بلوچستان میں قیام امن کیلئے فوری اے پی سی بلائی جائے، طارق جعفری
کوئٹہ(ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور بے گناہ شہریوں کے جان و مال کو لاحق خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان سے فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تحریک کے ترجمان اور لسانِ تحریک طارق جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانا ریاست اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے موجودہ حالات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان دشمن عناصر بدامنی اور انتشار کو ہوا دے کر ملک کے استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، جن کے خلاف بروقت اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بلوچستان تمام سیاسی، مذہبی، قبائلی، سماجی اور قومی قیادت پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے تاکہ بلوچستان میں پائیدار امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ، قومی یکجہتی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ، جامع اور قابلِ عمل حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔
طارق جعفری نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور کسی بھی دہشت گرد گروہ، شدت پسند تنظیم یا بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے زور دیا کہ ملک کی سلامتی، قومی وحدت اور آئین کی بالادستی کے لیے تمام مکاتبِ فکر اور سیاسی قوتوں کو اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں متحد ہونا ہوگا۔
انہوں نے پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان پاکستان کے دفاع، قومی وحدت اور بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔
