حسن نصراللہ کی شہادت: تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے اسرائیلی حملے کی شدید مذمت؛ گریٹر اسرائیل ایجنڈا جاری‘ 39ملکی اتحاد کہاں ہے مسلم ممالک بیانات سے آگے بڑھیں، علامہ مقدسی
اسلام آباد (ولایت نیوز)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے لبنان پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصرا للہ اور بیٹی کی شہادت کو عظیم سانحہ قراردیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ او آئی سی کا ہنگامی سربراہی اجلاس بلایا جائے مسلم ممالک بیانات سے آگے بڑھیں ۔
مرکز مکتب تشیع سے جاری ہونے والے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ امریکی پشت پناہی سے گریٹر اسرائیل ایجنڈے کی تکمیل ہو رہی ہے ، جبر وتشدد اور منافقت سے حق کی آواز کو کبھی نہیں دبایا جا سکتا، ایک ایک کرکے تمام اسرائیل مخالف ممالک اور تنظیموں کو تباہ کردیا گیا عالم اسلام جاگے، شہادت ابوطالبؑ ایام الحزن کے پروگراموں میں مظلومین سے یکجہتی اور بھارت و اسرائیل کی مذمت کی جائے ۔
علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ 39ملکی اتحاد اور مسلم ممالک کے میزائیلوں کو حرکت میں آناہو گا، مسلم ممالک کی اسرائیل کے ساتھ محبت کی پینگیں اور بھارت کے ساتھ یارانے بند ہونی چاہئین، غزہ کے بعد اسرائیل لبنان کو تباہ کرنے پر تل گیا ہے لیکن عالم اسلام کاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیلی و بھارتی جارحیت اور امریکی منافقت کے مقابلے میں عالم اسلام کو متحد ہونا ہوگا ورنہ ایک ایک کرکے تمام مسلم ممالک کو تہہ تیغ کردیا جائے گا۔