریب سے خطاب؛ملک بھر میں جشن مختار آل محمدؐکی محافل کا انعقاد

اسلام آباد( ولایت نیوز)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت کا ایک صفحے پر نہ ہونے کا تاثر صرف دشمن کو خوش کرسکتاہے حکمران دانشمندی کا ثبوت دیں، افواج پاکستان نے عالمی امن اور پاکستان کے تحفظ کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں پاک فوج کے لاتعداد سپوت دہشت گردی کانشانہ بنے،فوج کے حساس معاملات کو کوچہ وبازار میں لانے والے دشمن قوتوں کو تقویت بخش رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکمران پڑوسیوں سے اچھے تعلقات رکھیں، امارات اسلامی کہلانے والی حکومت کے دور میں افغان مساجد میں نمازیوں کا متواتر قتل عام سوالیہ نشان ہے؟جب سے طالبان نے افغانستان میں باگ دوڑ سنبھالی ہے مکتب تشیع کو ٹارگٹ بنایا جارہا ہے اسلام کی بنیاد عدل و انصاف ہے لہذا طالبان حکمران افغانستان کے تمام باسیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں،پاکستان افغانستان کے حالات کے سبب دشمن کا نشانہ رہا ہے اور آج بھی نشانہ ہے لہذا افغان حکمران فیصلوں میں پاکستان کی قربانیوں کو فراموش نہ کریں۔

آغا موسوی نے کہا کہ مختاربدترینشاتمان رسالت ؐ کو انجام تک پہنچا نے والے عظیم کردار کا نام ہے توہین رسالتؐ کے تدارک کیلئے مسلم حکمرانوں کو جرات مختار کو شعا ر بناناہوگا،شیعہ سنی برادران میلاد النبی کے موقع پر وحدت و اخوت کا مظاہرہ کرکے تفرقہ بازوں کی سازش ناکام بنادیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدزہراؑ و تاجپوشی امام زمانہ ؑ کی مناسبت سے جشن مختار آل محمد ؐ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ افواج پاکستان ایک طاقت ہیں جن کا لوہا ساری دنیا مانتی ہے دشمن اس طاقت میں بگاڑ چاہتا ہے حکمران سیاستدان اپنے قول و فعل پرضرور سوچ بچارکریں سب سے پہلے ملک میں بسنے والوں کا تحفظ اور آئین کے مطابق عزت و احترام میں اضافہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان گذشتہ چار دہائیوں سے دہشت گردی کا نشانہ بناہوا ہے، ایسے وقت میں جب اس خطے میں تبدیلیاں آرہی ہیں پاکستان ان گنت اندرونی بیرونی دشمنوں میں گھرا ہے ہر محب وطن کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ متفق علیہ حدیث ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امت مسلمہ کو یہ نوید سنائی کہ میں تمہیں مہدی کی بشارت دیتا ہوں کہ وہ اس وقت میری امت میں آئیں گے جب وہ امت کے افراد آپس میں اختلاف کررہے ہوں گے اور لڑکھڑا رہے ہوں گے تو امام مہدی زمین کو اسی طرح انصاف و عدالت سے پر کریں گے جیسے کہ وہ ظلم و ستم سے پر ہوچکی ہوگی اس سے آسمان و زمین والے راضی ہوں گے وہ مال کو صحیح تقسیم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے روز کے ساتھ دنیا میں ظلم وجبر کا اضافہ ہورہا ہے مظلوموں غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں دنیا میں منافقت کا راج مظلوموں کے دکھوں اور کرب میں مزید اضافہ کررہا ہے اور ہر مظلوم و مستضعف اس مسیحا امام مہدی ؑ کیلئے فریاد کناں ہے جن کی بشارت نبی کریم ؐ ہی نہیں اس سے پہلے بھی ہر نبی نے دی تھی۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے بعد سے اہلبیت رسول صلی اللہْ علیہ و آلہ وسلم میں نہ کسی نے سرمہ لگایا تھا اور نہ ہی بالوں میں تیل ڈالا تھایہ مختار کا ہی کارنامہ ہے کہ جنہوں نے اس انداز میں شاتمان رسالت ؐ کو انجام تک پہنچایااور سانحہ کربلا کے بعد خانوادہ رسول ؐ کے چہروں پر مسکراہٹ کا سامان کیاکہ فرزند رسول امام زین العابدین ؑ پکار اٹھے کہ اللہ مختار کو جزائے خیر دے اور یہ بتادیا کہ جو بھی اہلبیت رسول ؐ کے دلوں میں خوشیاں بکھیرے گا دنیا و آخرت میں کامیاب و کامران رہے گا۔

درایں اثناہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں آمدہ اطلاعات کے مطابق یوم مختار آل محمد ؐ کے موقع پر پاکستان بھر میں عید شجاع کی تقاریب ہوئیں محافل میلاد کا انعقاد کیا گیا جن میں دین وطن کیلئے ہر قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.