جب تک کربلا زندہ ہے کوئی طاقت اسلام و پاکستان کو زیر نہیں کر سکتی،آغا حامدموسوی; ملک گیر ’یوم شہداء‘ کے موقع پر محمد حسین شاد و شہدائے دین ووطن کو زبردست خراج تحسین

ولایت نیوز شیئر کریں

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پر ملک گیر ’یوم شہداء‘؛جب تک کربلا زندہ ہے کوئی طاقت اسلام و پاکستان کو زیر نہیں کر سکتی،آغا حامدموسوی
بعض سیاستدان گمراہ ہوچکے ہیں؛چین اور امریکہ کی دوستی میں توازن کی باتیں کرنے والوں کا دماغی توازن درست نہیں
حکومتیں حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کا فارمولہ مدنظر رکھتیں تو کبھی سفارتی محاذوں پر ناکام نہ ہوتیں نہ ملک پراکسی جنگوں کا اکھاڑہ نہ بناتا
شہید محمد حسین شاد کی قربانی نے نظریاتی مورچے کو ناقابل تسخیر بنادیاپاک فوج نے دنیا کو داعش جیسے درندوں کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ بخشا
ہم نے ان گنت روحانی فرزندوں کی شہادتوں کا زخم سہا، پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی پاسبانی کا فریضہ ایک لمحہ کیلئے بھی ترک نہیں کیا
دین و وطن کے دشمنوں سے دوستی رکھنے والے قوم کے وفا دار کبھی نہیں ہو سکتے، صاحبان اقتدار آج تک دوست دشمن کی بھی پہچان نہ کرسکے
کالعدم جماعتوں کی پشت پناہی شہدا کے خون سے بے وفائی ہے،شہداء کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے،یوم شہداء کی تقریب سے خطاب
پاکستان کے تمام شہروں میں شہدا کی قبروں پر چادر پوشی فاتحہ خوانی کی دعائیہ تقاریب، ریلیوں سیمینار زکانفرنسوں اور مجالس ترحیم کا انعقاد کیا گیا

اسلام آباد(ولایت نیوز ) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی کال پر ملک بھر میں 6جولائی کو شہدائے نظریہ پاکستان، مادر وطن پر جان نچھاور کرنے والے پاک فوج پولیس و سیکیورٹی اداروں کے سپوتوں اور دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہدائے ملت کو سپاس عقیدت پیش کرنے کیلئے ’یوم شہدا‘ منایا گیا۔

اس موقع پر پاکستان کے تمام شہروں میں شہدا ئے دین و وطن کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں فاتحہ خوانی کی دعائیہ تقاریب، سیمینار زکانفرنسوں اور مجالس ترحیم کا انعقاد کیا گیا شہداء کی یادگاروں پر چراغ روشن کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

یوم شہدا پر دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ دنیائے کفر ونفاق ایڑی چوٹی کا زور لگالے جب تک کربلا زندہ ہے کوئی طاقت اسلام و پاکستان کو زیر نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ کی دوستی میں توازن کی باتیں کرنے والوں کا دماغی توازن درست نہیں، ہر مشکل کا ساتھی چین اور ہر آزمائش میں پیٹھ دکھانے والا امریکہ کیسے برابر ہو سکتے ہیں؟بعض سیاستدان گمراہ ہوچکے ہیں سی پیک کے خلاف اشاروں کنایوں میں باتیں کرنادشمن کے ہاتھوں میں کھیلنا ہے، دین و وطن کے دشمنوں سے دوستی رکھنے والے قوم کے وفا دار کبھی نہیں ہو سکتے بیرونی پیسوں پر پلنے والوں پر گرفت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمارے ازلی دشمن بھارت کا دوست ہے اور مولائے کائنات علی ابن ابی طالب علیہ السلام صدیوں قبل یہ فارمولا رہتی دنیا کو دے چکے ہیں کہ دشمن کا دوست اور دوست کا دشمن بھی دشمن ہوتا ہے اور دوست کا دوست اور دشمن کا دشمن دوست ہوا کرتا ہے، حکومتیں دوست دشمن کے تعین میں اس زریں فارمولے کو مدنظر رکھتیں تو کبھی سفارتی محاذوں ہر ناکام نہ ہوتیں اور کبھی کوئی پاکستان کو پراکسی جنگوں کا اکھاڑہ نہ بناتا امریکہ کبھی پاکستان کا دوست نہیں تھا اور نہ بنے گاوہ صرف اپنے مفادات کا دوست رہا اور پاکستان کو ہمیشہ دلدلوں میں دھکیلتا رہاپاکستان کی بدقسمتی ہے کہ صاحبان اقتدار آج تک دوست دشمن کی بھی پہچان نہ کرسکے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ شہید محمد حسین شاد کی قربانی نے نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے قائم تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مورچے کو ناقابل تسخیر بنادیا،کشمیر جوناگڑھ مناوادر حیدر آباد دکن پر غاصبانہ قبضے سقوط مشرقی پاکستان ایٹمی دھماکوں اور دہشت گردی کی پشت پناہی تک بھارت کے ہر وار کا اصل ہدف دو قومی نظریہ رہا، ہم نے ان گنت روحانی فرزندوں کی شہادتوں کا زخم سہنے کے باوجود پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی پاسبانی کا فریضہ ایک لمحہ کیلئے ترک نہیں کیا،پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے کامیاب جنگ لڑ کر دنیا بھر کے مسلمانوں کو داعش جیسے درندوں کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ بخشا، کالعدم جماعتوں کی پشت پناہی کرنے والے شہدا کے خون سے بے وفائی کے مرتکب ہو رہے ہیں شہداء کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

راولپنڈی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی شہداء ریلی نے تمام شہدائے ملت کے مزارات پر حاضری دی

درایں اثنا ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں آمدہ اطلاعات کے مطابق جھنگ شور کوٹ میں محمد حسین شاد و علمدار شاہ شہید کی قبروں پر مختار فورس والنٹیئرز کے جوانوں نے چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اسلام آباد میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے عمائدین نے لانس نائک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کی قبر پر چادر چڑھائی، حیدری ٹاؤن میں شہداء کا نفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔

راولپنڈی میں شہدا ریلی نکالی گئی جو شہدائے سانحۃ شاہ نجف کی یادگار خیابان سر سید سے شروع ہوئی شرکائے ریلی نے حسینی محاذ کی شہید صفدر نقوی، عون محمد رضوی و شہدائے میلا د چٹیاں ہٹیاں کی قبور پر فاتحہ خوانی کرنے کے بعد شہدائے عزاداری ڈھوک سیداں کی قبروں پر دعائیہ تقریب کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔

کراچی میں شہید انور ترمذی شہید ثقلین کھوکھر ایڈووکیٹ سمیت دہشت گردی کے سانحات کے شہیدوں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی گئی، ملتان میں شہید علامہ ناصر عباس، پشاور میں سردار ممتاز علی قزلباش سردار علی اصغر جیواور دیگر شہدا کی یاد میں صوبائی دفتر میں داتحہ خوانی کی گئی۔

پشاور میں شہداء کی بلندی درجات کیلئے مجلس ترحیم

کوئٹہ میں شہید شبیر قزلباش ہزارہ برادری کے شہیدوں اور پاک فوج و پولیس کے شہیدوں کی قبروں پر چادر پوشی کی گئی، لاہور میں سانحہ مومن پورہ و سانحہ کربلا گامے شاہ کے شہدا کی قبروں پر دعائیہ تقاریب منعقد ہوئیں، ڈیرہ اسمعیل خان میں شہید جواد حسین جواد مکتار فورس والنٹیئرز کے شیر خان شہید اور دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کی قبور پر فاتحہ خوانی کی گئی۔

بھکر میں ٹی این ایف جے کے شہید صوبائی صدر علامہ کاظم حسین اثیر جاڑوی حماد اہلبیت محسن نقوی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، اس کے علاوہ سکھر خیر پورگجرات گوجرانوالہ سیالکوٹ جہلم کوہاٹ ہری پور ایبٹ آبادڈیرہ غازی خان شکار پور حیدر آباد میانوالی تلہ گنگ چکوال بہاولپور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم شہداء کی تقاریب منعقد ہوئیں اس موقع پر منظور کردہ قرار دادوں میں نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.