عمران خان نہج البلاغہ سے استفادہ کریں، بخیل اور بزدل مشیرحکومتوں کی ناکامی کا سبب بنتے ہیں،آغا حامد موسوی

ولایت نیوز شیئر کریں

ازلی دشمن خبردار رہے!ہر’ابھینندن و کلبھوشن‘کو آہنی خیبری ہاتھوں کا سامنا ہوگا، قائدملت جعفریہ آغا حامد موسوی
عوام کو پٹرول بموں اور گرانی کے حملوں سے بچانے کیلئے ’معاشی ایکشن پلان‘تیار کیا جائے، غریبوں کو کالوں ہڑتالوں سے کوئی دلچسپی نہیں
ایف اے ٹی ایف کا رویہ متعصبانہ ہے، امن کیلئے دہشت گردی کے سب سے بڑے پروموٹرز امریکہ بھارت و اسرائیل کو بلیک لسٹ کیا جائے
دہشت گردوں کو فرار کروانے والوں کے خلاف کاروائی احسن اقدام ہے، کالعدم تنظیموں کی سہولت کار کالی بھیڑوں کی بھی بیخ کنی کی جائے
مثالی گورننس کیلئے وزیر اعظم آئی ایم ایف ایڈوائسوں کے بجائے نہج البلاغہ سے استفادہ کریں،علی المرتضی ؑ مظلوموں کی پناہ گاہ اور حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہیں
بخیل اور بزدل افراد کے مشورے حکومتوں کی ناکامی کا سبب بنتے ہیں، ’قائدملت جعفریہ کاجشن مولود کعبہ سے خطاب،15رجب کویوم شریکۃ الحسین منانے کااعلان

اسلام آباد ( ولایت نیوز)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے ازلی دشمن بھارت کو خبردار کیا ہے کہ ُاس کے بھیجے ہر’ابھینندن و کلبھوشن‘کو آہنی خیبری ہاتھوں کا سامنا ہوگا، 27فروری 2019کی ضرب حیدری ؑ نے آج بھی بھارتی نیتاؤں کی نیندیں حرام کررکھی ہیں، مثالی گورننس کیلئے وزیر اعظم عمران خان آئی ایم ایف کی ایڈوائسوں کے بجائے نہج البلاغہ سے استفادہ کریں، غریب عوام کو کالوں ہڑتالوں سے کوئی دلچسپی نہیں عوام کو پٹرول بموں گرانی کے حملوں سے بچانے کیلئے معاشی ایکشن پلان بھی تیار کیا جائے، ایف اے ٹی ایف جیسے ادارے پاکستان سے متعصبانہ روایہ اختیار کئے ہوئے ہیں، عالمی دہشت گردی کو روکنا اور امن قائم کرنا ہے تو امریکہ بھارت و اسرائیل جیسے دہشت گردی کے سب سے بڑے پروموٹرز کو بلیک لسٹ کیا جائے، دہشت گردوں کو فرار کروانے والوں کے خلاف کاروائی احسن اقدام ہے، کالعدم تنظیموں کے سہولت کاروں کی بھی بیخ کنی کی جائے،امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب کرم اللہ وجہہ کی ذات کمالات کی انتہا ہے عشق رسالت ؐ، شجاعت، علم، ایمان، صداقت، عدالت و قضاوت کا استعارہ علی ابن ابی طالبؑ ہیں، علی ابن ابی طالب ؑ مظلوموں کی پناہ گاہ اور حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہیں، تمام شیعہ سنی کتب فقہا علماء اورپاکیزہ صحابہ گواہ ہیں باب العلم علی ابن بی طالب ؑ ہی نبیؐ و خدا تک رسائی کا راستہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہ روزہ جشن مرتضوی ؑ کے اختتامی روز 13رجب ا لمرجب کو ’جشن مولود کعبہؑ‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پاکستان بھر کی مساجد امام بارگاہوں میں محافل میلاد منعقد ہوئیں جن میں اسلامیان پاکستان نے خانوادہ رسالت ؐ کی بارگاہ میں عقیدت و محبت کا نذرانہ پیش کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے مصر کے گورنر مالک اشتر کے نام حضرت علی کے مکتوب بہترین حکمرانی اور فلاحی ریاست کا ماڈل قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زندگی کے تمام شعبہ جات، محکموں کی درستگی کیلئے حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کے بیان کردہ رہنما اصولوں کی پیروی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کے فرائض و سنن کا ا اتباع، اپنے نفس کے خواہشات کو کچلنا اوررعایا کے ساتھ مہربانی اور محبت و رحمت کو شعا بنانا بہترین حکمرانی کی کلید ہے، حکومت کو یاد رکھنا ہوگا کہ عام افراد کی ناراضگی خواص کی رضامندی کو بھی بے اثر بنا دیتی ہے اور خاص لوگوں کی ناراضگی عام افراد کی رضامند کے ساتھ قابل معافی ہو جاتی ہے، عوام ہی دشمن کے مقابلے کا سامان مہیا کرتے ہیں لہذا حکومت عوا م کو ریلیف فراہم کرنے میں کو تاہی نہ کرے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ بخیل اور بزدل افراد کے مشورے حکومتوں کی ناکامی کا سبب بنتے ہیں، حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کی یہ نصیحت حکومت کو غلط فیصلوں سے بچا سکتی ہے کہ اپنا قریبی رابطہ اہل تقویٰ اور اہل صداقت سے رکھنا جو بلا سبب تمھاری تعریف نہ کریں خبردار نیک کردار اور بد کردار تمھارے نزدیک یکساں نہ ہونے پائیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت علی ابن ابی طالب ؑ نے افواج کورعا یا کے محافظ، قوم کی زینت،دین کی عزت اورامن وامان کا وسیلہ قرار دیا لہذا عساکر پاکستان کی ضروریات کو ترجیحات میں شامل رکھا جائے، معیشت کی ترقی کیلئے تاجروں صنعتکاروں کی شکایات کو دور کی اجائے، غریبوں کی اعانت وامدادکیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ حضرت علی ابن ابی طالب کرم اللہ وجہ عشق رسالت ؐ، علم دوستی، جرات و دلیری کا بحر بیکراں ہیں جنہیں ہجرت کی شب بستر رسالت ؐ پر سو آسمانوں کی مخلوقات کو بھی مبہوت کردیا،عرب کے کفار کے کلیجے حیدر کرار کی ذوالفقار سے کانپتے تھے، حضرت علی ابن ابی طالب ؑنے قضاوت و عدالت کے وہ اعلی معیار قائم کئے کہ رسول کریم ؐ نے بہترین فیصلہ کرنے والا علی ابن ابی طالب کو قرار دیا، کائنات میں حضرت علی ابن ابی طالب کے سواکوئی یہ دعوی نہ کرسکا کہ مجھ سے جو بھی سوال پوچھو میں علی اس کا جواب دوں گا، علی ابن ابی طالب کو خندق کے میدان میں نبی کریم نے کل ایمان قراردیا احد میں شاہ لافتی کا اعزا زپا یا اور خیبر میں حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کی لگائی ہوئی ضرب سے آج بھی صیہونیت لرز رہی ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ سرچشمہ ولایت حضرت علی ابن ابیطالبؑ سے فیض پانے والے اولیاء نے دنیا کے ہر گوشے کو امن و محبت کو شعار اور ہتھیار بنا کرتوحید ورسالت کے نور سے منور کیا، عہد حاضر میں دنیا کو درپیش دہشت گردی، ناانصافی، ظلم و بربریت، بدھالی کا مقابلہ کرنے کیلئے حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کے پیغام عام کرنا ہوگا۔اس موقع پرانہوں نے 15رجب المرجب کو مجاہدہِ کربلا حضرت سیدہ زینب بنت علی ؑکی شہادت کے سلسلہ میں یوم شریکۃ الحسینؑ منانے کااعلان بھی کیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.