لاپتہ شہری بازیاب کرائے جائیں حکومت بڑے اقدام پر مجبور نہ کرے،قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
آئینی و انسانی حقوق پامال کرکے حکومت شیعہ سنی سمیت تمام قومیتوں کو بڑا اقدام اٹھانے پر مجبور نہ کرے، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
لاپتہ شہریوں کے دھرنے کے مطالبات تسلیم کئے جائیں،عمران خان یو ٹرن نہ لیں، کسی کے خلاف الزامات ہیں تو عدالتوں میں پیش کیا جائے
کالعدم دہشت گرد جماعتوں کے سربراہ دندناتے پھر رہے ہیں سیکیورٹی اداروں کو گالی دینے والے سرکاری پروٹوکول کے مزے اڑا رہے ہیں
اندرونی اختلافات بڑھا کر پاکستان کو دولخت اورکالاباغ ڈیم جیسے سنہری منصوبے کو مٹی تلے دفن کردیا گیا،ارباب حل و عقد سابقہ غلطیوں سے سبق سیکھیں
دشمن عوام اور سیکیورٹی اداروں کو متصادم کرنا چاہتا ہے جسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے،رمضان انسانی حقوق کی پکار ہے،استقبال رمضان کمیٹی سے خطاب
اسلام آباد ( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ آئینی و انسانی حقوق پامال کرکے حکومت شیعہ سنی سمیت تمام قومیتوں کو بڑا اقدام اٹھانے پر مجبور نہ کرے، عمران خان اقتدار میں آنے سے پہلے کئے گئے دعووں پر یوٹرن نہ لیں لاپتہ افراد کی بازیابی سمیت قوم سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں، رمضان سے قبل لاپتہ شہریوں کی بازیابی کیلئے دیئے گئے دھرنے کے مطالبات تسلیم کئے جائیں، اگر کسی کے خلاف الزامات ہیں تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے، کالعدم دہشت گرد جماعتوں کے سربراہ دندناتے پھر رہے ہیں سیکیورٹی اداروں کو گالی دینے والے سرکاری پروٹوکول کے مزے اڑا رہے ہیں سارا نزلہ غریبوں اور لا وارث لوگوں پر گرایا جا رہا ہے، دشمن عوام اور سیکیورٹی اداروں کو متصادم کرنا چاہتا ہے جسے کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے پاکستان کی عزت و حرمت کو عروج پر پہنچانے اور داخلی استحکام کیلئے سیکیورٹی ادارے لاپتہ افراد کو بازیاب کرائیں اور انکے بارے میں حقائق سامنے لائیں،اندرونی اختلافات کو بڑھا کر پاکستان کو دولخت کیا گیا اور کالاباغ جیسے سنہری منصوبوں کو مٹی تلے دفن کردیا گیاارباب حل و عقد سابقہ غلطیوں سے سبق سیکھیں، اقوام متحدہ شیاطین ثلاثہ امریکہ بھارت اسرائیل کو بھی دہشت گرد قرار دے، اللہ کا مہینہ رمضان انسانی حقوق کی پکار ہے انسانی حقوق کی پامالیاں روک کر ہی اللہ کے مہینے کے تقاضے پورے کئے جاسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایام استقبال رمضان کمیٹی کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ پورے ملک میں ایسا تاثر عام کردیا گیا ہے کہ پاراچنار سے تفتان اور گلگت و بلتستان سے کراچی تک ہر شہری اپنے تحفظ کیلئے تشویش میں مبتلا ہے کہ نہ جانے اسے کب اٹھا لیا جائے، یقینا جنہیں اٹھایا گیا ہے نہ انہیں زمین نے نگلانہ آسمان نے اٹھایا، مادر وطن کی عزت و حرمت کیلئے یہ لازم ہے لاپتہ افراد کو غائب کرنیو الوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ 73کے آئین کے آرٹیکل 4کے تحت ہر شہری کا ناقابل انتقال حل ہے کہ اسے قانون کا تحفظ حاصل ہو اور اسکے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے اور کوئی ایسی کاروائی نہ کی جائے جو اس شہری کی جان آزادی جسم شہرت یا املاک کیلئے نقصان دہ ہو سوائے اسکے کہ قانون اس کی اجاززت دے اور کسی کو ایسے کام پر مجبور نہیں کیا جاسکتا جس کا کرنا اس کیلئے قانوناضروری نہ ہوآئین کے آرٹیکل دس کے تحت جس قدر جلد ممکن ہو شہری کو نظر بندی یا گرفتاری سے آگاہ کیا جائے گا اوراسے پسند کے قانون دان سے مشورہ کرنے اور صفائی پیش کرنے کا مکمل حق دیا جائے گا نیز ہر وہ شخص جو نظر بند ہو یاگرفتار اسے حراست کے 24گھنٹوں کے اندر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنا لازم ہے۔
آغا سید حامد علی شاہ موسو ی نے کہا کہ امریکہ اور اسکے پٹھوؤں نے جنگجوؤں کے تربیتی کیمپ بنا کر دہشت گرد وں کی تربیت کی اور اایسے حالات پیدا کئے کہ دہشت گردی کو بڑھاوا ملا لہذا ان ممالک پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ازلی دشمن بھارت نے پاکستان کو زک پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیاپاکستان پر جنگیں مسلط کیں مشرقی پاکستان میں علیحدگی کی تحریک کو اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پروان چڑھایا، ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو دھمکایالیکن ان سب سازشوں کے باوجود پاکستان ایٹمی قوت کے طور پر دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے سی پیک کی وجہ سے دشمن کی نیندیں مزید حرام ہو چکی ہیں۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ پاکستان کے تمام حکمرانوں نے اپنے مفادات اور ذاتی جماعتی منفعت کو ترجیح دی اور قومی و ملکی مفادات کو ہمیشہ پس پشت رکھا، حکمرانوں کو دشمن کے پینتروں اور حربوں سے مزید محتاط ہو جانا چاہئے تھا اور اگر ایسا ہوتا تو پاکستان کبھی دہشت گردی سے لہو لہو نہ ہوتا لیکن غلطیوں پر غلطیوں کی روش وطن عزیز کو کمزور اور دشمن کی سازشوں کو پنپنے ک اموقع دے رہی ہیں۔
آقائے موسوی نے کہا کہ اسلام ملت واحدہ ہے اور پاکستان کا آئین ہر شہری کے حقوق کا ضامن ہے، شیعہ بریلوی سندھی پشتون سرائیکی ہزارہ مہاجر کو قومی جسد سے علیحدہ کرنے کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے حکومت کو سب سے نمایاں کردار ادا کرنا ہوگا۔