پابندیاں عزاداروں کا سیلاب نہ روک سکیں ؛ قائد کی کال پر یوم شہادت علیؑ پرشہر شہر ماتمی احتجاج، کورونا سے کوئی خوف نہیں علیؑ والوں سے ٹکر نہ لینا،حکومت کو آغا موسوی کا انتباہ
یوم شہادت علی ؑ: جلوسوں پر حکومتی پابندیوں کیخلاف قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی کی کال پرشہر شہر ماتمی احتجاج
علیؑ صرف مسلمانوں کے نہیں تمام انسانیت کے پیشوا ہیں؛حکومت کو خبردار کرتا ہوں کہ علی ؑ والوں سے ٹکر نہ لینا،آغا حامد موسوی
عمران خان اچھے انسان ہیں غلط مشیروں سے بچیں جو مسلمہ مکاتب اورمیڈیا اداروں سے لڑا رہے ہیں ،حکومت کنفیوژن کا شکار ہے
قرآن شفا ہے ہمیں کورونا سے کوئی خوف نہیں، چیلنج ہے خانہ کعبہ مسجد نبوی آئمہ کے مراقد اورمساجد کھول دیں کورونا5دن میں ختم ہو جائے گا
ملکی سلامتی عزیز ہے جلوسوں کا رخ اسلام آباد بھی پھیر سکتے ہیں ،ابھی صرف علامتی احتجاج کیا بڑی کال بھی دے سکتے ہیں، صدر نعرہ حیدری بحال کرائیں
دشمن اشتعال انگیزی کررہا ہے اندرونی مسائل کھڑے نہ کئے جائیں عزاداری بنیادی حق ہے ، علی ابن ابی طالب ہر آزمائش اور میدان میں نبی ؐ کے ساتھ رہے
ملک بھر میں فقید المثال عزاداری،سینہ زنی زنجیرنی قمہ زنی نوحہ خوانی و ماتم کے ذریعے پرامن ماتمی احتجاج، عشق علیؑ و اہلبیت ؑ کے رقت انگیز مناظر
اسلام آباد(ولایت نیوز )امیر المومنین فاتح خیبر شیر خدا حضرت علی المرتضی ؑکا یوم شہادت پاکستان سمیت دنیا بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،جلوسوں پر حکومتی پابندی کے خلاف قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی کال پر پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں دیہات میں ماتمی احتجاجی جلوس نکالے گئے جن میں تابوت ذوالجناح علم کے تبرکات بھی شامل تھے ، عزاداروں نے سینہ زنی زنجیرنی قمہ زنی نوحہ خوانی و ماتم کے ذریعے پرامن ماتمی احتجاج کیا ۔ اس مو قع پر عشق علی ؑ و اہلبیت ؑ کے رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔اکثر مقامات پر عزاداروں نے حکومتی پابندیاں توڑ کر روایتی ماتمی جلوسوں کے روٹ پر جلوس نکالے ۔ مرکزی ماتمی احتجاجی جلوس ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع علی ؑمسجدسے نکالا گیا جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی جلوس کی قیادت قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کی ۔
اس موقع پر میڈیا نمائندوں اور عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے آغاسید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ علی ابن ابی طالبؑ صرف شیعوں سنیوں کے نہیں بلکہ تمام انسانیت کے قابل فخر پیشوا ہیںحکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ علی ؑ والوں سے ٹکر نہ لینا ہم مرجانا قبول کرتے ہیں سودا بازی نہیں کرتے، عمران خان اچھے انسان ہیں غلط مشیروں سے بچیں ، حکومت کے پاس قوت فیصلہ نہیں کنفیوژن کا شکار ہے، قرآن کی آیات کورونا کا علاج اور شفا ہیں ہمیں کورونا سے کوئی خوف نہیں، ہمارا چیلنج ہے خانہ کعبہ مسجد نبوی ؐ ،آئمہ،اولیاکے مزارات اورمساجد کھول دیں تو کورونا5دن میں ختم ہو جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ دعاؤں کے مراکز بند کردیئے جائیں تو دعائیں کیسے قبول ہوں؟۔
آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے باورکرایاکہ جلوسوں پر پابندی کے غلط حکومتی اقدام پرابھی صرف علامتی احتجاج کیا ہے حکومت نے رویہ نہ بدلااور مکتب تشیع کو دبانے کے اقدامات نہ روکے گئے تو بڑی کال بھی دے سکتے ہیں ، احتجاج ہمارا بنیادی حق ہے اور عزاداری عبادتوں کی روح ہے جلوسوں کا رخ اسلام آباد کی جانب بھی پھیر سکتے ہیں لیکن ہمیں ملک کا امن سلامتی استحکام عزیز ہے ہماری امن وطن دوستی اور امن سے محبت کو کمزوری نہ سمجھا جائے، نظریاتی کونسل رویت ہلال کمیٹی ہر جگہ مکتب تشیع کو نمائندگی سے محروم رکھا گیا ہے ، حکومتی ایوانوں میں بیٹھ کر غلط مشورے دینے والے عنداللہ و عند الرسول ؐ و حضرت بتول ؑ جوابدہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صدر اگر علوی ہیں تو پاک فوج کمانڈوز کا نعرہ حیدری بحال کریں جو ایک ڈکٹیٹر نے تعصب کی وجہ سے ختم کیا،خارجی آج بھی موجود ہیں جنہیں ختم کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ہم اللہ رسول معصومین ؑ کے احکامات کے پابندہیں ہم نے رمضان کے پروگراموں کے حوالے سے ایک ماہ پہلے حکومت کو آگاہ کیا تھا عین وقت پر پابندی کا نوٹیفیکیشن نکال دیا گیا ،ہم چاروں طرف سے دشمنوں میں گھرے ہیں دشمن روز اشتعال انگیزی کررہا ہے حکومت کو اندرونی مسائل کھڑینہیں کرنے چاہئیں ہمارا احتجاج عزاداری ظلم کے خلاف ہے غم منانا سنت نبوی ہے ذوات قدسیہ کی خوشی میں خوش ہو نا اور غم میں غمگین ہونا محبت اور عقیدت کی دلیل ہے اسی بناء پر یہ جلوس نکال رہے ہیں موسوی جونیجو معاہدے کے تحت حکومت تمام جلوسوں کو برآمد کرنے کی پابند ہے ۔
مناقب حضرت علی ابن ابی طالب ؑ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی کی ولادت بیت اللہ میںہوئی اس وقت تک آنکھ نہ کھو لی جب تک نبی ؐ نے آغوش میں نہ لیا پہلی نظر محمد مصطفیؐ کے چہرے پر ڈالی علی کی پرورش نبی کریمؐ نے کی دعوت ذوی العشیرہ شعب ابی طالبؑ مکہ کی ہر مشکل میں نبی کا ساتھ دیاشب ہجرت بلا خوف نبی کے بستر پر سوکر نبی کی جان بچائی ، علی نبی کی شبیہہ بنے ، بدر احد خندق خیبر حنین سمیت تمام غزوات میں اسلام کو فتح دلوائی تبوک میں نبیؐ کے جانشین ٹھہرے فتح مکہ پر بتوں کو توڑاغدیر میں نبیؐ نے علی کو تمام مومنین کامولا قرار دیا غرضیکہ حضرت علی ہر آزمائش اور میدان میں رسالت مآبؐ کے ساتھ ساتھ رہے ، حضرت عمر خطاب ؓ نے کہا کہ اللہ ایسا وقت نہ لائے کہ علی نہ ہوں اور کہا کہ علی کرم اللہ وجہ نہ ہوتے تو عمرؓ ہلاک ہو جاتالیکن کسی نے یہ نہیں کہا کہ عمرؓ نے شرک کیا۔
آغا حامد موسوی نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ وطن عزیز پاکستان کو کبھی مسلکی اسٹیٹ نہیں بننے دیں گے اس کی بنیاد دو قومی نظریہ ہی رہے گا, شیعہ سنی برادران ہر میدان محاذ پر اکٹھے ہیں اور اکٹھے ہی رہیں گے ، آخری عشرہ میں جشن نزول قرآن، جمعۃ الوداع کو یوم القدس حمایت مظلومین اور 8 شوال کو یوم انہدام جنت البقیع منائیں گے۔درایں اثنا مکتب تشیع کے ہیڈ کوارٹر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کراچی لاہور کوئٹہ پشاور ملتان ڈیرہ غازی خان گجرات کوہاٹ مردان لکی مروت ڈیرہ اسماعیل خان گوجرانوالہ سیالکوٹ سکھر خیرپوردادو،حیدر آباد میں عظیم الشان جلوس نکالے گئے جن میں شیعہ سنی عزاداروں نے شرکت کرکے بے مثال مودت اہلبیت اوراتحادو یکجہتی کا مظاہرہ کیا ۔
خواتین کی مرکزی مجلس جامعۃ المرتضی جی نائن فور اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس سے میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی اور تابوت شہید کوفہ برآمد کیا گیامختار فورس والنٹیئرز، ابراہیم سکاؤٹس ام البنین ڈبلیو ایف نے رضاکارانہ خدمات سر انجام دیں ۔
جیکب آباد اور لاڑکانہ میں جلوسوں میں تشدد اور کراچی کے عزاداروں کی گرفتاری کے خلاف ٹی این ایف جے صوبہ سندھ کے صدر علامہ اصغر علی نقوی نے شدید احتجاج کیا ہے اور گرفتار عزاداروں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
ٹی این ایف جے پنجاب کے صدر علامہ حسین مقدسی نے عزاداروں پر ایف آئی آرز کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے اوچھے ہتھکندوں سے مکتب تشیع کو دبا یا نہیں جا سکتا ۔ انہوں نے ماتمی عزاداروں کو استقامت پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔