یوم شہادت ِحضرت امام محمد تقی ؑ : مجالس عزا کا انعقاد، تابوت امام جواد ؑ کی بر آمدگی؛پاکیزہ ہستیوں ؑکی توہین کے خلاف ماتمی احتجاج

ولایت نیوز شیئر کریں

یوم شہادت ِحضرت امام محمد تقی ؑ عقیدت واحترام کیساتھ منایاگیا، مجالس عزا کا انعقاد، تابوت امام جواد ؑ کی بر آمدگی؛پاکیزہ ہستیوں ؑکی توہین کے خلاف ماتمی احتجاج
توہین رسالت،گستاخانہ جسارتوں میں تیزی سوچی سمجھی عالمی سازش ہے،آغا حامد موسوی
استعمارنے اپنا کام کالعدم دہشت گردوں کے سپرد کررکھا ہے، حکومت،سیاسی جماعتیں کالعدم گروپوں کی سرپرستی ترک کرکے انہیں شکنجے میں جکڑیں
بھارت میں شان رسالت ؐ میں ہرزہ سرائی،بد بخت سلطان گل کی حضرت سکینہ بنت الحسین ؑ کی گستاخی پر مسلسل خاموشی سوالیہ نشان ہے؟
مقدس ہستیوں کی گستاخی سورج پر تھوکنے کے مترادف ہے، امام تقی الجواد ؑ کا روضہ حاجات کی قبولیت کا وسیلہ ہے۔قائد ملت جعفریہ کا مرکزی مجلس تقویٰ سے خطاب

اسلام آباد( ولایت نیوز)شہادت امام محمد تقی الجواد علیہ السلام کی مناسبت سے قائد ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کردہ ایام تقوی کے پروگرام عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے۔ اس موقع پر ملک بھر میں مجا لس عزا ء ہوئیں اور تابوت برآمد کئے گئے، علمائے کرام نے اپنے خطابات میں پاکیزہ ہستیوں کی شان میں مبینہ گستاخیوں کیخلاف سوشل میڈیامہم کی پرزورمذمت کی اورحکومت سے گستاخوں کیخلاف فوری کاروائی اورعبرت ناک سزادینے کامطالبہ کیا،ماتمداروں نے نوحہ خوانی اور پرُسہ داری کر کے بارگاہ ِرسالتؐ و امامت ؑمیں تعزیت و تسلیت پیش کی۔علمائے کرام،واعظین اور ذاکرین نے اسوہ امام تقی الجواد ؑ کی عملی پیروی کو سعادت و فلاح کی ضمانت قراردیا۔

یوم شہادت حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے موقع پر مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئےسپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ توہین رسالت کے واقعات،گستاخانہ جسارتوں میں تیزی سوچی سمجھی عالمی سازش ہے، امریکانے اپنا کام کالعدم دہشت گردوں کے سپرد کررکھا ہے، حکومت،سیاسی جماعتیں کالعدم گروپوں کی سرپرستی ترک کرکے انہیں شکنجے میں جکڑیں،بھارت میں حکومتی شہ پر شان رسالت ؐ میں ہرزہ سرائی،اورکزئی کے بد بخت سلطان گل کی حضرت سکینہ بنت الحسین ؑ کی شان میں گستاخی پر مسلسل خاموشی سوالیہ نشان ہے؟مقدس ہستیوں کی گستاخی سورج پر تھوکنے کے مترادف ہے کاظمین میں، امام تقی الجواد ؑ کا روضہ اقدس ہدایت کا سرچشمہ اور حاجات کی قبولیت کا وسیلہ ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالبؑ کا فرمان ہے کہ دوستی اسی سے رکھی جائے جو سچا اور ہمدرد ہو اسی طرح دشمن کا دشمن دوست بھی ہوتا ہے چین وہ واحد ملک ہے جو تمام معیارات پر پورا اترتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ استعماری سرغنے نے ہمیشہ پاکستان کو استعمال کیا اور مشکل وقت میں ازلی دشمن کو ترجیح دی، افغان جنگ کے نقصانات پاکستان نے اٹھائے اور ثمرات امریکہ نے دشمن کی جھولی میں ڈالے۔انہوں نے کہا کہ 80 سے زائد جماعتوں کو سرکاری طور پر کالعدم قرار دیا جاچکا ہے لیکن حکومتیں محض کھالیں جمع کرنے کی پابندی لگا کر انہیں عوام کی کھالیں اتارنے کیلئے کھلا چھوڑ دیتی ہیں، آج بھی کالعدم جماعتیں ہمیشہ کی طرح پریشر گروپ بن کراپوزیشن و حکومت کی دوستیوں سے لطف اندوز ہورہی ہیں حکومتیں صرف شریف آدمی پر ہاتھ ڈالتی ہے جنہیں شیڈول فور میں ڈال کراور شناختی کارڈ ضبط کرکے انہیں نان شبینہ سے بھی محروم کر دیا جاتا ہے ملک دشمنوں کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے خدارا نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ تمام آئمہ اہلبیت ؑ کی پیشانیوں پر شہادت کا نشان عظمت آفتاب و مہتاب کی طرح جگمگا رہا ہے نویں امام محمد تقی علیہ السلام نے دین و شریعت کو اہل اقتدار و اغیار کے حملوں سے بچاتے ہوئے صرف 25سال کی عمر میں جام شہادت نوش کیا شیعہ سنی مورخین متفق ہیں کہ امام محمد تقی علم و دانش اور کمال عقل و ادراک میں اپنے زمانے کے تمام انسانوں سے افضل تھے علم، تقوی،زہد، سخاوت میں ممتاز و منفرد اور آباء کی مثل تھے،الہی احکام اور دین مصطفوی ؐ کیلئے امام محمد تقی علیہ السلام کی فداکاری و جانثاری ہر عہدکے حریت پسندوں کیلئے مشعل راہ رہے گی۔درایں اثنا ٹی این ایف جے کی کال پر شہادت امام تقی علیہ السلام کی مناسبت سے ملک گیر ایام تقوی کے اختتام پر ملک بھر میں مجالس عزا منعقد کی گئیں اور جلوس تابوت برآمد ہوئے اس موقع پر تمام شہروں میں آئمہ اہلبیت کی شان میں گستاخی کے خلاف ماتمی احتجاج بھی کئے گئے جن میں گستاخان رسول و اہلبیت ؑ کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

راولپنڈی ریجن میں بھی شہادت امامم تقی علیہ السلام کی مناسبت سے مجا لس عزا ء ہوئیں اور تابوت برآمد کئے گئے، علمائے کرام نے اپنے خطابات میں پاکیزہ ہستیوں کی شان میں مبینہ گستاخیوں کیخلاف سوشل میڈیامہم کی پرزورمذمت کی اورحکومت سے گستاخوں کیخلاف فوری کاروائی اورعبرت ناک سزادینے کامطالبہ کیا،ماتمداروں نے نوحہ خوانی اور پرُسہ داری کر کے بارگاہ ِرسالتؐ و امامت ؑمیں تعزیت و تسلیت پیش کی۔علمائے کرام،واعظین اور ذاکرین نے اسوہ امام تقی الجواد ؑ کی عملی پیروی کو سعادت و فلاح کی ضمانت قراردیا۔راولپنڈی میں مرکزی ماتمی جلوس تابوت مشہدی ہاؤس ڈھوک سیداں میں کاشف کاظمی و برادران کے زیر اہتمام برآمد ہوا جس میں درجنوں ماتمی حلقوں نے پرسہ داری میں حصہ لیا،اس موقع پر مقامی پولیس،ابراہیم سکاؤٹس اور مختار فورس والنٹیرزکی جانب سے جلوس کے روٹ پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ماتمی جلوس اپنی منزل مقصود امام بارگاہ قصر شبیر ؑ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

قبل از ایں مشہدی ہاؤس میں مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہا کہ اسوہ امام الجواد ؑ دنیائے زہد و تقویٰ کیلئے مینارہ ِنور ہے۔مجلس عزاء میں سید محمد واصف مشہدی نے منقبت پیش کی جبکہ قاضی وفا عباس نے نظامت کے فرائض سر انجام دئیے۔انجمن کنیزان امام العصروالزمان کے زیراہتمام شعب ابیطالب میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ آپاحسین نے کہا کہ امام تقی علیہ السلام کی پاکیزہ سیرت پر عمل پیرا ہو کر امت مسلمہ مصائب و آلام سے نجات حاصل کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امام محمد تقی ؑ ظالم و جابر حکمرانوں سے نبرد آزما ہونے اور آبرو مندی کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا سلیقہ سکھایا۔قصر ابو طالبؑ آباد مغل آبادمیں یوم تقویٰ کی مجلس سے علامہ سید محسن علی ہمدانی اورسید نصیر حسین سبزواری نے خطاب کیا۔مسجد و امام بارگاہ اہلبیت ؑ واہ کینٹ میں علامہ حسین مقدسی اور دیگر ذاکرین نے یوم تقویٰ کی مجلس سے خطاب کیا۔

سید الف شاہ نقوی کے زیر اہتمام شہادت امام تقی الجواد ؑ کی مجلس کھیری مورت میں منعقد ہوئی جس سے ذاکر آغا حسنین کاظمی اور دیگر ذاکرین نے خطاب کیا مجلس عزا کے اختتام پر تابوت امام الجواد برآمد ہو اجس میں چک بیلی خان، چکری اور دیگر علاقوں کی ماتمی تنظیموں نے پرسہ داری کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.