راولپنڈی جنت البقیع ملین مارچ میں عاشور کا منظر؛ مری روڈ پر انسانوں کا سیلاب امڈ آیا

ولایت نیوز شیئر کریں

تحریک نفا ذ فقہ جعفریہ کے مظاہرے میں سنی شیعہ علماء ، عمائدین شہر، ماتمی سالاروں سمیت لاکھوں افراد شرکت

راولپنڈی (ولایت نیوز) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی کال پر راولپنڈی میں یوم انہدام جنت البقیع کے مرکزی جلوس میں مری روڈ پر انسانوں ا سیلاب امڈ آیا ۔ ماتم و نوحہ کی دلدوز صدائیں عاشورہ کا منظر پیش کررہی تھیں ۔

جلوس امامبارگاہ ناصر العزا ء مری روڈسے نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے جنت البقیع کی خستہ حالی کیخلاف زبردست احتجاج کیا جبکہ ماتمی حلقوں نے ماتمداری و نوحہ خوانی کرکے رسول ؐ خدا کو اُن کی پیاری بیٹی حضرت فاطمہ زہرا ؑ ،ازواجِ مطہراتؓ اور صحابہ کبارؓ کے مزارات کے انہدام پر پرُسہ پیش کیا۔جلوس کی قیادت مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام ،ٹی این ایف جے کے مرکزی اور ذیلی شعبہ جات کے عہدیداران،صوبائی ،ریجنل اور ضلعی عمائدین کے علاوہ مذہبی تنظیموں کے رہنما و ماتمی سالار کر رہے تھے ۔

کئی سو ماتمی تنظیمیں اپنے مخصوص انداز میں رسولؐ کی پیاری بیٹی حضرت فاطمہ زہرا ؑ کے ان مصائب کا احوال سناتی رہیں جو دنوں پر پڑتے تو سیاہ راتوں میں تبدیل ہو جاتے ۔ جلوس کے طویل روٹ پر ہر سو  کہیں گریہ و ماتم کی صدائیں اور کہیں تعمیر کرو تعمیر کرو جنت البقیع تعمیر کرو کے پر جوش نعرے بلند ہوتے رہے ۔

شرکائے جلوس نے مزارات کی تاراجی کے خلاف اور انکی ازسرنوتعمیرکیلئے نعرے بلند کیے جبکہ مختار جنریشن کے سینکڑوں کمسن کارکن اور ابراہیم اسکاؤٹس کے جوان جنت البقیع کی شبیہ بینرز اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے جن پر جنت البقیع کی تعمیر سے متعلق نعرے درج تھے۔دورانِ جلوس تمام راستے نوحہ خوانی اور ماتمداری کا سلسلہ جاری رہا۔کمیٹی چوک میں جلوس نے ایک بڑے جلسے کی شکل اختیار کرلی ۔

اس موقع پر ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے قائد ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا پیغام پہنچایا اور خطاب کیا ۔علامہ قمر زیدی نے کہاکہ انہدام جنت البقیع کے سانحے پر ہر کلمہ گو سوگوار ہے ۔ اس موقع شرکائے جلوس نے مختلف قراردادیں متفقہ طور پر بلند نعروں کی گونج میں منظور کیں جن میں مزاراتِ مقدسہ کی عظمت رفتہ کی بحالی ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو کھلا شہر قراردینے،فلسطین برما و مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کو بند کروانے، دہشتگردوں کا مکمل صفایا کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر سختی کیساتھ عملدرآمد کو یقینی بنانے کا لعدم جماعتوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا گیاآپریشن رد الفسادکی بھر پور تائید کر کی گئی ۔اجتماع نے پرجوش نعروں کی گونج میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی بصیرت افرز قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عہد کا اظہار کیا کہ مکتب تشیع کے حقوق ،عقائد کے تحفظ ،وحدت و اخوت کے فروغ اور دین و وطن کی سربلندی کیلئے ان کے حکم پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔کمیٹی چوک میں قراردادوں کی منظوری کے بعد جلوس کے شرکاء ماتمداری اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے امامبارگاہ کرنل مقبول حسین پہنچے جہاں دعا و زیارت کے بعد جلوس اختتام پذیر ہوا۔اختتامی دعا علامہ ابو الحسن تقی نے کروائی ۔جلوس کے آرگنائزر الحاج غلام مرتضی چوہان نے تمام شرکائے جلوس ماتمی عزاداروں کا شکریہ ادا کیا۔

مختار فورس ‘ابراہیم سکاؤٹس (اوپن گروپ )مختار جنریشن ‘مختار آرگنائزیشن اور ایم ایس او کے رضا کار تمام راستے جلوس کے انتظامی امور انجام دے رہے تھے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے جلوس کے روٹ پر سخت حفاظتی انتظامات کررکھے تھے۔پولیس افسران اور جوانوں کی بھاری نفری بھی جلوس کے ہمراہ رہی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.