
ذات مصطفیؐ انسانوں پر اللہ کا احسان عظیم ہے گستاخانہ خاکوں کے خلاف پوری دنیا ہم آواز ہوجائے ،آغا حامد موسوی
ذات مصطفیؐ انسانوں پر اللہ کا احسان عظیم ہے گستاخانہ خاکوں کے خلاف پوری دنیا ہم آواز ہوجائے ،آغا حامد موسوی
فرانس میں دہشت گردی کے پیچھے خاکے بنوانے والی قوتیں ہیں، فرانسیسی صدر دجالی قوتوں کے ہاتھوں کھلونا بن چکے ہیں
ناموس مصطفی کی حفاظت امت مسلمہ کی غیرت و حمیت کا مسئلہ ہے،رحمت نبوی انسانیت پر سایہ فگن نہ ہو تی تو دنیا تباہ و برباد ہوجاتی
ساری دنیا جان لے امن وآزادی کاراز ذات مصطفی کی توہین نہیں اتباع اور تعظیم میں مضمر ہے شیطانی قوتیں انسانیت کو ہزار سال پیچھے دھکیلنا چاہتی ہیں
اللہ نے سب سے پہلے نور مصطفی کو خلق کیا، ہادی برحق کی آمد پر فرشتوں اور بہشت نے بھی خوشےاں منائیں ، ہفتہ وحدت و اخوت کمیٹی سے خطاب
عید میلاد النبی کے تمام جلوسوں میں ٹی این ایف جے بھرپور شرکت کرے گی،شیعہ سنی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا، مرکزی کنوینر وحدت و اخوت کمیٹی
اسلام آباد(ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماءبورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانوں پر اللہ کا احسان عظیم ہے گستاخانہ خاکوں کے خلاف پوری دنیا ہم آواز ہوجائے ،فرانس میں دہشت گردی کے پیچھے خاکے بنوانے والی قوتیں ہیں فرانسیسی صدر دجالی قوتوں کے ہاتھوں کھلونا بن چکے ہیں ،شیطانی قوتیں مذاہب کو لڑا کر انسانیت کو ہزار سال پیچھے دھکیلنا چاہتی ہیں ا ورفتنہ و فساد کو پروان چڑھا کر انسانیت کی تباہی و بربادی کے سامان کررہی ہیں ساری دنیا جان لے امن وآزادی کا فروغ ذات مصطفی کی توہین نہیں اتباع اور تعظیم میں مضمر ہے، ناموس مصطفی کی حفاظت امت مسلمہ کی غیرت و حمیت کا مسئلہ ہے، عالم اسلام متحد ہو کر گستاخان رسالت کو جواب دے ، اگر اللہ کی رحمت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صورت انسانیت پر سایہ فگن نہ ہو تی تو دنیا تباہ و برباد ہوجاتی ،دامان مصطفی سے وابستگی ہی انسانیت کو امن ، امان ، عافیت ، صحت ، کمال وعروج کے ساتھ ساتھ دنیا و آخرت میں فلاح عطا کرسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی ہفتہ وحدت و اخوت کمیٹی کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ماہ ربیع الاول وہ مقدس و مبارک مہینہ ہے جس میں خطہ ارضی کو اللہ نے وجود مصطفی سے منور کیا،تاجدار مدینہ رب العالمین کی وہ تخلیق اولیں ہیں جنہیں اللہ نے عالمین کیلئے رحمت بنا کربھیجا اور سورہ بقر ہ میں دنیا کو بتادیا کہ’پس اگر تم پر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت نہ ہوتی تو تم یقیناً خسارہ پانے والوں میں ہوتے‘، ہادی برحق کی آمد پر فرشتوں اور بہشت نے بھی خوشیاں منائیں ،آنحضور کی ولادت پرآسمانوں اور زمینوں پر منادی کرائی گئی کوئی چلنے والا اور پرواز کرنے والا ایسانہ تھا جس کو آنحضور کی ولادت کی خبر نہ ہوئی ہو۔تمام بہشتوں کو آراستہ کیا گیااور انہیں فرمایا گیا کہ خوشی مناؤکیونکہ آج تمہارے دوست اور دوستوں کے پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت ہوئی ہے یہ سن کر ہر جنت خوش ہو کر مسکرائی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے آدم سے لے کر بعد میں جتنے نبی مبعوث کئے سب سے اس بات کا عہد لیا کہ تم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لانااور آپ کی مدد کرنا۔تمام انبیاءیہ عہد اپنی قوم سے لیا کرتے تھے، اللہ نے سب سے پہلے نور محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خلق کیااسی لئے ہر نبی خاتم الانبیاءمحمد مصطفی پر ایمان لاتا رہا۔آغا سید حا مدعلی شاہ موسوی نے کہا کہ ان سب میں حضور کا ذکر اور ان کی ولادت و عترت کا ذکر موجود ہے ۔سوائے حضرت عیسی ؑو حضرت محمد کے کسی نبی کی ولادت کے وقت فرشتے نازل نہیں ہوئے ۔سوائے حضرت مریمؑ اور حضرت آمنہؑ کے کسی اور خاتون کےلئے آسمانوں کے پردے نہیں ہٹائے گئے،خاتم الانبیاءحضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ نے تمام مخلوقات پر فضیلت دی تمام نبیوں کا سردار بنایا، ہر نبی اپنی کسی ایک خصوصیت کی کی وجہ سے دوسروں سے ممتاز تھا لیکن نبی کریم محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان تمام خصوصیات کا مرقع تھے جو انبیاءکرام میں موجود تھیں ، نبی کریم فخر آدم و عیسی ٰ قرار پائے ۔
انہوں نے کہا کہ جب رسول خدا کی ولادت ہوئی تو شیطان کا داخلہ ساتوں آسمانوں پر بند کردیا گیا اور اسے رَجم کیا گیا۔جب نبی کریم دنیا میں تشریف لائے تو آپ نے اپنا بایاں ہاتھ زمیں پر رکھا اور دائیں ہاتھ کی انگشت شہادت کو بلند کرکے لا الہ الا للہ انا محمد رسول اللہ پڑھا ۔آپ کی جبین مبین سے ایسا نور ظاہر ہوا کہ تمام اہل مکہ نے شام،بصرہ،یمن کے تمام محلات بہ چشم خود دیکھے اور اتنا نور تھا جسے دیکھ کر تمام جن و انس گھبرا گئے۔
اس موقع پر وحدت و اخوت کمیٹی کے کنوینز شوکت عباس جعفری نے آقائے موسوی کو آگاہ کیا کہ ٹی این ایف جے کی وحدت و اخوت کمیٹیاں پاکستان کے تمام شہروں میں برآمد ہونےو الے میلاد جلوسوں میں بھرپور شرکت کریں گے مختار فورس والنٹیئرز اور ابراہیم سکاو¿ٹس جلوسوں کے دوران رضاکارانہ خدمات سرانجام دیں گے 12تا18ربیع الاول ملک بھر میں خصوصی محافل میلاد صادقین منعقد ہوں گی جن میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف پرامن صدائے احتجاج بلند کی جائے گی اور شیعہ سنی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے وحدت و اخوت کمیٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل اتحادو یگانگت میں مضمر ہے ۔