نگر نگر علیؑ کا ماتم : متنازعہ نظام تعلیم اور عزاداری پر بے جا پابندیاں ختم کی جائیں ، علامہ حسین مقدسی ؛ نفس رسولؐ کی شہادت پر عشقِ رسالتؐ و اہلبیتؑ کے رقت انگیز مناظر، شیعہ سُنی یکجان

ولایت نیوز شیئر کریں

شیرِ خدا حضرت علیؑ ہر غزوہ کے ہیرو ہیں،تاریخ نے مولا علیؑ امیر المومنین کے کردار کو سنہرے الفاظ میں رقم کِیا ہے۔ علامہ آغا سید حسین مقدسی
عمران حکومت کا متنازعہ یکساں نصابِ تعلیم، عزاداری پر بے جا پابندیوں کو منسوخ کِیا جائے، اہلبیتؑ پر ظلم کی مذمت نہ کرنے پر عالمِ اسلام ظلم و بربریت کا شکار ہے
چینی انجینیئرز پر دہشت گردی قابلِ مذمت ہے، ان کی حفاظت کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، چین پاکستان کا گہرا دوست ہے
سیاستدان ذاتی جماعتی مفادات کی خاطر ملکی مفادات کو داؤ پر نہ لگائیں فرمانِ علیؑ کے تحت ہم ہر مظلوم کے دوست، ظالم کے دشمن ہیں خواہ سگا بھائی ہی کیوں نہ ہو
فلسطین میں انسانیت کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں، مظلوم کشمیری بھی ازلی دشمن کے جبر و استبداد سے نبرد آزما ہیں، عالمِ اسلام کیوں خاموش ہے۔؟
پاکستان کی اقتصادی مضبوطی بہت ضروری ہے، حکمران انتخابی وعدوں پر عمل کریں، عوام پر منہگائی کے بم نہ گرائیں، حکومت و اپوزیشن معاشی استحکام کیلئے سر جوڑ کر بیٹھیں
کالعدم جماعتیں دہشت گردوں کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرتی ہیں، اندورنی و بیرونی دشمن کو ناکام کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد کِیا جائے
جمعۃ الوداع یوم القدس حمایتِ مظلومین، جشنِ نزولِ قرآن، 8 شوال یومِ انہدامِ جنت البقیع منانے کا اعلان، تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے سربراہ کا عزاداروں اور میڈیا سے خطاب
جلوسوں کے دوران اہلِ سُنت کی سبیلیں رضا کار تنظیموں اور سیکیورٹی اداروں کے سخت حفاظتی انتظامات، خواتین کی مرکزی مجلس و تابوتِ مولا علیؑ کا انعقاد جامعۃ المرتضیٰؑ جی نائن فور میں ہوا

راولپنڈی (ولایت نیوز ) سوموار 21 رمضان المبارک کو امیرالمومنین بابِ مدینۃ العلم، فاتحِ خیبر، شیرِ خدا حضرت علی المرتضیٰؑ کا یومِ شہادت پاکستان سمیت دنیا بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں دیہات میں مجالسِ عزا منعقد ہوئیں، ماتمی جلوس نکالے گئے جن میں تابوت، ذوالجناح، عَلّم کے تبرکات بھی شامل تھے۔ اس موقع پر عشقِ رسالتؐ و اہلبیتؑ کے رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے، جلوسوں کے دوران شیعہ سُنی برادران یکجان نظر آئے اہلسنت برادران نے سبیلیں لگائیں نیاز تقسیم کی اور عزاداروں نے سینہ زنی زنجیر زنی قمع زنی نوحہ خوانی و ماتم کے ذریعے شہیدِ مسجدِ کوفہ حضرت علی المرتضیٰؑ کی شہادت کا پرسہ بارگاہِ رسالتؐ میں پیش کِیا۔

شہادت علیؑ پر راولپنڈی اسلام آباد کا مرکزی ماتمی جلوس عزاء خانہ مبارک بانو موہن پورہ سے نکالا گیا جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔ جلوس میں سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے شرکت کی اور تبرکات کی زیارت کی۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں اور عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں اہلِ اسلام امیرالمومنین حضرت علی مرتضیٰؑ کی شہادت کے دن پوری دنیا میں مجالس عزا اور جلوس برآمد کر کے بارگاہِ رسالتؐ و امامت میں پرسہ اور تعزیت پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رسالت مآب حضرت محمدِ مصطفیٰؐ نے مولا علیؑ کو دنیا و آخرت میں اپنا بھائی قرار دیا، حضورِ اکرمؐ نے آپؑ کی شہادت کی پیشگوئی فرمائی تھی، رسولِ خدا نے فرمایا ناقہ صالحؑ کے قاتل سے زیادہ شقی علی المرتضیٰؑ کو شہید کرے گا، مولا علیؑ کی مودت کو واجب قرار دیا گیا، حضرت علیؑ ہر غزوہ نبویؐ کے ہیرو ہیں، تاریخ نے مولا علیؑ امیرالمومنین کے کردار کو سنہرے الفاظ میں رقم کِیا ہے، رسولِؐ خدا نے فرمایا جس نے علیؑ ؑکی امامت کا انکار کِیا اس نے میریؐ نبوت سے انکار کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کے جاری کردہ متنازعہ یکساں نصابِ تعلیم اور عزاداری پر بے جا پابندیوں کو منسوخ کِیا جائے، آج عالمِ اسلام ظلم و بربریت کا شکار اسی لیے ہے کہ ہم نے اہلبیتؑ پر ظلم کی مذمت نہیں کی، سیاستدان ذاتی جماعتی مفادات کی خاطر ملکی مفادات کو داؤ پر نہ لگائیں فرمانِ علیؑ کے تحت ہم ہر مظلوم کے دوست ہیں اور ہر ظالم کے دشمن ہیں خواہ سگا بھائی ہی کیوں نہ ہو، تمام اداروں کو اپنے آئینی حدود کے اندر کام کرنا ہو گا اسی میں ہم سب کی بھلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں انسانیت کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں، مظلوم کشمیری بھی ازلی دشمن کے جبر و استبداد سے نبردآزما ہیں، یہود و ہنود کا مسئلہ ہو تو سارے کفار اکٹھے ہو جاتے ہیں افسوس مسلمانوں کا مسئلہ درپیش ہو تو عالمِ اسلام خاموش ہے، فلسطین میں مسلمانوں پر جو ظلم ڈھایا جا رہا ہے اس پر کوئی نہیں بولتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے وسائل پر استعماری قوتوں کا قبضہ ہے، مسلم ممالک کو ظلم سے نجات کیلئے ایک ہونا ہو گا، انہوں نے افواج، سیکیورٹی فورسز پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت اور تشویش اظہار کرتے ہوئے باور کرایا کہ قوم دہشتگردوں کے خلاف بہادر عساکرِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو مٹانے کیلئے اسوہ حیدریؑ پر عمل کِیا جائے، تمام ادارے آئین کی حدود میں رہ کر کام کریں، دشمن کو فائدہ اٹھانے کا موقع نہ دیں، برادر مسلم ممالک سے تعلقات مضبوط کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کا کوئی مسلک مذہب نہیں، اس سے دہشتگرد کے طور پر نمٹا ہی جائے، 20 نکاتی نیشنل ایکشن پلان کی تمام شِقوں پر عمل کیئے بغیر انسداد دہشتگردی کا خواب ادھورا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی مضبوطی بہت ضروری ہے، سی پیک کو کامیاب کرنا پاکستان کیلئے اشد ضروری ہے، حکمران انتخابی وعدوں پر عمل کریں، عوام پر منہگائی کے بم نہ گرائیں۔ حکومت و اپوزیشن معاشی استحکام کیلئے سر جوڑ کر بیٹھیں۔ علامہ مقدسی نے کہا کہ چینی انجینیئرز پر دہشت گردی قابلِ مذمت ہے، ان کی حفاظت کے لِئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، چین پاکستان کا گہرا دوست ہے لہٰذا وہ بین الاقوامی دہشت گردوں سے مقابلے میں پاکستان کی مدد کرے، پاک چین دوستی دلوں میں بستی ہے جسے گولہ و بارود کمزور نہیں کر سکتے، سی پیک پاکستان کی معیشت کیلئے اہم منصوبہ ہے جس سے استعماری قوتیں خوفزدہ ہیں، کالعدم جماعتیں دہشت گردوں کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرتی ہیں، بیرونی دشمن کو ناکام بنانا ہے تو دشمن کے سہولت کار ہاتھ قطع کرنے ہوں گے، نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد کِیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات استوار کرنے چاہیے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کا شروع دن سے مؤقف تھا دہشت گرد فقط دہشت گرد ہے لہٰذا اسے اس تناظر میں نمٹا جائے، پاکستان میں امن کیلئے دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں سے کوئی رعایت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں دہشت گردی کے پیچھے جو بھی لوگ ہیں ان سے بِلا تفریق نمٹنا چاہیے۔ علامہ مقدسی نے اس عہد کا اظہار کِیا کہ فرمانِ امیرؑالمومنین کی تاسی میں ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کیلئے عملی جد و جہد جاری رکھیں گے۔ سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی نے اس موقع پر اعلان کِیا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں جشنِ نزولِ قرآن، جمعۃ الوداع کو یومِ القدس حمایتِ مظلومین اور 8 شوال کو یومِ انہدامِ جنت البقیع منائیں گے، عید الفطر پر سیکیورٹی انتظامات سخت رکھے جائیں۔

درایں اثناء مکتبِ تشیُع کے ہیڈکوارٹر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کراچی میں نشتر پارک سے جلوسِ عزا برآمد ہو کر نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ صدر سے ہوتا ہوا کھارادر میں بڑا امامبارگاہ پر اختتام پزیر ہوا، لاہور میں چاندی کا بنا تاریخی تعزیہ کا جلوسِ عزا مبارک حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتے ہوا کربلا گامے شاہؒ میں اختتام پزیر ہوا۔

پشاور میں امام بارگاہ اخوند آباد سے برآمد ہو کر امام بارگاہ عالم شاہ جعفری تک جانے کے بعد جلوس واپس اسی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا، محلہ محمد داد علاقہ آسیہ میں برمکان سردار علی گوہر مرحوم سابقہ ضلعی صدر تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پشاور کے گھر پر مرکزی مجلس منعقد ہوئی، فیصل آباد میں دھروڑ کے مقام پر تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ کے دیرینہ کارکن افتخار حسین حیدری کی رہائشگاہ حیدری منزل سے تابوتِ مولا علیؑ کا جلوسِ عزا برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس حیدری منزل میں اختتام پذیر ہوا، راولپنڈی میں امام بارگاہ مبارک بانو موہن پورہ سے جلوس برآمد ہو کر امام بارگاہ کرنل مقبول حسین میں اختتام پذیر ہوا۔

کوئٹہ میں نچاری امام بارگاہ، امام بارگاہ ناصر العزا، امام بارگاہ کلاں میکانکی روڈ سے مرکزی جلوس برآمد ہوئے، اسلام آباد بری امامؒ، باغ آزاد کشمیر، ملتان، ڈیرہ غازی خان، گجرات، کوہاٹ، مردان، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گوجرہ، ٹوبہ، ساہیوال، شیخو پورہ، جھنگ، جہلم، چکوال، چنیوٹ، سکھر، خیر پور، دادو، حیدر آباد سمیت ملک بھر میں عظیم الشان جلوس نکالے گئے جن میں شیعہ سُنی عزاداروں نے شرکت کر کے بے مثال مودتِ اہلبیتؑ اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کِیا ۔

ٹی این ایف جے کی جانب سے عزاداروں کی سہولت کیلئے جا بجا عزاداری کیمپ لگائے گئے مختار فورس والنٹیئرز، ابراہیم سکاؤٹس، ام البنین ڈبلیو ایف نے رضا کارانہ خدمات سر انجام دیں۔ خواتین کی مرکزی مجلس جامعۃ المرتضیٰؑ جی نائن فور اسلام آباد میں ام البنین ڈبلیو ایف، سکینہ جنریشن و گرلز گائیڈ کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی جس سے میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی اور تابوتِ شہیدِؑ کوفہ برآمد کِیا گیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.