مولانا سمیع الحق کے بہیمانہ قتل کی کڑیاں ناموس رسالت ؐ کے مسئلے سے ملتی ہیں، آغا حامد موسوی
مولانا سمیع الحق کا ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش ہے ، آغا حامد موسوی
قتل حکومت کی ناکامی ہے وفاقی دارلحکومت میں لرز ہ خیز قتل دہشت گردوں کی دیدہ دلیری اور کالعدم جماعتوں کے آزادانہ پھرنے کا نتیجہ ہے
مولانا سمیع الحق زندگی بھر اتحاد بین المسلمین کیلئے کوشاں رہے، پوری قوم وحدت کا مظاہرہ کرے دشمنوں کی سازش کو اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ناکام بنا نا ہوگا، قائد ملت جعفریہ کا ردعمل
اسلام آباد(ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بور ڈ کے سرپرست اعلیٰ وتحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے جمیعت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے بہیمانہ قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کی ناکامی اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش قرار دیا ہے، عالمی شیطان اسلام کو متشدد مذہب ثابت کرنے پر تلے ہیں مولانا سمیع الحق کے قتل کی کڑیاں ناموس رسالت ؐ کے مسئلے سے ملتی ہیں ۔
مکتب تشیع کے ہیڈ کوارٹر سے جاری ہونے والے ردعمل میں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مولانا سمیع الحق زندگی بھر اتحاد بین المسلمین کیلئے کوشاں رہے ، ان کا وفاقی دارلحکومت میں لرز ہ خیز قتل کی واردات دہشت گردوں کی دیدہ دلیری اور کالعدم جماعتوں کے آزادانہ پھرنے کا نتیجہ ہے سفارتی معاشی حملوں متواتر دہشت گردی اور کنٹرول لائن اشتعال انگیزیوں کے بعد پاکستان کو سوچی سمجھی سازش کے تحت اندرونی خلفشار سے دوچار کیا جارہا ہے پوری قوم وحدت کا مظاہرہ کرے دشمنوں کی سازش کو اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ناکام بنا نا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ؐ ہر مسلمان کی غیرت و حمیت کا مسئلہ ہے جس پر پوری قوم متفق و متحد ہے ، رشدی ملعون پر آیۃ اللہ خمینی ؒ کے فتوی سے لے کر یورپی ممالک میں توہین آمیز خاکوں تک پورا عالم اسلام ہم آواز رہااور ہے ، فرزند رسول امام حسین ؑ نے بھی یزید نابکا رکی جانب سے پیغام رسالت ؐ کی علی الاعلان توہین کے جواب میں قیام کیا اور اپنا سر کٹا کر خدا کی توحید اور شان مصطفوی ؐ تا ابد سربلند کردیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔