وارث رسولؐ امام صادق ؑ کا یوم شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا;قومی مال لوٹنے والے عوام کے جان و مال کا تحفظ نہیں کرسکتے ،آغاحامدموسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

دین و شریعت ،علم و عرفان امام صادق ؑ کے ممنون احسان ہیں  راہ صداقت پر ہمیشہ گامزن رہیں گے ۔آغآحامد موسوی

اسلام آباد (ولایت نیوز)وارث رسول ؐ فرززند علی و بتول ؑ حضرت امام جعفر صادق ؑ کا یوم شہادت پورے پاکستان میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا اس موقع پر پاکستان کے تمام شہروں میں مجالس عزا و ماتمی جلوس برآمد ہوئے جن میں ماتمی عزاداروں نے پرسہ داری کرکے خانوادہ رسالت ؐ کے حضور پرسہ پیش کیا۔ شہادت حضرت امام جعفرصادق ؑ کی مناسبت سے عشرہ صادق آل محمدؐ کے سلسلہ میں جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کا مرکزی جلوس مجلس المودۃ پاکستان کے زیراہتمام علی مسجدسے برآمدہوا۔ جس کی قیادت قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کی۔

اس موقع پر ماتمی عزاداروں اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاکہ عالم اسلام کو امام جعفر صادق کی راہ یعنی علم و حکمت کی راہ اپنانا ہوگی امام ابو حنیفہ ، جابر بن حیان ، امام امالک ،ہشام جیسی عظیم ہستیاں امام جعفر صادق ؑ کی شاگرد ہیں ،امام جعفر صادق ؑ نے تعلیمات مصطفوی کو عام کیا ، 11ڈکٹیٹرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جام شہادت نوش کرلیا لیکن حق پر سمجھوتہ نہ کیا۔دین و شریعت ،علم و عرفان امام صادق ؑ کے ممنون احسان ہیں ۔ راہ صداقت پر ہمیشہ گامزن رہیں گے ۔

مستونگ میں ٹارگٹ کلنگ میں ہزارہ برادری کے چار افراد کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی عالمی طاقتوں کی ضرورت ہے ،ایکشن پلان پر صحیح معنوں میں عمل کیا جائے،جو حکمران قومی مال کی لوٹ مار میں مصروف ہوں وہ عوام کی جان و مال کا تحفظ نہیں کرسکتے ، اسلام کے مطابق ا نسانی جان کعبے سے زیادہ حرمت رکھتی ہے انسانی جانوں سے کھیلنے والی کالعدم دہشت گردجماعتیں دندناتی پھر رہی ہیں نیشنل ایکشن پلان پر صحیح معنوں میں عمل کروایا جائے پنجاب اسلام آباد،مستونگ کوئٹہ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آپریشن کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس میں عدالت کے فیصلے کا انتظار کیا جائے قائد اعظم جیسا کوئی لیڈر پاکستان کو دوبار ہ نہ مل سکا،پاکستان کی خارجہ پالیسی کا کوئی وجود نہیں ،پاکستان عالمی سطح پر دشمن کم اور دوست زیادہ بنائے ،اسلامی اتحاد انڈیا اسرائیل کے خلاف بننا چاہئے تھا ،بڑی طاقتیں مسلمانوں کو لڑا کر اسلحہ بیچ رہی ہیں ،دنیائے کفر ایک اور مسلمان تقسیم کا شکار ہیں ،امریکہ بھارت اسرائیل تین شیطانوں نے عالم اسلام پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔انہوں نے باورکرایاکہ انبیاء اور صحابہ و اہلبیت کے مزارات کی بے حرمتی کرنیوالے دہشت گرد روضہ رسول ؐ اور بیت اللہ اور حجراسود کوٹارگٹ قراردے رہے ہیں عالم اسلام خواب غفلت سے جاگے تفرقے مٹا کر متحد ہو جائے اپنا عقیدہ دوسرے پر مسلط کرنے کی سوچ کی حوصلہ شکنی کی جائے دہشت گردوں کی فنڈنگ بند کرائی جائے ،اپنے مقدس مقامات کی تباہی پر خاموش مسلم حکمرانوں کو ڈوب مرنا چاہئے اسلامی آثار کی تباہی کا مسئلہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل یونیسکو بین الاقوامی عدالت میں اٹھایاجائے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مسلم ممالک میں انتشاربالخصوص مقبوضہ کشمیروفلسطین میں ہنودویہودکی بربریت کیخلاف اوآئی سی اجلاس طلب نہ کرنا باعث تشویش ہے، اسرائیل وبھارت کے ساتھ مسلم ممالک کے یارانے و نوازشات لمحہ فکریہ ہے اگر یہود کے ہاتھ اقصی کی تباہی سے آلودہ ہیں تو بھارتی ریاست بھی بابری مسجد گرانے،چرار شریف درگاہ حضرت بل کی بے حرمتی میں ملوث ہے دنیا مفادات کی جنگ لڑرہی ہے، ملک کے بجائے ذات جماعت کے مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے امریکہ اسرائیل بھارت کا گٹھ جوڑپاکستان یا مسلمانوں نہیں پوری انسانیت کیلئے خطرہ ہے۔ اقتصادی راہداری کومکمل کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں صوبوں کے تحفظات دور کئے جائیں۔

ایک سوال کے جواب میںآغاسید حامد علی شاہ موسوی نے کہاکہ جنت البقیع میں امام جعفر صادق ؑ سمیت اولاد رسول ؐ ،امہات المومنین اور صحابہ کبارؓ اورخاتون جنت حضرت فاطمہ کے مزارات کو مٹی کے ڈھیر بنا دیا گیا استعماری قوتوں نے اسلام کے خلاف وہ کام مسلمانوں سے کروائے جووہ خودکبھی نہیں کرسکتی تھیں، جب خود مسلمان اپنے مقدسات خودگرائیں گے تو اقوام متحدہ سمیت دوسرا کون ان کی تباہی پر بولے گا ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہا اقوام وملل اپنے شعائریعنی نشانیوں و مشاہیر کا احترام کرتے ہیں ان کی زندگیوں کو مشعل راہ بناتے ہیں،مسلمان مشاہیراسلام کی زندگیوں کو مشعل راہ بنا کر مسائل سے نجات پاسکتے ہیں،حکومت پاکستان مقامات مقدسہ کے تحفظ کیلئے عالمی سطح پر آواز بلند کرے ۔انہوں نے واضح کیا کہ ہم اس وقت تک سراپا احتجا ج رہیں گے جب تک مقامات مقدسہ کی عزت رفتہ بحال نہیں ہو جاتی ۔

انہوں نے دعا کی کہ وہ سورج جلد طلوع ہو جب فرزند زہرا ؑ امام زمانہ ؑ ظہور فرماکر دنیا کو عدل و انصاف سے ایسے ہی بھر دیں جیسے یہ ظلم و بربریت سے بھری ہے ۔جلوس تابوت امام بارگاہ زین العابدین میں اختتام پذیر ہوا۔

دربار لطف علی شاہ ویسٹریج میں ماتمی جلوس

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.