کشمیریوں پر کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال پر امریکی زبان اور میزائیل کیوں خاموش ہیں ؟ آغا حامد موسوی 

ولایت نیوز شیئر کریں

حسینیؑ و موسوی ہیں تختہ دار پر بھی کلمہ حق سے گریز نہیں کریں گے،احتساب پر انتقام یا سودابازی کی چھاپ نہ لگنے دی جائے

سی پیک قومی ترقی کا ضامن ہے کوئی ایسی چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے جس سے دشمن فائدہ اٹھائے،وزیر خارجہ نے یواین میں بھارت کا مکروہ چہرہ عیاں کردیا

 انصاف کے تقاضے پورے کئے بغیر گرفتاریاں جمہوری عمل کیلئے نقصان دہ ہوسکتی ہیں

کشمیر و فلسطین کے بچے عالمی بے حسی کا ماتم کررہے ہیں امن کیلئے عالمی اداروں کو منافقت کا خاتمہ کرنا ہوگا

 شہزادی سکینہ ؑ کی شہادت کی مناسبت سے ’عشرہ شہیدہ زنداں ‘منانے کا اعلان

اسلام آباد( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی وتحریک نفاذفقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھارتی پاگل پن کو روکے کشمیریوں پر کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال پر امریکی زبان اور میزائیل کیوں خاموش ہیں ؟ پاکستانی وزیر خارجہ نے یواین میں بھارت کا مکروہ چہرہ عیاں کردیاعالمی اداروں کے لب بھارتی جنون پر سلے رہے تو کرہ ارض کو بد ترین تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ،سی پیک پاکستان کی ترقی بقا اور سلامتی کا ضامن ہے کوئی ایسی چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے جس سے دشمن فائدہ اٹھائے ،عدل و انصاف کے تقاضے پورے کئے بغیر گرفتاریاں کرنا سیاسی و جمہوری عمل کیلئے نقصان دہ ہوسکتا ہے ، حلا ل میں بھی حساب اور حرام میں عذاب ہے احتساب پر انتقام یا سودابازی کی چھاپ نہ لگنے دی جائے ،ہم حسینیؑ اورموسوی ہیں تختہ دار پر بھی کلمہ حق سے گریز نہیں کریں گے ہماری دوستی دشمنی کا معیار اسلام پاکستان اور انسانیت ہیں، کشمیر و فلسطین کے کمسن بچے عالمی بے حسی کا ماتم کررہے ہیں ، میدان کربلا اور زندان شام میں کم سنوں شہزادہ علی اصغرؑ و شہزادی سکینہ بنت الحسین ؑ کی شہادت نے یزیدیت کے چہرے سے منافقت کا لباس اتار پھینکا، کربلا کی کم سن اسیرہ شہزادی سکینہ بنت الحسین ؑ کی شہادت کی مناسبت سے 27محرم سے 6صفر تک ’عشرہ شہیدہ زنداں ‘منا یا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم اور تلہ گنگ کے عزاداروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ بھارت دھڑا دھڑ اسلحہ جمع کررہا ہے امریکہ اسرائیل یورپ کے بعد اب روس سے بھی جدید میزائیلوں کی خریدار ی پاکستان اور چین کے خلاف بھارت کی جنگی تیاریوں کی مظہر ہے پاکستان بار ہا عالمی اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کرا چکا ہے لیکن عالمی اداروں کا کردار منافقانہ اور دوہرا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے قیام پاکستان کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا اور آج تک پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے نئے نئے ہتھکنڈے استعما ل کئے جارہے ہیں جب سے مودی نے اقتدار سنبھالا پاکستان کے بارے میں جارحانہ رویہ اختیار کررکھا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں جبرو تشدد اور ظلم و بربریت کی سیاہ تاریخ رقم کررہا ہے آج تک اس نے مذاکرات کی نوبت نہیں آنے دی یواین میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کو بھی بھارت نے سبو تاژ کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مودی د ن بدن پاکستان کے ساتھ کشیدگی بڑھا رہا ہے تاکہ آمدہ انتخابات میں بھارتی عوام کو دھوکہ دے سکے سرجیکل سٹرائیک اور جنگ مسلط کرنے کی دھمکیاں اسی سازش کا شاخسانہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت امریکہ اسرائیل کو پاکستان کے نظریہ اساسی اور ایٹمی قوت کے بعد سب سے زیادہ تکلیف سی پیک منصوبے سے ہے ، امریکہ اسی وا سطے بھارت کی زبان بولتا ہے جبکہ چانکیہ کا پیرو کاربھارت امریکہ کو جوتے کی نوک پر رکھ کرپابندیوں کے باوجود ایران سے بھی تیل اور روس سے ہتھیار ہتھیا رہا ہے ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے واضح کیا کہ امن کیلئے عالمی اداروں کو منافقت کا خاتمہ کرنا ہوگااور کشمیریوں فلسطینیوں کو استصواب رائے کا بنیادی حق دلوا نا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.