عزاداری پر پنجاب حکومت کی ایف آئی آرز قابل مذمت، زائرین حسینیؑ کیلئے حج کی طرح انتظامات کئے جائیں، علامہ حسین مقدسی؛ اربعین حسینی پر شہر شہر قصبہ قصبہ ماتمی جلوسوں و مجالس عزا کا انعقاد
چہلم شہدائے کربلا اربعین حسینی: شہر شہر قصبہ قصبہ ماتمی جلوسوں و مجالس عزا کا انعقاد، عزاداروں کا ماتم زنجیر و قمہ زنی
امام حسین ؑ ہدایت کا چراغ اور نجات کی کشتی ہیں،حکومت زائرین حسینیؑ کیلئے حج کی طرز پر انتظامات کرے، علامہ حسین مقدسی
پنجاب حکومت کی جانب سے عزاداری پر پابندیاں اور ناجائز ایف آئی آرز قابل مذمت ہیں، عزاداری آئینی حق ہے کوئی قدغن قبول نہیں کریں گے
سیلاب زدگان کو امداد کی ترسیل میں امانت و دیانت کا مظاہرہ کیا جائے، ایام عزائے حسینی کے دوران سیاسی رسہ کشی اسلامی شعائر کے ساتھ مذاق ہے
قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی کے ضابطہ عزاداری پر کاربند رہیں گے، کالعدم جماعتوں کی سرکوبی کیلئے حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرے
تمام مکاتب فکر کا اتحاد لائق تحسین ہے، کمیٹی چوک میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی رہنما کی علماء اور عمائدین کے ہمراہ میڈیا و عزاداروں سے خطاب
راولپنڈی اسلام آباد کے مرکزی جلوس چہلم کی قیادت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں نے کی؛فوراہ چوک میں علامہ قمر زیدی، چوہدری مشتاق حسین کا خطاب
چہلم کے جلوسوں میں شیعہ سنی یکجہتی کا بے نظیر مظاہرہ، مختلف مقامات پر زبر دست زنجیر زنی، ابراہیم سکاؤٹس مختارفورس والنٹیرز کی خدمات ایم او مختار سٹوڈنٹس نے عزاداری کیمپ لگائے
اسلام آباد/راولپنڈی ( ولایت نیوز)دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پورے پاکستان میں ہفتہ 20صفر کو اسلام کی بقا اور حرمت انسانیت کیلئے لازوال قربانی دینے والے نواسہ رسول الثقلینؐ حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُنکے72جانثاروں کا چہلم (اربعین حسینی) مذہبی و قومی جذبے اورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ملک کے تمام شہروں قصبوں دیہات میں میں ماتمی جلوسوں کا انعقاد کیا گیا اور مجالس اربعین منعقد کی گئیں جن میں بلاتفریق مذہب مسلک عاشقان حسینیت نے شرکت کرکے نواسہ رسول ؐ امام حسین ؑ کی لہورنگ قربانی کو خراج تحسین پیش کیا شیعہ سنی یکجہتی کا بے نظیر مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔


جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مرکزی جلوس چہلم امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ، امام بارگاہ حفاظت علی شاہ،ا مام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے حسب روایت بر آمد ہوئے جن میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی جلوس کی قیادت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی عہدیداران نے کی۔
جلوس چہلم کے دوران میڈیا کے نمائندوں اور عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نفاذفقہ جعفریہ کے مرکزی رہنما علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ فرمان رسالت ؐ کی رو سے امام حسین ؑ ہدایت کا چراغ اور نجات کی کشتی ہیں عالم اسلام اپنے مسائل و مصائب سے نجات کیلئے دامن حسینیت سے وابستگی اختیار کرے امام حسین ؑ پر گریہ نبی کریم ؐ کی سنت ہے، حکومت زائرین حسینی کیلئے بھی حج کی طرح انتظامات کرے پاکستانی زائرین کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتاحکومت ذمہ داریاں پوری کرے،آٹھ ربیع الاول تک قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی کے ضابطہ عزاداری پر کاربند رہیں گے، پنجاب حکومت کی جانب سے عزاداری پر پابندیاں اور ناجائز ایف آئی آرز قابل مذمت ہیں کالعدم جماعتیں آزاد ہیں عزاداروں پر ایف آئی آرز درج کی جارہی ہیں عزاداری ہمارا آئینی حق ہے جس پر کوئی قدغن قبول نہیں کریں گے کالعدم جماعتوں کی سرکوبی کیلئے حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرے۔

علامہ حسین مقدسی نے عزاداری کے جلوسوں پر کالعدم جماعتوں کے حملوں کی بھی مذإت کی اور شر پسندوں کو آہنی شکنجے میں جکڑنے کا مطالبہ کیا۔
علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ زائرین کیلئے ویزہ، سیکیورٹی، امیگریشن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، بلوچستان میں پھنسے زائرین کو فوری عراق پہنچانے کے انتظامات کئے جائیں،سیلاب زدگان کو امداد کی ترسیل میں امانت و دیانت کا مظاہرہ کیا جائے، ایام عزائے حسینی کے دوران سیاسی رسہ کشی کا جاری رہنا اسلامی شعائر کے ساتھ مذاق ہے۔علامہ حسین مقدسی نے اربعین کے جلوسوں میں ڈیوٹیاں سرانجام دینے والی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ اربعین حسینی کے موقع پر تمام مکاتب فکر کا اتحاد لائق تحسین ہے۔میڈیا ٹاک کے دوران علامہ محسن علی ہمدانی، علامہ زاہد عباس کاظمی، آغا سید محمد مرتضی موسوی، آغا سید علی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ، علامہ شبیہہ الحسن کاظمی، شوکت عباس جعفری اور دیگر عمائدین بھی موجود تھے ۔

جلوس نے فوارہ چوک میں پہنچ کر مجلس کی شکل اختیار کرلی جہاں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے سیکرٹری اطلا عات علامہ قمر زیدی نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء امام حسین ؑ سیدہ زینب و سید سجاد کی سنت ہے جس کی روشنی سے آمریت و ملکویت کے اندھیرے خوفزدہ ہیں حسینیت کا پرچم کشمیرو فلسطین کے مظلوموں کے حوصلے اور ولولے کو تقویت بخش رہا ہے بھارتی دہشت گردی کے سامنے سینہ سپر کشمیری حریت پسندوں کا جذبہ کربلا کا مرہون منت ہے امام حسین کی قربانی ہر مذہب ملک قوم مسلک فرقے کی مشترکہ میراث یبیاری کی منزل پانے والا ہر انسان امام حسین ؑ سے وابستگی کا اعلان کررہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ 8ربیع الاول تک عزاداری کے جلوس جاری رہیں گے جنہیں موسوی جونیجو معاہدے کے تحت تحفظ فراہم کیا جائے، میلا دمصطفی ؐوحدت و اخوت کے جذبے کے تحت منائیں گے۔

علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے امام عالی مقام کی انمول قربانی پرروشنی ڈالی اورشام سے رہائی کے بعدخاندان رسالت کی خواتین کی کربلا و مدینہ واپسی کے مصائب بیان کئے جسکے بعد فوارہ چوک میں زنجیرزنی اور ماتم داری کی گئی اس مو قع پر معروف سکالر چوہدری مشتاق حسین، قاضی وفاعباس، شان علی شوکت، اعتزازحیدرنقوی نے بھی خطاب کیا۔

امام بارگاہ شہیدان کربلاٹائر بازار اورمحلہ دربار سخی شاہ چن چراغ سے سے برآمد ہونے والے ذوالجناح کے جلوس بھی مرکزی جلوس چہلم میں شامل ہوگئے۔مرکزی جلوس قدیمی امامبارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔علمائے کرام اورتحریک کے سینئرعہدیداران اختتام تک جلوس میں شریک رہے۔مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن،مختار جنریشن کی جانب سے فوارہ چوک میں مرکزی عزاداری کیمپ لگا یا گیا تھا ابراہیم سکاؤٹس کے چاق وچوبنددستے نے تمام راستے جلوس کی قیادت کی جبکہ حبیب بینک چوک میں میڈیکل کیمپ لگایا گیاجہاں ماتمیوں کیلئے ابتدائی طبی امداد کا بندوبست کیا گیا تھا،عزاداروں کی سہولت کیلئے جامع مسجد روڈ پر مختار آرگنائزیشن نے عزاداری کیمپ لگایا۔

علمائے کرام، مختار فورس کے جوان،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جعفریہ ایکشن کمیٹی اور محرم کمیٹی عزاداری سیل کے رہنما اورمقامی انتظامیہ کے افسران پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ تمام راستے جلوس کے ساتھ تھے۔درایں اثنا ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں آمدہ اطلاعات کے مطابق کراچی لاہور پشاور کوئٹہ ملتان فیصل آبادگوجرانوالہ گجرات ڈیرہ غازی خان سکھر خیر پور حیدر آباد ڈیرہ اسماعیل خان جھنگ سرگودھا لیہ خوشاب چکوال جہلم گجرات ڈیرہ مراد جمالی جیکب آباد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں سے اربعین حسینی چہلم شہدائے کربلا کے ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔