ام الآئمہؑ کی آمد پر فرزندان زہراؑ کے حرمین پر منفرد جشن: زائرین کی تواضع، مشاعرے کا اہتمام
کربلائے معلی (ولایت نیوز) خاتون جنت شافعہ محشر الحوراء الإنسيّة أمّ أبيها سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ الزہرہ سلام اللہ علیہا کے جشن میلاد کے پُرمسرت اور مبارک موقع پر روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کا منظر دیدنی تھا ہر سو پھولوں کی بہار نظر آرہی تھی۔

رحمۃ اللعالمین ؐ کے گھر میں رحمت کی آمد پر ہر عاشق رسول ؐ خوشی سے سرشار نظر آرہا تھا دن کا آغاز پر مقدس روضوں کے خدام نے اپنے روایتی لباس پہن کر پھول اور مٹھائی ہاتھ میں تھامے حرم مطہر کے ہر دروازے پہ زائرین کا استقبال کرتے رہے اور انھیں اس بابرکت دن کی مبارک باد کے ساتھ مٹھائی اور پھول پیش کرتے رہے۔
روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ شعائر حسینی کی جانب سے 20 جمادی الثانی کی شام ما بین الحرمین سالانہ محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔
اس محفل مشاعرہ میں کربلا کے گورنر، روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام و حضرت عباس علمدار علیہ السلام کے عمائدین ،سرکاری افسران اور ملک کے نامور شعراء کرام کے علاوہ مومنین اور زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
خوشی اور مسرت کے اس ماحول میں مشاعرے کا آغاز قرآن پاک کی آیات کی تلاوت سے ہوا اور اس کے بعد شہدائےعراق کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔

روضہ مبارک حضرت عباسؑ کی جانب سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن پروفیسر ڈاکٹرعباس راشد الموسوی نے تقریب سے خطاب کرتے اس مبارک دن کی مناسبت سے تمام مومنین کو مبارک باد پیش کی۔ اس دن کی افضلیت اور اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا: ” ہم سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ الزہراء (علیھا السلام) کے یوم ولادت کے احیاء اور اس مبارک دن کی خوشیاں منانے کے لئے جشن اور تقریبات کے انعقاد کے لئے خصوصی اہتمام کرتے ہیں تاکہ ہم اس دن کی برکات کے ساتھ ساتھ خدا کی رحمت اور بخشش حاصل کر سکیں۔
اس کے بعد متعدد شعراء نے سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ الزہراء علیھا السلام اور اہلیبت اطہار علیہم السلام کےحضور اپنی محبت اور مودت کا اظہار کرتے ہوئے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
اس محفل مشاعرہ میں عراق کے معروف شعراء کرام جناب نجاح العرسان، نوفل الحمدانی، فراس الاسدی اور مصطفیٰ العیساوی نے اپنا کلام بارگاہ خاتون جنت میں پیش کیا۔
محفل کے اختتام پر نامور عرب نوحہ و منقب خواں محمد امیر التمیمی نے أمّ أبيها حضرت فاطمہ الزہراء عليها السلام کی شان میں نہایت خوبصورت قصائد پڑھ کر سماں باندھ دیا۔