شاہ شمس ؒ کی نگری میں حرمین شریفین بے حرمتی اور انہدام جنت البقیع کے خلاف ٹی این ایف جے کامظاہرہ؛ماتم زنجیر زنی
جنت البقیع کی مسماری روکی جاتی تومکہ اور مدینہ کے گرد دہشتگردی کے سائے نہ منڈلا تے۔ علامہ باقر نقوی
8شوال کا احتجاج عظیم اسلامی ورثے کے تحفظ کے لئے ہے ، علامہ مجاہد نقوی
علامہ زاہد کاظمی نے قائد ملت جعفریہ آقائے موسوی کا پیغام پڑگ کر سنایا اور زنجیرزنی کا پرسہ دیا
ملتان( رپورٹ :محتشم نقوی )قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے اعلان کردہ8شوال عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع رسول اکرم ؐ آباء و اجدادوالدین کریمین ؑ ،امہات المومنینؓ ، پاکیزہ صحابہ کبارؓ،اہلبیت اطہارؑ اور خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراؑ کے مزارات مقدسہ کی مسماری کے خلاف سوموار کو تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ کے زیر اہتمام جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں قصبوں میں بھی مجالس عزا اور ماتمی احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیاگیا اور مزارات جنت البقیع و جنت المعلیٰ کی خستہ حالی اور مسماری پر صدائے احتجاج بلند کی گئی ملتان سمیت اٹھارہ ہزاری جھنگ،ساہیوال چیچہ وطنی ،میاں چنوں ،رحیم یار خان،چوٹی زریں ڈی جی خان اور دیگر مقامات پر 8شوال کے پروگرام منعقد ہوئے۔ٹی این ایف جے ملتان سٹی کے زیر اہتمام ملتان پریس کلب کے سامنے ماتمی احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔جس کی قیادت علامہ زاہد عباس کاظمی ، سید حسین شاہ ،سید عون عباس کاظمی،سید محتشم نقوی اور مختلف مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے علمائے کرام ،بانیان مجالس اور ماتمی انجمنوں کے سالاروں نے کی ۔جلوس کے شرکاء نے مختلف بینر اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر جنت البقیع کی ازسرنوتعمیر کیلئے مطالبات درج تھے۔جلوس کے شرکاء نعرے لگاتے ہوئے پریس کلب پہنچے تو جلسے کی شکل اختیار کرلی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سید باقر علی نقوی نے کہاکہ اگر امت مسلمہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کی مسماری کا راستہ روک لیتی تومکہ و مدینہ کے گرد آج دہشتگردی کے سائے نہ منڈلا رہے ہوتے۔انہوں نے کہا کہ 8شوال کا احتجاج ظالمین کیخلاف مظلومین کا احتجاج ہے جس کا مقصد عظیم اسلامی ورثہ کا تحفظ اور احیاء ہے ۔
امام بارگاہ گلگشت کے خطیب علامہ مجاہد نقوی نے کہا کہ امہات المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا اور صحابہ کرامؓ کی قبروں کو بلڈوز کرنا غیر اسلامی و غیر انسانی فعل ہے جس کی ہر صاحبِ دل مذمت کرتا ہے ۔
اس موقع پر شرکائے مظاہرہ نے پُرجوش نعروں کی گونج میںعلامہ زاہد عباس کاظمی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی جس میں مسلم حکمرانوں پر زوردیا گیا کہ وہ جنت البقیع اور جنت المعلی کی ازسرنوتعمیر کیلئے برادر اسلامی ملک سعودی عرب پر سفارتی دباؤ ڈالیں ۔قرارداد میں واضح کیا گیا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ تمام عالم اسلام کا مشترکہ ورثہ ہیں لہذاانہیں کھلا شہر قراردیا جائے۔قرارداد میں باورکرایا گیا کہ قائد ملت جعفریہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان پر لبیک کہتے ہوئے عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر تمام مکاتب فکر کا مشترکہ اور نمائندہ اجتماع اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کراتا ہے اور حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ و سعودی عرب پرزور ڈالیں کہ وہ مزاراتِ مقدسہ کی عظمتِ رفتہ کو بحال کرے ۔قرارداد میں اقوام متحدہ و یونیسکو پر زوردیاگیا کہ وہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے تاریخی اسلامی آثار کی عزت رفتہ کی بحالی کیلئے فوری عملی اقدامات کریں۔بعد ازاں جلوس کے شرکاء پر جوش نعرے لگاتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔اس موقع پر سید عون عباس نے بھی خطاب کیا۔پروگرام کے کنوینر سید محتشم نقوی نے شرکائ کا شکریہ ادا کیا۔
علامہ زاہد کاظمی نے آخر میں زنجیرزنی کرکے بارگاہ خاتون جنتؑ میں منفرود پرسہ دیا۔