عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع :مزاراتِ مقدسہ کی مسماری کیخلاف امت مسلمہ کا فقید المثال احتجاج ملک ملک شہر شہر قصبہ قصبہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے احتجاجی مظاہرے‘
جنت البقیع مسمار نہ کی جاتی تو دہشت گرد حرمین شریفین کی جانب آنکھ اٹھانے کی جرات نہ کرتے ‘رُشدی پیدا ہوتے نہ توہین آمیز خاکے بنتے،آغا حامد موسوی
سرزمین حجاز پر غیر مسلموں کے آثارمحفوظ مگر اسلامی آثار تباہی سے دو چار ہیں امریکہ عرب اسلامی اتحاد انتشار کا دیباچہ ہے،قطیف بحرین عوامیہ غزہ کی طرح محصور ہیں
سعودی پٹھو ہیں نہ ایرانی نمک خوار مشاہیر اسلام کے وفادار ہیں مزارات کی عظمت رفتہ بحال ہو نے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ٹی این ایف جے سربراہ کا سوگواروں سے خطاب
اسلام آباد کشمیر ہائی وے آبپارہ ،راولپنڈی مری روڈ،لاہور ایمپریس روڈ،جھنگ خیر پور انڈس ہائی وے گجرات دینہ گوجرانوالہ ٹیکسلا جی ٹی روڈ ، اٹک کوہاٹ روڈ،بھون روڈ چکوال پر ماتمی ریلیاں
کوئٹہ کراچی مظفر گڑھ ملتان بہاولپور پنڈی گھیب سکھرسرگودھا مظفر آبادمیں پریس کلب کے سامنے ، پشاور قصہ خوانی بازار ،لاڑکانہ جناح چوک میں ٹی این ایف جے کی احتجاجی مظاہرے
قراردادوں میں سانحہ پارا چنار، کوئٹہ اور کراچی، شان علی ؑ میں گستاخی کی مذمت ،ایکشن پلان پر سختی کیساتھ عملدرآمد ،کا لعدم جماعتوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ مظلومین سے اظہار یکجہت
—————————————–
اسلام آباد ( ولایت نیوز رپورٹ ) جنت البقیع وجنت المعلیٰ میں مدفون دختر رسول ؐ خاتون جنت حضرت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ، امہات المومنین حضرت خدیجۃ الکبری حضرت عائشہؓ حضرت حفصہؓ اور صحابہ کبارؓ حضرت عثمانؓ ،آئمہ اہلبیت ،سردار جنت امام حسن ؑ امام زین العابدین ؑ ، امام باقر، امام جعفر صادق ؑ کے مزاراتِ مقدسہ کی مسماری اور تاراجی کیخلاف قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق سوموار کو عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع دنیا بھر کی طرح پورے پاکستان میں مذہبی و قومی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔پاکستان کے تمام شہروں قصبوں دیہات کی طرح امریکہ برطانیہ کینیڈااٹلی یونان مشرق و سطی افریقہ آسٹریلیا میں احتجای ریلیاں نکالی گئیں ماتمی احتجاج کیا گیا اس مناسبت سے سوگواروں سے اپنے خطاب میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نیکہا کہ جنت البقیع کو گرانے کی قبیح حرکت نہ کی جاتی توکسی دہشت گرد کو مکہ و مدینہ میں حرمین شریفین کی جانب آنکھ اٹھانے کی جرات نہ ہوتی نہ ملعون رُشدی جیسے شاتم رسول پیدا ہوتے نہ رسالتمآب ؐ کی شان میں گستاخانہ و توہین آمیز خاکے بنتے،آلِ سعود سر زمین حجاز پر غیر مسلموں کے آثارمحفوظ اور مسلمانوں کے مقدس مقدس آثار کو ملیا میٹ کر رہی ہے ،امریکہ عرب اسلامی اتحاد عالم اسلام میں انتشار کا دیباچہ ہے، غزہ کی طرح بحرین اورسعودی عرب میں مکتب جعفر ابن محمد کے پیرو کارقطیف ،العوامیہ دیگر علاقوں میں محصور ہیں جھوٹے الزامات میں پھنسایاجارہاہے جس کا فائدہ صرف اسلام دشمن اٹھائیں گے ،مشرقی تیمور سوڈان میں حقوق کیلئے آواز اٹھانا جائز ہے تو بحرین ،قطیف اور عوامیہ میں بنیادی حقوق کیلئے کوشاں مظلوم عوام کیونکر دہشتگرد ہو سکتے ہیں؟عالمی ادارے نوٹس لیں۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ دہشتگردوں کی خالق استعماری قوتیں ہیں جو اپنے آقاؤں کیلئے مسلم ممالک میں انتشار کے الاؤ دہکاتے ہیں اور پھر جلتی پہ تیل ڈالنے کیلئے پٹھو حکمران کود پڑتے ہیں ،غیر تو غیر روزنامہ جہان پاکستان نے نفسِ رسولؐ حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی شان میں گستاخی کر ڈالی ہے، شان علی میں گستاخانہ حرکت پر مٹی نہیں ڈالنے دیں گے ،اخبار کا لائسنس ختم کر کے مقدمہ چلایاجائے ، غیرتوہینِ رسالت کریں تو سراپا احتجاج اورمسلمانوں میں سے کوئی کرے تو مٹی ڈال دیتے ہیں، قول و فعل کے اسی تضادنے مسلمانوں کو اوجِ ثریا سے زمیں پہ د ے مارا ہے،ایران ، قطر اور سعودی عرب باہم دست و گریبان ہیں جبکہ امریکہ کے انکے ساتھ تعلقات ا ستوارہیں تاکہ خوب امریکی و یہودی اسلحہ بکتا اور مسلمانوں کا خون بہتا رہے، مظلومینِ شام ایڑھیاں رگڑ رہے ہیں ،بچے یتیم ہو چکے ہیں اور المیہ پر المیہ جنم لے رہا ہے اور مسلم حکمران مزے سے تخت نشین ہیں یمن کے مظلوموں کا کوئی پراسان حال نہیں ۔آغا موسوی نے واضح کیا کہ ہم نہ سعودی پٹھو ہیں نہ ایرانی نمک خوار مشاہیر اسلام کے وفادار ہیں مزارات کی عظمت رفتہ بحال ہو نے تک احتجاج جاری رکھیں گے ۔درایں اثناء عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں احتجاجی جلسے ، مجالس عزا ہوئیں اور پرُامن احتجاجی ماتمی جلوس برآمد ہوئے ۔راولپنڈی میں عالمگیریوم انہدام جنت البقیع کا مرکزی ماتمی جلوس امامبارگاہ ناصر لعزا ء مری روڈسے نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے جنت البقیع کی خستہ حالی کیخلاف زبردست احتجاج کیا جبکہ ماتمی حلقوں نے ماتمداری و نوحہ خوانی کرکے رسول ؐ خدا کو اُن کی پیاری بیٹی حضرت فاطمہ زہرا ؑ ،ازواجِ مطہراتؓ اور صحابہ کبارؓ کے مزارات کے انہدام پر پرُسہ پیش کیا۔جلوس کی قیادت مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام ،ٹی این ایف جے کے مرکزی اور ذیلی شعبہ جات کے عہدیداران،صوبائی ،ریجنل اور ضلعی عمائدین کے علاوہ مذہبی تنظیموں کے رہنما و ماتمی سالار کر رہے تھے ۔شرکائے جلوس نے مزارات کی تاراجی کے خلاف اور انکی ازسرنوتعمیرکیلئے نعرے بلند کیے جبکہ مختار جنریشن کے سینکڑوں کمسن کارکن اور ابراہیم اسکاؤٹس کے جوان جنت البقیع کی شبیہ بینرز اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے جن پر جنت البقیع کی تعمیر سے متعلق نعرے درج تھے۔دورانِ جلوس تمام راستے نوحہ خوانی اور ماتمداری کا سلسلہ جاری رہا۔کمیٹی چوک میں جلوس نے ایک بڑے جلسے کی شکل اختیار کرلی ۔اس موقع پر ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے قائد ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا پیغام پہنچایا اور خطاب کیا ۔علامہ قمر زیدی نے کہاکہ انہدام جنت البقیع کے سانحے پر ہر کلمہ گو سوگوار ہے ۔ اس موقع شرکائے جلوس نے مختلف قراردادیں متفقہ طور پر بلند نعروں کی گونج میں منظور کیں جن میں مزاراتِ مقدسہ کی عظمت رفتہ کی بحالی ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو کھلا شہر قراردینے،فلسطین برما و مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کو بند کروانے، دہشتگردوں کا مکمل صفایا کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر سختی کیساتھ عملدرآمد کو یقینی بنانے کا لعدم جماعتوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا گیاآپریشن رد الفسادکی بھر پور تائید کر کی گئی سانحہ پارا چنار، کوئٹہ اور کراچی اور ایک اخبار کی جانب سے شان امیر المونین علی ابن ابی طالبؑ میں گستاخی کی پروزر مذمت کی گئی،کشمیر فلسطین برما ، بحرین یمن لیبیاشام عراق افغانستان قطیف، عوامیہ اور دیگر اسلامی ممالک میں ظلم کی چکی میں پسنے والوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا اجتماع قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی بصیرت افرز قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عہد کا اظہار کرتا ہے کہ مکتب تشیع کے حقوق ،عقائد حقہ کے تحفظ ،وحت و اخوت کے فروغ اور دین و وطن کی سربلندی کیلئے ان کے حکم پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔کمیٹی چوک میں پرجوش حیدری نعروں کی گونج میں قراردادوں کی منظوری کے بعد جلوس کے شرکاء ماتمداری اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے امامبارگاہ کرنل مقبول حسین پہنچے جہاں دعا و زیارت کے بعد جلوس اختتام پذیر ہوا۔مختار فورس ‘ابراہیم سکاؤٹس‘مختارجنریشن ‘ایم او اور ایم ایس او کے رضا کار تمام راستے جلوس کے انتظامی امور انجام دے رہے تھے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے جلوس کے روٹ پر سختی حفاظتی انتظامات کررکھے تھے۔پولیس افسران اور جوانوں کی بھاری نفری اس موقع پر جلوس کے ہمراہ تھی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کااحتجاجی ماتمی جلوس امامبارگاہ دربار سخی محمود بادشاہ ؒ سے برآمد ہواجس کی قیادت مختلف مکاتب کے علمائے کرام اور مذہبی عمائدین کررہے تھے ۔آبپارہ چوک میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری نے کہاکہ جنت البقیع کی تعمیر ایمانی ،روحانی اور انسانی مسئلہ ہے ، اقوام متحدہ اسلامی آثار کی عزت رفتہ بحال کرے۔علامہ بشارت امامی ،سید نعیم کاظمی نے بھی خطاب کیا جبکہ ضلعی جنت البقیع کے کنوینئر راجہ ایقان علی نے شرکائے ریلی اور انتظامیہ سے اظہار تشکر کیا۔بعدازاں جلوس میں شامل ماتمی حلقوں نے ماتمداری و نوحہ خوانی کی او رجلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا واپس دربار سخی محمود بادشاہ ؒ پہنچ کر دعا و زیارت کے بعد اختتام پذیر ہوا۔درایں اثناء ٹی این ایف جے کے ہیڈکوارٹر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق پشاور میں عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کی ضلعی کمیٹی کے زیراہتمام امامبارگاہ ماسٹر غلام حیدر چوک چاہ شہباز سے ماتمی احتجاجی جلوس نکالا گیا جو چوک شہیداں سے ہوتا ہوا قصہ خوانی بازار پہنچا ا،بعدازاں جلوس امامبارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔لاہور میں ایمپریس روڈ و پریس کلب سے گزر کر ماتمی ریلی مسافر خانہ بی بی پاک دامنہ پراختتام پزیرہوئی ۔کراچی میں ٹی این ایف جے ڈویژنل کونسل کے زیراہتمام کراچی پریس کلب کے سامنے عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر احتجاجی ماتمی مظاہرہ کیا گیا۔چکوال میں یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر امامبارگاہ گلستان زہرا پیر بخاری سے بھون چوک تک تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ضلع چکوال کے زیراہتمام پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔فتح جنگ میں پریس کلب اٹک کوہاٹ روڈ کے سامنے ٹی این ایف جے کے کارکنوں نے انہدام جنت البقیع کیخلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا ، پنڈی گھیب امام بارگاہ حسینیہ سے سکول چوک تک ،ٹیکسلا شہر میں مین ٹیکسلا چوک ،بہاولپور میں یونیورسٹی چوک سے بہاولپور پریس کلب احتجاج کیا گیاملتان میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی ماتمی ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت علامہ سید زاہد عباس کاظمی کی ۔ضلع صادق آباد میں منظوراحمد چانڈیو اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی ماتمی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔سرگودھا میں بڑی احتجاجی ریلی پریس کلب سرگودھا سے شروع ہو کر حسین چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ تحصیل جلانوالی چک نمبر 169 سرگودھامیں 8شوال کی مجلس عزا منعقد ہوئی اور ریلی بر آمد کی گئی۔ لاڑکانہ میں ٹی این ایف جے کی ضلعی کمیٹی کے زیر اہتمام عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کا جلوس امامبارگاہ قمر بنی ہاشم سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی روٹ سے گزر کر جناح چوک پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوا ۔فیصل آباد میں بیرون کچہری سے احتجاجی ریلی ہوئی جوپریس کلب کے سامنے اختتام پذیرہوئی ۔کوئٹہ میں عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے سلسلے میں امامبارگاہ ولی العصر ؑ ہزارہ ٹاؤن سے ماتمی احتجاجی جلوس برآمد ہوا ۔دینہ چوک جہلم روڈپرمختارجنریشن کی کمسن کارکنوں نے جنت البقیع کے انہدام کیخلاف زبردست ماتمی احتجاجی مظاہرہ کیا،اس موقع پرجی ٹی روڈپرٹریفک بندرہی ۔امامبارگاہ قصرسکینہ ؑ رتیاں سیداں سیالکوٹ میں جنت البقیع کے انہدام کے خلاف تحریک نفاذفقہ جعفریہ کی جانب سے ماتمی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس نے سبلائم چوک پہنچ کرجلسے کی شکل اختیارکرگیا،۔مظفرآباد،حیدرآباد،گلگت بلتستان،باغ،گجرات،ڈیرہ غازیخان،بھکر،ملتان،پریس کلب فتح جنگ ‘خیرپورمیرس،پریس کلب سکھر ،شہدادپور،میرپورخاص،کاکول،ایبٹ آباد،نوشہرہ،لالہ موسیٰ،کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان ، میانوالی میں بھی عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر احتجاجی ماتمی جلوس برآمد ہوئے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا۔در این اثناء امریکہ میں نیو یارک واشنگٹن سٹی ،کینیڈا کے شہر اوٹاو،بربرطانوی دارالحکومت لندن سعودی ایمبیسی کے سامنے،یونان، جرمنی، ساؤتھ افریقہ،آسٹریلیاسمیت دیگر ملکوں میں بھی یومِ انہدام جنت البقیع کے پرو گرام منعقد ہوئے۔