یوم القدس حمایت مظلومین : ملک بھر میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے کارکنوں کے مظاہرے ریلیاں جلسے
عالمی یوم القدس حمایت مظلومین : تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پر ملک گیرمظاہرے اور احتجاجی ریلیاں
مسلم امہ کی عزت دوبالا کرنے کیلئے مسلم حکمران انا کے خول سے باہر نکلیں۔قائدملت جعفریہ آغاحامد موسوی
استعمار نے مسلمانوں کا ناک میں دم کررکھا ہے، یورپی یونین کی قرارداد پر مثبت پیش رفت نہ ہوناافسوسناک ہے، مسلم حکمران جراٗت کامظاہرہ کریں
او آئی سی دنیا پر واضح کردے کہ ابلیسی قوتیں ہمارے درمیان ہر گزرخنہ نہیں ڈال سکتیں،فلسطین و کشمیر کے مسائل کا سبب امتِ مسلمہ کا اندرونی انتشارہے
عالمی استعمارکا آپس میں ایکا ہے،مسلم امہ کی عزت دوبالا کرنے کیلئے مسلم حکمران مسائل کے حل کیلئے ویٹو کا حق حاصل کریں۔ آقای موسوی کا خصوصی پیغام
اسلام آباد(ولایت نیوز)سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے جمعۃ الوداع عالمی یوم ُ القدس حمایت مظلومین کے موقع پراس عہدکاعادہ کیا ہے کہ مشترکہ دشمن کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ثابت کردیں گے کہ اسلام صلح و آشتی کا دین اورامن کا پیمبر ہے جونہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔ اس امرکااظہارانہوں نے عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے موق پر اپنے خصوصی پیغام میں کیاہے جوجمعۃ الوداع کو دنیابھرکی طرح وطن عزیزپاکستان میں مظلومین کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ملی جذبے کیساتھ منایا گیا۔
وفاقی دارالحکومت میںٹی این ایف جے کی جانب سے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میںعلامہ بشارت حسین امامی نے قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کا خصوصی پیغام پیش کیا جس میں انہوں نے مسلم امہ پرزوردیاہے کہ وہ القدس شریف سمیت تمام مقبوضہ مسلم علاقوں کی بازیابی، کشمیروفلسطین کی آزادی اورعالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے نظریہ اساسی کی بنیادپرمعرض وجودمیں آنے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی قیادت کو تسلیم کرے جو آج بحمدللہ ایٹمی قوت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خلاف یورپی یونین کی قرارداد پر مثبت پیش رفت نہ ہوناافسوسناک ہے ، مسلم حکمران جرات حیدریؑ کا مظاہرہ کریں۔

آغا حامد موسوی نے اپنے پیغام میں باورکرا یا کہ خدا کے فضل و کرم سے ا س وقت پانچ درجن کے قریب مسلم ریاستیں صفحہ ارضی پر موجود ہیں اور مسلمان پوری انسانیت کا 1/5حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک خدا کے بے بہا انعام و اکرام کی بدولت ہر قسم کی قیمتی معدنیات سے مالا مال ہیں جنہیں بروئے کارلا کر وہ اپنی اقتصادیات کو مضبوط کر سکتے ہیں، اہم ترین علاقے اُن کے کنٹرول میں ہیں۔
آقای موسوی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس الطاف و اکرام کے باوجود عالمی استعمار نے مسلمانوں کا ناک میں دم کررکھا ہے،چھ عشروں سے کشمیروفلسطین ہنود ویہود کے قبضے میں ہیں ،دینی شعار میں سے خدا کی ایک عظیم نشانی بیتُ المقدس پر یہودیوں نے غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے جس کی وہ آئے دن بے حرمتی کرتے رہتے ہیں،کشمیروفلسطین کے عوام پر کونسا ظلم نہیں ہوا؟ مگر بدقسمتی سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود نہ تو القد س کو بازیاب کرایا جاسکا اور نہ کشمیر و فلسطین میں اُن پر عملدرآمد ہوا اور نہ یہ دیرینہ مسائل وہاں کے عوام کی اُمنگوں کے مطابق حل ہوئے۔
آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی نے یہ بات زوردیکر کہی کہ فلسطین و کشمیر کے مسائل کے لا ینحل رہنے کا سب سے بڑا سبب امتِ مسلمہ کا اندرونی افتراق و انتشار ،عالمی استعمارکا آپس میں ایکا اورمسلم امہ پر اُن کی متحدہ یلغار ہے۔انہوں نے کہا کہ جو ڈرتا ہے وہی مرتا ہے ،پورے عالم اسلام پر خوف و ہراس کے بادل چھائے ہیں ،امتِ مسلمہ اپنا ملی تشخص کھو چکی ہے کیونکہ بیشتر مسلم حکمران حصولِ اقتدار،بقائے اقتدار اراور عالمی استعمار کی خوشنودی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جس کی وجہ سے ہمارے لیے ہر طرف سے مار ہی مار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جغرافیائی حدود سے بالا تر ہوکر کسی ایک ملک یا مسلک پر حملہ پور ی امتِ مسلمہ پر حملہ تصور کرنا ہوگا۔ آقا ی موسوی نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان جس سیاسی انحطاط سے دوچار ہے اُسکے حل کیلئے انتقامی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرنا،خواہشات و جذبات کو قابو میں رکھنا اور وحدتِ فکر و عمل واخلاقیات کو شعار بنانا ہوگا ۔

ٹی این ایف جے اسلام آبادالقدس حمایت مظلومین ریلی کی قیادت ٹی این ایف جے فیڈرل کیپٹل کے صدر علامہ بشارت حسین امامی،جنرل سیکرٹری ذوالفقار علی راجہ ،علامہ سیدتصورنقوی ، علامہ سیدفصاحت نقوی ،مولانا وضاحت حسین کاظمی ،مولانامیثم گردیزی، پروفیسرغلام عباس حیدری ،چیف کمانڈر مختار فورس والینٹرز سید نزاکت حسین کاظمی ، سیدتاثیرکاظمی ، چوہدری عمران محمود اور دیگررہنما کررہے تھے۔بعدازاں شرکائے ریلی واپس دربار سخی محمود شاہ بادشاہ پہنچ کر پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ درایں اثناء احتیاطی تدابیرپرعمل کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت ، صیہونی وبھارتی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں ،
راولپنڈی میںٹی این ایف جے کی ضلعی یوم القدس حمایت مظلومین کمیٹی کے زیراہتمام امامبارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ میں احتجاجی اجتماع سے علامہ سیدابوالحسن تقی ، علامہ زاہد عباس کاظمی ،میثم تمار، چوہدری مشاق حسین نے بھی خطاب کیا ۔ٹی این ایف جے کی عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے دفتر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ ہزارہ ٹاؤن ،پریس کلب پشاور ،ڈیرہ غازی خان ،کراچی شاہ فیصل کالونی میں ڈرگ روڈ ،قصر زینب بھکر،بارگاہ ولی العصر ملتان ،امام بارگاہ اڈہ پسروریاں سیالکوٹ،عزاخانہ زہرا لاہور کے علاوہ،مظفر آباد،باغ،دادو،خیرپورمیرس،چکوال،سرگودھاگلگت،فیصل آباد،کوہاٹ،شیخو پورہ،گوجرنوالہ ،جہلم،دینہ ،قصور ،گوجرہ ،خانیوال،بہاولپور،سکھر،نواب شاہ ،سیہون شریف ،نوشہرو فیروز اور دیگر شہرو ں میں بھی یوم القدس حمایت مظلومین کے موقع پر احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

اس موقع پرمظلومین کشمیر و فلسطین کیساتھ بھرپوراظہاریکجہتی کرتے ہوئے بھارتی اشتعال انگیزی اور جارحانہ کاروائیوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں پر زوردیا گیا کہ وہ ہندو بنیے کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم سے روکیں ۔یوم القدس حمایت مظلومین کی ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے شرکت کی۔
