ظلم پرخاموش مسلم حکمران اپنی باری کیلئے تیار رہیں! صیہونی نظام پوری دنیا کو غلام بنا رہا ہے پاکستان کی آزادی کا تحفظ کرنا ہوگا، آغا حامد موسوی
نہتے کشمیریوں فلسطینیوں پر برستی گولیوں پر خاموش مسلم حکمران اپنی باری کیلئے تیار رہیں، قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
کابل سکول حملے نے سانحہ اے پی ایس کی یاد تازہ کردی افغانستان و پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھائیں
بائیڈن ’سچے‘ ہیں تو بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کا فیصلہ واپس لیں، یورپی یونین ا سرائیل اور بھارت پر تجارتی پابندیاں کیوں نہیں لگاتی؟
مسلم فرمانروا کشمیریوں کے حق میں آواز کو توہین سمجھتے ہیں،باڑ لگانے والے ایف سی اہلکاروں پرافغانستان سے حملہ بھارتی تربیت کا نتیجہ ہے
مسلم ممالک کے تنازعات کو خارجہ پالیسی پر حاوی نہ ہونے دیا جائے، کشمیر و فلسطین کی فریادیں تقاضا کررہی ہیں کہ پاکستان کو اسلام کا حقیقی قلعہ بنایا جائے
صیہونی معاشی نظام پوری دنیا کو غلام بنا رہا ہے پاکستان کی آزادی کا تحفظ قائد اعظم اور اقبال کے فرامین کی روشنی میں کرنا ہوگا، یوم آزادی کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (ولایت نیوز )سپریم شیعہ علما ء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے خبردار کیا ہے کہ کشمیر و فلسطین کے نہتے عوام پر برستی گولیوں پر خاموش مسلم حکمران اپنی بار ی کیلئے تیار رہیں، کسی بھول میں نہ رہیں استعماری قوتیں ایک ایک کرکے سب مسلم ممالک کو نشانہ بنائیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ کابل سکول حملے نے سانحہ اے پی ایس کی یاد تازہ کردی افغانستان و پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھائیں،
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن سابق صدر ٹرمپ کی متنازعہ پالیسیوں کو ختم کرنے میں ’سچے‘ ہیں تو بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کا امریکی فیصلہ واپس لیں، یورپی یونین اور امریکہ اسرائیل اور بھارت کی مذہبی جنونیت پر تجارتی پابندیاں کیوں نہیں لگاتے؟ عالمی اداروں کی منافقت نے دنیا کا امن خطرے سے دوچار کررکھا ہے۔
انہوں نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ مسلم فرمانروا کشمیریوں کے حق میں آواز کو توہین سمجھتے ہیں،باڑ لگانے والے ایف سی اہلکاروں پرافغانستان سے حملہ بھارتی تربیت کا نتیجہ ہے۔
آغا حامد موسوی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسلم ممالک کے باہمی تنازعات کو پاکستانی خارجہ پالیسی پر حاوی نہ ہونے دیا جائے، کشمیر و فلسطین میں پاکستان کو پکارتی فریادیں تقاضا کررہی ہیں کہ وطن عزیزکو معاشی و دفاعی لحاظ سے اسلام کا حقیقی قلعہ بنایا جائے پاکستان اللہ کے مہینے رمضان کا انعام ہے تم اہل وطن اس عظیم نعمت پر سجدہ شکر بجا لائیں، صیہونی معاشی نظام پوری دنیا کو غلام بنا رہا ہے ہمیں پاکستان کی آزادی کا تحفظ قائد اعظم اور اقبال کے فرامین کی روشنی میں کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک میں قیام پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور اقبال مغربی معاشی نظام سے بیزار اور متنفر تھے، قائد اعظم نے سٹیٹ بنک میں اپنی تقریر میں مغربی اقتصادی نطام کی تباہ کاریوں کا کئی عشرے قبل ذکر کردیا تھا اور فرمایا تھا کہ ’مغرب کے اقتصادی نظام نے نوع انسانی کے لیے عجیب عجیب لاینحل مسئلے کھڑے کر دیئے ہیں اور ہم میں سے بہت سے یہ خدشہ محسوس کرتے ہیں کہ آنے والی تباہی کو شاید کوئی معجزہ ہی روک سکے گا کیوں کہ اس نظام نے انسان کے ہاتھوں انسان کے ساتھ انصاف ختم کر دیا ہے اور بین الاقوامی فضامیں سے منافقت اور خلفشار کو بھی دور کرنے میں ناکام ہوگیا ہے مغربی معاشی نظریہ اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں ہماری مدد نہیں کرے گا ہمیں اپنی تقدیر کو خود بہتر بنانے کیلئے کام کرنا چاہئے اور مساوات اور معاشرتی انصاف کے حقیقی اسلامی تصور پر مبنی ایک معاشی نظام دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہئے صرف معاشی ہی نہیں قائد اعظم پاکستان کو عالمی امن کا ضامن بنانا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج قائد اعظم کی پیش گوئی سچ ثابت ہوچکی ہے، بڑی طاقتوں کی اقتصادی لوٹ مار ہی دنیا میں بدامنی کی سب سے بڑی وجہ ہے جس کے مقابلے کیلئے مسلم ممالک کو آگے بڑھنا ہوگااور دنیا کے مسائل کے واحد حل اسلامی نظام کی عملی تصویر دنیا کے سامنے پیش کرناہوگی۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ دنیا اس وقت جنگل کا منظر پیش کررہی ہے فلسطین اور کشمیر کے مظلوموں پربھارت و اسرائیل نے پون صدی عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے قتل و غارت کا بازار گرم۔ہے لیکن ان مظلوموں کا کوئی پرسان حال نہیں الٹا اسرائیل و ہندوستان سے تعلقات بنانے کے بین۔بجا رہے ہیں تمام قوتیں جان لیں جبتک کشمیر و فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہوگا دونوں خطے۔امن کا گہوارہ نہیں بن سکتے۔
انہوں نے اس امر پر افسو کا اظہار کیا کہ عالم ا سلام پر کڑا وقت ہے اور بدقسمتی سے تمام مسلم ممالک میں اقتدار کی رسہ کشیاں جاری ہیں افسوس یوم القدس حمایت مظلومین منایا گیا لیکن بیشتر مسلم۔ممالک نے احتجاج تو درکنارمذمت کی بھی زحمت نہیں کی۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کو فعال کرنے میں لیڈرانہ کردار ادا کرے، کمشیر و فلسطین کی حالت زار پراقوام متحدہکو متوجہ کیا جائے چاہے توہین رسالت ؐ پر تمام مسلک ممالک مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں کیونکہ اتحاد کی قوت سے ہی شاتمان رسالت ؐ کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔
