کورونا کو اعصاب پر سوار نہ کیا جائے عوام ایمانی قوت سے حوصلے بلند رکھیں؛آقائے موسوی کا ایام عدل منانے کا اعلان

ولایت نیوز شیئر کریں

عدل و انصاف کے بحران نے انسانیت کو آفتوں سے دوچار کیا،قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
کورونا نے دنیا کو ایک پھونک سے اڑانے والوں کی طاقت کا بھرم کھول دیا، انسانیت اللہ سے رجوع کرے
بیماری سے زیادہ بیماری کے بعد ممکنہ سلوک سے لوگ خوفزدہ ہیں،وباکو اعصاب پر سوار نہ کیا جائے حوصلے بلند رکھے جائیں
اللہ اور پاکیزہ ہستیوں سے لو لگا کر ہی گورونا کا خوف توڑا جا سکتا ہے، 9تا15شعبان ایام عدل منائے جائیں
ٹیسٹ رپورٹ میں کورونا ثابت نہ ہونے والے زائرین کوفوری طور پر گھروں کو بھجوایا جائے، حق فتحیاب ہو کر رہے گا
ایام عدل میں استغفارکیساتھ کورونا کے خاتمہ اور امام مہدی ؑ کے ظہور کی دعائیں کی جائیں، جعفریہ ایکشن کمیٹی سے خطاب

اسلام آباد( ولایت نیوز)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ عدل و انصاف کے بحران نے انسانیت کو آفتوں سے دوچار کیا ہے، کورونا وائرس نے دنیا کو ایک پھونک سے اڑانے والوں کی طاقت کا بھرم کھول دیا ہے،توبہ و استغفار کا دروازہ کھلا ہے انسانیت بچاؤ کیلئے اللہ سے رجوع کرے، کورونا کی بیماری سے زیادہ اس بیماری کا شکار ہو جانے بعد ممکنہ سلوک سے لوگ خوفزدہ ہیں کورونا کو اعصاب پر سوار نہ کیا جائے عوام ایمانی قوت سے حوصلے بلند رکھیں اللہ اور پاکیزہ ہستیوں سے لو لگا کر ہی گورونا کا خوف توڑا جا سکتا ہے،جن زائرین کی ٹیسٹ رپورٹ میں کورونا ثابت نہیں ہوا انہیں فوری طور پر واپس گھروں میں بھجوایا جائے، شہزادہ علی اکبر ؑ اور حضرت امام مہدی ؑ کی ولادت پرنور کی مناسبت سے9تا15شعبان ایا م عدل منا کربارگاہ خداوند ی میں گڑگڑا کر آفتوں اور ظالمین سے نجات کیلئے دست دعا بلند کیا جائے،ہمشکل مصطفی ؐشہزادہ علی اکبر ؑ نے میدان کربلا میں موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کلمہ توحیدکو سر بلند کیا،کمزور وں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والے یاد رکھیں کہ حضرت امام مہدی ؑ کی صورت میں وہ سورج ضرورطلوع ہو کر رہے گا جب مظلومین و مستضعفین کو زمین کا وارث قراردیا جائے زمین عدل و انصاف سے ایسے ہی بھر جائے گی جیسے ظلم و جور سے بھری ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفریہ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ جب بھی اہلبیت علیہم السلام پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی زیارت کے مشتاق ہوتے تھے تو موذن حسینیت حضرت علی اکبرؑ کا دیدار کیا کرتے تھے،گفتار و کرداراخلاق اور شمائل غرضیکہ ہر انداز میں حضرت علی اکبر علیہ السلام شبیہہ رسول تھے،لحن ایسا تھا کہ جب حضرت علی اکبر ؑ اذان دیتے تو عہد مصطفوی ؐ کی یاد تازہ ہوجاتی۔

انہوں نے کہا کہ جب ملوکیت و شیطنت پوری قوت سے اسلام پر حملہ آور ہوئی تو فرزند رسول حضرت امام حسین ؑ نے حضرت علی اکبر ؑ سمیت اپنا پورا کنبہ اور اصحاب و انصار اسلام پر وار دیئے جس کے سبب آج بھی اسلام پر جوانی ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ تمام آسمانی مذاہب اس بات پرمتفق ہیں کہ وعدہ خداوندی کے مطابق آخری مسیحا کی آمد پر حق و باطل کے ابدی معرکے میں حق فتحیاب و کامران ہو کر رہے گا، صالحین اس زمین کے وارث قرار پائیں گے خدا کا دین کفر و سرکشی پر غالب آکر رہے گا،زمین پر سچائی عدل علم و حکمت کی حکمرانی قائم ہوگی،خرافات اور گمراہی اور ظلم و ستم کا خاتمہ ہوجائے گا جس ہستی کے ذریعے خداوند عالم اپنا عہد و پیمان پورا کرے گا وہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے فرزندوں میں سے ہے اور جس شریعت کے ذریعے وہ حکومت کرے گا وہ موسی یا عیسی کی شریعت نہیں بلکہ اس پیغمبر کی شریعت ہے جس کو خداوند متعال آخر الزمان میں مبعوث فرمائے گا جو ہادی برحق نبی آخرالزمان محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سوا کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسلامی مسالک شیعہ سنی کے نزدیک امام مہدی موعود ؑ خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراؑ کی نسل پاک سے ہیں جن کا نام نبی کریم ؐ کے نام پر ہوگا ان کے قیام سے زمین پر حکومت الہیہ قائم ہو جائے گی اسلام کا بول بالا ہوگا اسلام اور مسلمانوں کی عزت دوبالا ہو گی اور انسانیت کامیابی وخوشحالی وفلاح پائے گی۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے اسلامیان عالم سے اپیل کی کہ ایام عدل کی مبارک ساعتوں میں کورونا وائرس کے خاتمہ، کشمیر و فلسطین کی آزادی، عالم اسلام کی یکجہتی، وطن عزیز کے استحکام و ترقی اور امام مہدی ؑ کے ظہور کی دعائیں کی جائیں اور بارگاہ ایزدی میں گڑ گڑ ا کر توبہ و استغفار طلب کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.