چہلم شہدائے کربلا اربعین حسینی ؑ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،شہر شہر جلوسوں و مجالس عزا کا انعقاد، عزاداروں کا ماتم زنجیر و قمہ زنی

ولایت نیوز شیئر کریں

چہلم شہدائے کربلا اربعین حسینی ؑ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،شہر شہر جلوسوں و مجالس عزا کا انعقاد، عزاداروں کا ماتم زنجیر و قمہ زنی
حسینیت اسلام کے تحفظ کی ضمانت ہے، نظریاتی کونسل کے ضابطہ اخلاق میں کالعدم جماعتوں کے بارے میں خاموشی سوالیہ نشان ہے؟آغا حامد موسوی
ہزار ضابطے وپیغام بنا لئے جائیں قوانین پر عمل کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہوگا،بنیاد اسلام بل کے بیج نے نفرتوں کے کانٹوں کو پروان چڑھایا، مرکزی مجلس سے خطاب
ملک میں کوئی شیعہ سنی لڑائی نہیں نفرت پھیلانے میں یقینا را اور موساد کا ہاتھ ہے بیرونی ایجنسیوں کے مقامی سہولت کاروں پر ہاتھ ڈالا جائے،علامہ بشارت امامی
حکومت صرف ہاں میں ہاں ملانے والوں سے رابطہ کرتی ہے،نت نئی کمیٹیاں بنانا دستور کی توہین ہے نیب بیرونی امداد لینے والی جماعتوں کابھی احتساب کرے
پاکستان صبح قیامت تک قائم رہے گا،توہین کی تعریف کی جائے بعض مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کرچکے باقی لائن میں لگے ہیں شہداکا خون رائیگاں نہ کیا جائے، میڈیا سے خطاب
عزاداری سید الشہداءؑ سے آمریت و ملکویت کے اندھیرے خوفزدہ ہیں حسینیت کا پرچم کشمیرو فلسطین کے مظلوموں کے حوصلے اور ولولے کو تقویت بخش رہا ہے، علامہ قمر زیدی
چہلم کے جلوسوں میں شیعہ سنی یکجہتی کا بے نظیر مظاہرہ، مختلف مقامات پر زبر دست زنجیر زنی، ابراہیم سکاؤٹس مختارفورس والنٹیرز کی خدمات ایم او مختار سٹوڈنٹس نے عزاداری کیمپ لگائے

اسلام آباد/راولپنڈی ( ولایت نیوز)دنیا بھر کی طرح پاکستان بھر میں جمعرات20صفر کو دین و شریعت محمدی ؐ کی بقا و دوام اور حرمت انسانیت کیلئے لازوال قربانی دینے والے نواسہ رسول الثقلینؐ حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُنکے72جانثاروں کا چہلم (اربعین حسینی) مذہبی و قومی جذبے اورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ملک کے تمام شہروں قصبوں دیہات میں میں ماتمی جلوسوں کا انعقاد کیا گیا اور مجالس اربعین منعقد کی گئیں جن میں بلاتفریق مذہب مسلک عاشقان حسینیت نے شرکت کرکے نواسہ رسول ؐ امام حسین ؑ کی لہورنگ قربانی کو خراج تحسین پیش کیا شیعہ سنی یکجہتی کا بے نظیر مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مرکزی جلوس چہلم امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ،ا مام بارگاہ کرنل مقبول حسین، امام بارگاہ حفاظت علی شاہ سے حسب روایت بر آمد ہوئے جن میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی جلوس کی قیادت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکزی عہدیداران نے کی۔ ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں مجلس اربعین سے خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ حسینیت اسلام کے تحفظ کی ضمانت اور مظلومین عالم کے دلوں کی ڈھارس ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کے ضابطہ اخلاق میں کالعدم جماعتوں کے بارے میں خاموشی سوالیہ نشان ہے؟ ہزار ضابطے اعلامیے پیغام بنا لئے جائیں جب تک قوانین پر عمل اور شدت پسندوں کے خلاف کاروائی نہیں کی جائے گی کچھ حاصل نہیں ہوگا، اہلبیت رسول ؐ درود کے بغیر نماز قبول نہ ہونا شیعہ سنی متفقہ عقیدہ ہے اہلبیت اطہار ؑ کو پیچھے دھکیلنے کی خارجی و ناصبی سوچ کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا،بنیاد اسلام بل کے بیج نے نفرتوں کے کانٹوں کو پروان چڑھایاپاکستان کی بقا و سلامتی اوراتحاد ویکجہتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے،کربلا میں اربعین حسینی کا عظیم ترین اجتماع ثابت کررہا ہے کہ کوئی رکاوٹ امت محمدی کو حسینیت سے دور نہیں کر سکتی۔

جلوس چہلم کے دوران میڈیا کے نمائندوں اور عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے نمائندہ خصوصی علامہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ دنیا بھر سے عاشقان اہلبیت صحابی رسول ؐ حضرت جابر بن عبد اللہ انصاری کی تاسی میں اربعین مناکرشہدائے کربلا کی عظیم قربانی اور اسیران کربلا سیدہ زینب بنت علی ؑ کی ظلم وجبر پر فتح خراج عقیدت پیش کررہے ہیں اربعین کے جلوسوں میں شیعہ سنی عوام کی شرکت واضح کررہی ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کوئی شیعہ سنی لڑائی نہیں،منافرت پھیلانے میں یقینا را اور موساد کا ہاتھ ہے امن کیلئے راء اور موساد کے مقامی سہولت کاروں پر ہاتھ ڈالا جائے،حکومت صرف ہاں میں ہاں ملانے والوں سے رابطہ کرتی ہے،آئین سے انحراف کرکے نت نئی کمیٹیاں بناناازخود دستور کی توہین ہے غیر نمائندہ افراد کا کوئی فیصلہ قوم قبول نہیں کرے گی آغا حامد موسوی کا موقف حق بجانب ہے کہ نئے شہر سکول کالج مدرسے بن سکتے ہیں تو نئی مجالس و جلوس کیوں نہیں ہو سکتے ذکر حسین ؑ اسلام کا محافظ ہے روکنے کے بجائے عام کرنے کیلئے سہولتیں دی جائیں کربلا قربانی اور عزت وکامیابی کا راستہ ہے مسلمانان عالم اپنی منزل کا تعین امام حسین ؑ کی راہ پر چل کر کریں۔

علامہ بشارت امامی نے کہا کہ نیب بیرونی امداد لینے والی جماعتوں کابھی احتساب کرے بیرونی ممالک کی تنخواہ دار قوتوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،توہین کی تعریف کی جائے شیعہ سنی برادران کے نزدیک نبی کریم نور ہیں نبی ؐ کو اپنے جیسا بشرکہنا توہین رسالتؐ ہے۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے مسائل کی بنیادی وجہ مسلم حکمرانوں کی استعمای کاسہ لیسی ہے بعض ممالک مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کرچکے اور بعض لائن میں لگے ہیں۔علامہ بشارت امامی نے کہا کہ ذکر حسین ؑ کو جتنا دبانے کی کوششیں کی گئیں اتنا ہی یہ ذکر بڑھتا چلا گیا قیدو بند اور شہادت قبول کرسکتے ہیں میلاد اور عزاداری پر پابندی قبول نہیں کریں گے پاکستان قائم رہنے کیلئے بنا ہے صبح قیامت تک قائم رہے گا،افواج پاکستان کے شہیدوں کو خراج اور انکی بہادر ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں،کالعدم شدت پسند تنظیمیں آزاد پھر رہی ہیں عوام اورپاک فوج کی قربانیوں کو رائیگاں نہ کیا جائے کالعدم جماعتوں کو شکنجے میں جکڑا جائے۔

جلوس نے فوارہ چوک میں پہنچ کر مجلس کی شکل اختیار کرلی جہاں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے سیکرٹری اطلا عات علامہ قمر زیدی نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء امام حسین ؑ سیدہ زینب و سید سجاد کی سنت ہے جس کی روشنی سے آمریت و ملکویت کے اندھیرے خوفزدہ ہیں حسینیت کا پرچم کشمیرو فلسطین کے مظلوموں کے حوصلے اور ولولے کو تقویت بخش رہا ہے بھارتی بندوقوں سے برستے آتش و آہن کے سامنے حسینی پرچم اٹھائے سینہ سپر حریت پسندوں کا جذبہ کربلا کا مرہون منت ہے امام حسین کی قربانی ہر مذہب ملک قوم مسلک فرقے کی مشترکہ میراث ہیبیاری کی منزل پانے والا ہر انسان امام حسین ؑ سے وابستگی کا اعلان کررہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ 8ربیع الاول تک عزاداری کے جلوس جاری رہیں گے جنہیں موسوی جونیجو معاہدے کے تحت تحفظ فراہم کیا جائے، میلا دمصطفی ؐوحدت و اخوت کے جذبے کے تحت منائیں گے۔ علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے امام عالی مقام کی انمول قربانی پرروشنی ڈالی اورشام سے رہائی کے بعدخاندان رسالت کی خواتین کی کربلا و مدینہ واپسی کے مصائب بیان کئے جسکے بعد فوارہ چوک میں زنجیرزنی اور ماتم داری کی گئی اس مو قع پر معروف سکالر چوہدری ابو بیدار علی،ڈاکٹر این ایچ نقوی اور حسن کاظمی نے بھی خطاب کیا۔ ابو نسم بخاری نے قراردادیں پیش کیں جنہہیں شرکاء نے زبردست نعروں کی گونج میں منظور کیا امام بارگاہ شہیدان کربلاٹائر بازار اورمحلہ دربار سخی شاہ چن چراغ سے سے برآمد ہونے والے ذوالجناح کے جلوس بھی مرکزی جلوس چہلم میں شامل ہوگئے۔مرکزی جلوس قدیمی امامبارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

علمائے کرام اورتحریک کے سینئرعہدیداران اختتام تک جلوس میں شریک رہے۔مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن،مختار جنریشن کی جانب سے فوارہ چوک میں مرکزی عزاداری کیمپ لگا یا گیا تھا ابراہیم سکاؤٹس کے چاق وچوبنددستے نے تمام راستے جلوس کی قیادت کی جبکہ حبیب بینک چوک میں میڈیکل کیمپ لگایا گیاجہاں ماتمیوں کیلئے ابتدائی طبی امداد کا بندوبست کیا گیا تھا،عزاداروں کی سہولت کیلئے جامع مسجد روڈ پر مختار آرگنائزیشن نے عزاداری کیمپ لگایا۔ علمائے کرام، مختار فورس کے جوان،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جعفریہ ایکشن کمیٹی اور محرم کمیٹی عزاداری سیل کے رہنما اورمقامی انتظامیہ کے افسران پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ تمام راستے جلوس کے ساتھ تھے۔

درایں اثنا ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں آمدہ اطلاعات کے مطابق کراچی لاہور پشاور کوئٹہ ملتان فیصل آبادگوجرانوالہ گجرات ڈیرہ غازی خان سکھر خیر پور حیدر آباد ڈیرہ اسماعیل خان جھنگ سرگودھا لیہ خوشاب چکوال جہلم گجرات ڈیرہ مراد جمالی جیکب آباد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں سے اربعین حسینی چہلم شہدائے کربلا کے ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.