پشاور سے پاراچنار تک انہدام جنت البقیع کے خلاف احتجاجی ماتمی مظاہرے؛ انتظامیہ رکاوٹیں ہٹانے پر مجبور
پشاور (ولایت نیوز ) قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان آغا سید حامد علی شاہ الموسوی کے اعلان کے مطابق 8 شوال یوم ِ انہدام ِ جنت البقیع صوبہ خیبر پختونخوا میں بھر پور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں پشاور ، کوہاٹ ، ایبٹ آباد ، مردان ، پاراچنار ، اورکزئی ، شیر کوٹ ، ہری پور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں احتجاجی ماتمی جلوس، مجالس عزا اور مظاہرے کئے گئے۔ اس سلسلے میں سب سے بڑا احتجاجی ماتمی جلوس پشاور کی امام بارگاہ ماسٹر غلام حیدر محلہ رسی وٹاں پشاور سے نکالا گیا.
جلوس کی قیادت تحریک ِ نفاذ فقہ جعفریہ خیبر پختونخواہ کے سرپرست ِ اعلیٰ سید اظہرعلی شاہ کاظمی، صوبائی ناظم الامور آغا عباس علی کیانی، صوبائی صدرٹی این ایف جے سید غضنفر علی شاہ صوبائی عہدیداران ذوالفقار جمیل، ابو جعفر کیانی، مولانا اجلال حیدر، شفقت احسان کربلائی، صادق علی حیات، مولانا خورشید جوادی، علامہ موسیٰ رضا، قبلہ جوہر عباس میر، آغا نواز علی کیانی، وقار میر، حاجی عابد علی خا ن،صوبائی کمانڈر مختار فورس(والنٹیرز) حاجی ساجد علی کربلائی،ضلعی صدر ملک عامررضا، ضلعی کنو نیئر لیاقت علی کیانی،امجد علی نے کی، جلوس کے شرکاء مختلف راستوں سے نوحہ خوانی اور ماتمداری کرتے ہوئے چوک شہیداں قصہ خوانی بازار پہنچے جہاں پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ الموسوی کی قیادت میں جنت البقیع کے مزاراتِ مقدسہ کی تعمیر تک احتجاج جاری رکھیں گے انہوں نے ایک قراردادکے ذریعے حکومتِ پاکستان اوروزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ مدینہ منورہ کے قبرستان جنت البقیع میں اہلِبیتِ اطہار ؑ، رسولِ ؐ خدا کے اجداد، صحابہ کرامؓ اور مشاہیر اسلام کے مزارات ِ مقدسہ کی دوبارہ تعمیر کے لئے کردار ادا کریں۔
پشاور میں انتظامیہ نے جلوس روکنے کی کوشش کی انتظامیہ کا گھیرا دیکھ کر محسوس ہو رہا تھا جیسے بقیع میں نبی ؐ کی بیٹی حضرت فاطمہ زہراؑ کے مزار کے گرد پہرا بیٹھا ہوا ہے ۔لیکن شرکاء جلوس کے جوش و خروش کو دیکھ کر انتظامیہ راستہ دینے پر مجبور ہو گئی ۔ انتظامیہ کے اہلکار بھی مسلمانوں کے مقامات مقدسہ کی حالت زار اور تباہی پر دل گرفتہ نظر آئے ۔
مظاہرین کے ماتمی نوحوں کی وجہ سے ایسا رقت انگیز منظر بنا ہوا تھا جسے دیکھ اور سن کر تاجر اور راہ گیر بھی اولاد مصطفی ؐ و اصحاب مصطفیؐ کے مزارات کی حالت پر گریہ کناں نظر آئے ۔
دریں اثناء کوہاٹ میں سید باسط علی شاہ، مختاربنگش،حاجی امتیاز بنگش، حاجی انصار علی اور آفتاب علی بنگش کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، شیر کوٹ کچہ پخہ ہنگو چوک میں تحریک ِ نفاذ ِ فقہ ِ جعفریہ کے مقامی عہدیداروں حاجی امتیاز،انصار علی اور دیگرکی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا، ایبٹ آباد میں ضلعی کنونیئر نذر حسین جدون کی قیادت میں احتجاجی ماتمی جلوس علی مسجد دربار بے وطن سرکار سے نکالا گیا اور کاکول چوک میں مظاہرہ کیا گی۔
مردان پریس کلب کے سامنے مظاہرے کی قیادت صوبائی صدر غضنفر علی شاہ، علامہ موسیٰ رضا،علامہ خورشید علی جوادی، جوہر عباس میر کربلائی اور ضلعی کنو نیئر سید نفیس حسین رضوی نے کی، پاراچنار میں شبیر حسین طوری، مولانا ابرار حسین، ماسٹر یوسف حسین، تیمور حسین طوری، حسن غلام اور حاجی غلام نبی کی قیادت میں پریس کلب پارا چنار کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ضلع اورکزئی انڈخیل میں درجنوں مظاہرین نے کنونیئر مصباح حسین کی قیادت میں تیراہ چو ک میں مظاہرہ کیا، ہری پور میں کنو نیئر سید طاہر عباس عرف باوا طاہری شاہ کی قیادت میں پریس کلب ہری پورکے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، ڈیرہ اسماعیل خان کی مرکزی شیعہ جامع مسجد لاٹو فقیر میں مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا جس کے بعد خطیب و ضلعی ناظم الامور علامہ غضنفرعلی شاہ نقوی اور ضلعی کنو نیئر اصغر رضا کی قیادت میں مین روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا