شہادت علیؑ کا مرکزی جلوس: اہلسنت علما تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ مقدسی کے شانہ بشانہ رہے ؛ تاریخی پرسہ و ماتم
ملک کے طول و عرض میں شیر ِخدا کا ماتم:شہادت علی ابن ابی طالب ؑ کی مجالس و جلوسوں میں رقعت انگیز مناظر
مسلم امہ کے تمام مسائل کا حل جرا ت حیدری اختیار کرنے میں مضمر ہے۔ علامہ حسین مقدسی
مشاہیر اسلام کو فراموش کرنا اور جنت البقیع کی مسماری امتِ مسلمہ کے مسائل کی بنیادی وجہ ہے
نیشنل ایکشن پلان کے مطابق کالعدم جماعتوں پر عملی پابندی انسداد دہشتگردی کیلئے لازمی ہے
سیاسی و اقتصادی بحران سے نمٹنے کیلئے ذاتی و جماعتی مفاد سے بالا ترہو کر فیصلے کرنے ہونگے
آئی ایم ایف اور دیگر استعماری طاقتوں کی کاسہ لیسی سے نجات کیلئے راہِ علی ؑ اختیار کرنا ہوگی
مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی تشویشناک، 23 رمضان جمعہ الوداع کو عالمی یوم القدس حمایت مظلومین منائیں گے۔
آقائے موسوی کیمطابق عصبیتی بنیاد پر انتخابی سیاست میں امیدوار اتارنا ملک کیلئے زہر قاتل ہے، اپنی پالیسی کا اعلان انتخابات کی آمد پر کریں گے
مولا علی ؑکی ذات امت مسلمہ کیلئے نکتہ اجتماع ہے۔سربراہ ٹی این ایف جے کا مرکزی جلوس میں میڈیا و عزاداروں سے خطاب، تبرکات کی زیارت و پرسہ داری
جلوسو ں کے دوران اہلسنت کی سبیلیں رضا کار تنظیموں اور سیکیورٹی اداروں کے سخت حفاظتی انتظامات؛ خواتین کی مرکزی مجلس و تابوت جامعۃ المرتضی جی نائن فور میں منعقد ہوا
اسلام آباد( ولایت نیوز ) امیر المومنین، شیر خدا، باب مدینۃ العلم،فاتح خیبر حضرت علی المرتضی ؑکا یوم شہادت پاکستان سمیت دنیا بھر میں بدھ21 رمضان کو عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا.
پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں دیہات میں مجالس عزا منعقد ہوئیں اور ماتمی جلوس نکالے گئے جن میں تابوت، ذوالجناح اورعلم کے تبرکات بھی شامل تھے۔ اس مو قع پر عشق رسالتؐ و اہلبیت ؑ کے رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے جلوسوں کے دوران شیعہ سنی برادران یکجان نظر آئے اہلسنت برادران نے سبیلیں لگائیں نیاز تقسیم کی اور عزاداروں نے سینہ زنی زنجیرنی قمہ زنی نوحہ خوانی و ماتم کے ذریعے شہید مسجد کوفہ حضرت علی المرتضی کی شہادت کا پرسہ بارگاہ رسالتؐ میں پیش کیا۔
راولپنڈی اسلام آباد کا مرکزی ماتمی جلوس عزاخانہ مبارک بانو موہن پورہ سے برآمد ہوا جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔ جلوس میں سربراہ ٹی این ایف جے علامہ سید حسین مقدسی نے تبرکات کی زیارت اور پرسہ داری میں شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا نمائندوں اور عزاداروں سے خصوصی خطاب کیا خطاب کے دوران ہی ڈویژنل سنی خطیب حافظ اقبال رضوی ، پیر اظہار بخاری سمیت درجنوں اہلسنت علما بھی تشریف لے آئے۔ انجمن تاجران کے رہنما پہلے ہی عزاداروں کے شانہ بشانہ علامہ حسین مقدسی کا استقبال کرنے والوں میں شامل تھے ۔
علامہ سید حسین مقدسی نے کہا کہ آج دنیا بھر میں اہل اسلام حضرت علی ابن ابی طالبؑ کے یوم شہادت کے موقع پر بارگاہ رسالت میں تعزیت و پرسہ پیش کر رہے ہیں۔امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کی ذات اقدس علم و حکمت، زہد و تقویٰ،اور شجاعت و بہادری اورعدل و انصاف کا استعارہ ہے اور نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرح امت مسلمہ کیلئے نکتہ اجتماع کی حیثیت رکھتی ہے۔ حضرت علی ؑبقائے دین و شریعت کی ہر جنگ اور معرکے کے فاتح اور ہیرو ہیں، رسول خدا نے مولا علی ؑ سے محبت کو اپنی محبت اور ان سے دشمنی و عداوت کو خود سے بغض و عداوت قرار دیا۔ رسول خدا نے حضرت علی ؑ کی حقانیت کی ضمانت دیتے ہوئے فرمایا کہ حق علی ؑ کے ساتھ اور علی ؑ حق کے ساتھ ہے اور پھر دعا فرمائی کہ خدایا حق کو وہیں پھیر دے جس جانب علی ؑ رخ کرے۔

انہوں نے کہا کہ عصرحاضر میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور عالمی استعمار و استکبار اور انکے مفادات کیلئے قائم عالمی اداروں کی بلیک میلنگ کے خاتمے کیلئے اسوہ حیدر کرار کی پیروی کرنی ہوگی۔ ملک میں سیاسی بحران کے بارے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ اقتصادی و آئینی بحرانوں سے نکلنے کیلئے تمام محب وطن قوتوں کو مل بیٹھ کر مشترکہ حکمت عملی تیار کرنی ہوگی، آئین کی بالادستی کو مقدم اور قومی مفاد کو ذاتی و جماعتی مفادات پر ترجیح دینی ہوگی۔ہم نے گذشتہ روزآئین کی پچاسویں سالگرہ منائی ہے اس حوالے سے ہر قیمت پر آئین کی حفاظت اور بالا دستی یقینی بنانا ہوگی۔تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں مسلم امہ کا اتحاد وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے۔ ایران و سعودی عرب تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے، ہر قسم کے وسائل سے مالا مال مسلم ممالک باہمی اتحاد و اتفاق کے ذریعے اپنے سیاسی و معاشی مسائل کا حل نکالیں تاکہ کوئی بھی ملک آئی ایم ایف کے شکنجے میں نہ پھنسے اور نہ ہی اسے امریکی کاسہ لیسی اختیار کرنی پڑے۔ملک میں دہشتگردی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں بلوچستان میں دہشتگرد حملوں کے پیچھے ازلی دشمن کا ہاتھ ہے جو مسلسل پاکستان کے حالات خراب کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
انسداد دہشتگردی کیلئے عساکر پاکستان اور پولیس کے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے علامہ حسین مقدسے نے مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر بلا امتیاز عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ تمام کالعد م دہشتگرد گروپوں پر عملی پابندی عائد کر کے ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے کیونکہ کالعدم جماعتیں پاکستان کے بیرونی دشمنوں کیلئے مقامی سہولتکار و آلہ کار کا کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل صد افسو س ہے کہ مسلمانوں کا قبلہ اول آج یہود کے تسلط میں ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر پر ہنود نے قبضہ جما رکھا ہے جو علام اسلام کی غیر ت پر سوالیہ نشان ہے۔ علامہ سید حسین مقدسی نے آمدہ ۸ شوال کو انہدام جنت البقیع کے سو سال مکمل ہونے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں پرامن ماتمی احتجاج منعقد کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے محسنو ں کے مزارات اور ان سے وابستہ آثار اسلامی تاریخ کا حصہ ہیں جن کا انہدام اسلامی تاریخ کو مٹانے کے مترادف ہے۔ جب تک مشاہیر اسلام کے آثار کی عظمت رفتہ بحال نہیں کی جاتی امت مسلمہ مصائب و آلام کا شکار رہیگی۔ میڈیا نمائندگان کی جانب سے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان شیعہ سنی برادران کی مشترکہ کاوشوں اور قربانیوں کا ثمر ہے اور پاکستان کے خلاف ہونیوالی ہر سازش کو شیعہ سنی وحدت سے ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست شجر ممنوعہ نہیں ہے تاہم قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی پالیسی کے مطابق مذہب و مسلک کے نام پر عملی انتخابی سیاست میں امیدوار کھڑے کرنا ملک و قوم کیلئے زہر قاتل ہے اور ہم نے ہمیشہ اس کی مذمت کی ہے۔ سیاسی جماعتوں کی حمایت کے حوالے سے انتخابات کی آمد پر لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
جلوس میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ ہم سیکیورٹی کے احسن اقدامات کو سراہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے خدمات دینے والے پولیس و افواج کے اہلکاروں کیلئے دعاگوہیں البتہ ملک میں سیاسی بحران کی کیفیت سے کالعدم جماعتیں فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں جنہیں قابو میں لائے بغیر پائیدار امن کی قیام ممکن نہیں۔علامہ سید حسین مقدسی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں جشن نزول قرآن، جمعۃ الوداع کو یوم القدس حمایت مظلومین اور 8شوال کو یوم انہدام جنت البقیع منائیں گے،عید الفطر پر سیکیورٹی انتظامات سخت رکھے جائیں۔
درایں اثنا مکتب تشیع کے ہیڈ کوارٹر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کراچی میں نشتر پارک سے جلوس عزا برآمد ہو کر نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ، صدر سے ہوتا ہوا، کھارادر میں بڑا امامبارگاہ پر اختتام پزیر ہوا لاہور میں چاندی کا بنا تاریخی تعزیہ کاجلوس عزا مبارک حویلی سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے کربلا گامے شاہ پر اختتام پزیر ہوا، پشاور میں امام بارگاہ اخوند آباد سے برآمد ہوکر امام بارگاہ عالم شاہ جعفری تک جانے کے بعد جلوس واپس اسی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا محلہ محمد داد علاقہ آسیہ میں بر مکان سردار علی گوہر مرحوم سابقہ ضلعی صدر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پشاور کے گھر پر مرکزی مجلس منعقد ہوئی۔
کوئٹہ میں نچاری امام بارگاہ، امام بارگاہ ناصر العزا ِ، امام بارگاہ کلاں میکانکی روڈسے مرکزی جلوس برآمد ہوئے اسلام آباد بری امام سمیت ملتان ڈیرہ غازی خان گجرات کوہاٹ مردان لکی مروت ڈیرہ اسماعیل خان گوجرانوالہ سیالکوٹ سکھر خیرپوردادو،حیدر آباد میں عظیم الشان جلوس نکالے گئے جن میں شیعہ سنی عزاداروں نے شرکت کرکے بے مثال مودت اہلبیت اوراتحادو یکجہتی کا مظاہرہ کیا ٹی این ایف جے کیجانب سے عزاداروں کی سہولت کیلئے جا بجا عزاداری کیمپ لگائے گئے مختار فورس والنٹیئرز، ابراہیم سکاؤٹس ام البنین ڈبلیو ایف نے رضاکارانہ خدمات سر انجام دیں۔خواتین کی مرکزی مجلس جامعۃ المرتضی جی نائن فور اسلام آباد میں ام البنین ڈبلیو ایف سکینہ جنریشن و گرلز گائیڈ کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس سے میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی اور تابوت شہید کوفہ برآمد کیا گیا۔علی مسجد سیٹلائٹ ٹاؤن سے یوم شہادت علی ؑ کا جلوس تابوت برآمد ہوا جس میں مختلف ماتمی دستوں نے ماتمداری کی، قبل از جلوس مجلس عزا منعقد ہوئی جس سے علامہ قمر حیدر زیدی، علامہ مفتی باسم عباس زاہری، علامہ وقار حسین نقوی و دیگر نے خطاب کیا۔