انتہا پسندی کی حوصلہ شکنی کرو یاقائد اعظم ؒکے نام کی مالا جپنا چھوڑ دو، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

کالعدم جماعتوں سے ناتا توڑیں بصورت دیگر قائد اعظم ؒکے نام کی مالا جپنا چھوڑ دیں ، آغا حامدموسوی
قائد کی روح کو تسکین پہنچانے کیلئے انتہاپسندی کی حوصلہ شکنی اور تما م صوبوں مسالک اوراقلیتوں کے حقوق کی ادائیگی یقینی بنانی ہوگی
مشرقی پاکستان کے باسیوں کے احساس محرومی نے ملک دولخت کیا،مودی بنگالیوں کا ہیرو بننا چاہتا ہے تو مغربی بنگال کو بنگلہ دیش میں ضم کرے
 اگرملکی پالیسیوں کوقائد اعظم اور علامہ قبال کے فرمودات کے مطابق ڈھالا جاتاتو پاکستان سپر پاور ‘اور کشمیر و فلسطین آزاد ہو چکے ہوتے
 کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو تبریک پیش کرتے ہیں ،مغربی ممالک توہین مصطفی ؐ کی سرپرستی کرکے حضرت عیسی ٰ ؑکی تعلیمات کو پامال کررہے ہیں
وطن عزیز سازشوں کے منجدھار میں گرفتار ہے حکمران سیاستدان کرسی کے بجائے ملک کی فکر کریں، قائد اعظم کے یوم پیدا ئش پر منعقد ہ تقریب سے خطاب

اسلام آباد( ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کالعدم جماعتوں سے ناطہ توڑیں بصورت دیگر قائد اعظم کے نام کی مالا جپنا چھوڑ دیں ،قائد اعظم کی روح کو تسکین پہنچانے کیلئے انتہاپسندی و تشدد کی حوصلہ شکنی اور تما م صوبوں مسالک اوراقلیتوں کے حقوق کی ادائیگی یقینی بنانی ہوگی ، مشرقی پاکستانی کے باسیوں کے احساس محرومی  کے سبب بھارتی سازشیں پروان چڑھیں اور ملک دولخت ہو گیا،کوئی خوش فہمی میں نہ رہے نہرو سے مودی تک ہر بھارتی حکمران پاکستان دشمنی میں لتھڑا رہا، مودی بنگالیوں کا ہیرو بننا چاہتا ہے تو مغربی بنگال کو بنگلہ دیش میں ضم کرے، کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو تبریک پیش کرتے ہیں ،مغربی ممالک نبی آخر الزماں محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین کی سرپرستی کرکے حضرت عیسی ٰ ؑ علیہ السلام کی تعلیمات کو پامال کررہے ہیں  وطن عزیز سازشوں کے منجدھار میں گرفتار ہے حکمران سیاستدان کرسی کے بجائے ملک کی فکر کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ قائد اعظم کی ذات کی سچائی نے برصغیر کے تمام مسلمانوں کوبلاتفریق مسلک برادری صوبہ مسلم لیگ کے پر چم تلے جمع کردیا مسلمانوں کے اتحاد کے سامنے چانکیہ کے پٹھو ؤں کی مکاریوں اور دنیا کی سب سے بڑی طاقت انگریزوں کی ایک نہ چل سکی اور دنیا کی سب سے بڑی اسلامی نظریاتی ریاست وجود میں آگئی  جس کا وجود میں آنا شیطانی و استعماری قوتوں کے مفادات اور منصوبوں کیلئے ایک بہت بڑا دھچکا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر کمزور ناتواں نظر آنے والے قائد اعظم محمد علی جناح کی پہاڑوں جیسی استقامت کے سامنے پاکستان مخالفوں کی ایک نہ چل سکی کیونکہ محمد علی جناح کے ہاتھ میں محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دیا ہوا آئین قرآن تھا اور سینے میں حیدری شجاعت موجزن تھی ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے محض مدنی ریاست کا نعرہ بلند نہیں کیا بلکہ اپنے کردار و افکار کے ذریعے ایک مکمل بنیاد فراہم کی جس پر مدینۃ النبی ؐ کے بعد قائم ہونے والی پہلی اسلامی نظریاتی ریاست کو شریعت مصطفی اور اسلامی تعلیمات کی مجسم تصویر بنایا جا سکتا تھا لیکن بدقسمتی سے قائد اعظم کی زندگی نے وفا نہ کی جس کے نتیجے میں ملک ان طاقتوں کے ہتھے چڑھ گیا جن کا پکستان کے قیام میں کچھ خرچ نہ ہوا تھا اور برصغیر کے مسلمان ان ثمرات سے محروم رہ گئے جن کا خواب انہوں نے قائد اعظم اور علامہ اقبال کی قیادت میں دیکھا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ ایوبی مارشل لاء کی پروان چڑھائی گئی عصبیتوں نفرتوں اور محرومیوں نے بھارت کی سازشوں کو پنپنے کا موقع فراہم کیا اور دنیا کی سب سے بڑی اسلامی ریاست کو دسمبر 1971 میں دولخت کردیا گیا ، ضیائی مارشل لا ء  میں ایک بار پھر عالمی ایجنڈے کے تحت پاکستان کو نفرتوں اور تشدد کی آماجگاہ بنا کر کئی ٹکڑے کرنے کی کوشش کی گئی مذہبی اور انسانی آزادیوں پر قدغنیں لگائی گئیں لیکن تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے دشمن کی سازش کو حسینی محاذ ایجی ٹیشن جیسے معرکوں سے ناکام کیا اور شیعہ سنی وحدت کا پرچم کبھی سرنگوں نہیں ہونے دیا ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اگر ملکی پالیسیوں کوقائد اعظم اور علامہ قبال کے فرمودات کے مطابق ڈھالا جاتاتو پاکستان آج دنیا کی سپر پاور ہوتااور کشمیر و فلسطین آزاد ہو چکے ہوتے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائد کے پاکستان کو اجالنے اور نکھارنے کیلئے نفرتوں اور انتہاپسندی سے ہمیشہ نبرد آزما رہیں گے اور وطن کی عزت حرمت دفاع و استحکام کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کرنے سے گریز نہیں کریں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.