علاقہ چونترہ: حسینی محاذ کے اسیران قربانی کے ایک اور مرحلے کیلئے تیار

ولایت نیوز شیئر کریں

چہان، چک بیلی خان ( رپورٹ والعصر نیوز ) سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی کی جانب سے حکومت پنجاب کی عزاداری کے خلاف ایس او پیز کو مسترد کرکے پُرامن احتجاج کی کال پر 23 نومبر کو دربار سخی شاہ پیارا چوہڑ ہڑپال میں ہونے والے احتجاجی کنونشن کی رابطہ مہم کے سلسلے میں عزادار سید قلب عباس کی میزبانی میں چہان کے عزاداروں اور عمائدین کی کارنر میٹنگ منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی علاقہ چونترہ کی ایکشن کمیٹی ٹی این ایف جے کے کنوینر ملک فخر علی تھے۔

اس موقع پر عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل جنرل سیکرٹری ٹی این ایف جے شوکت عباس جعفری نے   آمریت کے دور میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے عزاداری اور دیگر شیعہ مطالبات کے لیے حسینی محاذ راولپنڈی کے ایجی ٹیشن میں علاقہ چونترہ کے سرگرم کارکنوں سید صابر حسین شاہ مرحوم، ملک سجاول علوی، سید اختر حسین شاہ، خادم حسین، ملک اسد عباس، ملک آزاد جعفری مرحوم، ملک ناصر مرحوم، اور ممتاز عرف آغا مرحوم سمیت دیگر مجاہدین حسینی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کارکنان نے حسینی محاذ سے گرفتاریاں پیش کرنے کے علاوہ مرکز تشیع علی مسجد میں بہترین ڈیوٹیاں سر انجام دے کر علاقہ چونترہ کا نام روشن کیا، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے علاقہ چونترہ کے تمام دیہاتوں میں کنونشن میں شرکت کے لیے رابطہ مہم چلانے اور عزاداروں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مقامی عزاداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے اب بھی پُرامن احتجاجی کنونشن میں پورے علاقے کی مذہبی و ماتمی تنظیمیں بھرپور شرکت کریں گی جس سے ملت جعفریہ کا احتجاج ضرور کامیابی سے ہم کنار ہوگا۔ انہوں نے عزاداران علاقہ چونترہ سے اپیل کی کہ وہ کنونشن میں بھرپور شرکت کرکے اپنی قومی اور ملی بیداری کا ثبوت دیں۔ سید قلب عباس کاظمی نے کہا کہ عزاداری مظلوم کربلا ہمیں جان سے بھی زیادہ پیاری ہے جس کے تحفظ کے لیے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے آمریت کے دور میں ملکی تاریخ کا بےمثال پُرامن احتجاجی محاذ لگا کر قوم کو موسوی جونیجو معاہدہ لے کر دیا تھا جو آج بھی میلاد و عزاداری کے جلوسوں کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کچھ قربان کر سکتے ہیں مگر عزاداری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ کارنر میٹنگ میں ایک قرارداد کے ذریعے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ عزاداری کے خلاف نافذ کئے گئے ناروا ایس او پیز اور پابندیوں کو فی الفور واپس لے، بصورت دیگر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا پر امن احتجاج پورے ملک میں پھیل سکتا ہے۔

قرارداد میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کی سربراہ ٹی این ایف جے آغا سید حسین مقدسی عقیدے اور حقوق کے تحفظ کے لیے جو بھی لائحہ عمل دیں گے اس پر لبیک کہتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ٹی این ایف جے ایکشن کمیٹی پنجاب کے کوآرڈینیٹر سید جابر علی نقوی بھی کارنر میٹنگ میں شریک تھے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.