وفاؤں کے سلطانؑ کے روضہ پر شہنشاہ کربلاؑ کی آمد کا جشن
کربلائے معلی (ولایت نیوز مانیٹرنگ ڈیسک )روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام پر اتوار کی شام کو امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت پرنور کے پر مسرت موقع پر سالانہ جشن کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ تقریب اقمار محمدیہ کے جشن میلاد کے سلسلے میں تین دن تک جاری رہے گی۔
اس تقریب کا انعقاد روضہ مبارک حضرت ابا الفضل العباس (ع) کے باب قبلہ کے سامنے واقع صحن میں کیا گیا تھا، جس میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکرٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ ضیاء الدین، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین، متعدد شعبہ جات کے سربراہان اور سٹف، مختلف اداروں کی نمائندگی کرنے والے وفود و شخصیات اور زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
جشن کا آغاز قاری عمار الحلی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، اس کے بعد روضہ مقدس کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے شعبہ مذہبی امور کے سربراہ شیخ صلاح الکربلائی نے خطاب کیا اور ان بابرکت مناسبات پر حاضرین کرام اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کی۔
اس کے بعد نامور شعراء محمد فاطمی اور ابو فاطمہ العابودی نے جشن میلاد کی مناسبت اور اہل بیت علیہم السلام سے محبت اور وفاداری پر مشتمل منظوم نذرانہ عقیدت پیش کئے۔ جس کے بعد معروف قصیدہ خواں جناب حسين العكيلي اور محمد أمير نے جشن میلاد کی مناسبت سے خوبصورت قصیدے پڑھے۔اس کے بعد مسابقة الولادات الشعبانيّة میں درست جوابات دینے والے شرکاء میں فاتحین کے انتخاب کے لئے قرعہ اندازی کی گئی جس کے نتیجے میں پندرہ افراد فاتح قرار پائے۔ یہ مقابلہ شعبہ مذہبی امور اور میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا۔

