چہلم شہدائے کربلا کے انتظامات اور زائرین کے مسائل حل کیلئے وفاقی سیکرٹری داخلہ کے ساتھ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے وفد کی ملاقات

ولایت نیوز شیئر کریں

اسلام آباد (ولایت نیوز ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی وفد نے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری محرم کمیٹی عزاداری سیل سید حسن کاظمی کی سرکردگی میں جمعرات کو وزارت داخلہ میں وفاقی سیکرٹری داخلہ مرزا ارشد سے ملاقات کر کے چہلم شہدائے کربلا کے ملک گیر انتظامات اور کوئٹہ تفتان میں زائرین کے مسائل کے حل اور دیگر اہم قومی امور و مسائل کی جانب متوجہ کیا اور مسائل کے حل کیلئے ٹھوس تجاویزپیش کیں۔ سیکرٹری داخلہ نے ٹی این ایف جے کی جانب سے تحریری طور پر پیش کردہ مطالبات اور تجاویز کو بغور سنا اور انکے حل کیلئے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

وفد کے دیگر ارکان میں سید بو علی مہدی، علامہ سید محسن علی الحسینی اور علامہ سید زاہد عباس کاظمی شامل تھے۔

ٹی این ایف جے کے ہینڈ آؤٹ کے مطابق مرکزی وفد نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو باور کرایاکہ ایام عزا کے پروگرام 8ربیع الاول تک جاری رہتے ہیں لہٰذا 21 مئی 85 کے جونیجو موسوی معاہدے کے تحت مجالس عزا و ر لائسنسی و روایتی ماتمی جلوسوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور پائیدار امن کیلئے موسوی امن فارمولہ کے تحت مذہبی و سیاسی جماعتوں کی بیرونی امداد پر پابندی عائد کی جائے۔

وفد نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ آئمہ طائرین و بزرگانِ دین کے مزارات کی زیارات کیلئے زمینی راستہ اختیار کرنے والے زائرین کو کوئٹہ و تفتان میں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جنکے حل کیلئے حکومت ہنگامی طور پر خصوصی اقدامات کرے اور زائرین کو شرپسند اور مفاد پرست کالعدم گروپوں کی بلیک میلنگ سے بچایا جائے، اس ضمن میں تحریک نفا ذ فقہ جعفریہ کی تجاویز پر فوری عملدرآمد کروایا جائے۔وفد نے نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے مختلف ناموں سے کام کرنے والے کالعدم گروپوں کو آہنی شکنجے میں جکڑنے اور اسلامی نظریاتی کونسل سمیت مختلف سرکاری کونسلوں، کمیٹیوں اور علماء بورڈز سے ممنوعہ گروپوں کو فی الفور خارج کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ ٹی این ایف جے کے رہنماؤں نے وفاقی وزارت داخلہ سے بیگناہ اور محب وطن شہریوں کے نام شیڈول فور سے نکال کر عوام میں پائی جانیوالی بے چینی دور کرنے پر بھی زور دیا ۔

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی دارالحکومت میں حضرت بری امام کے مزار پر عرصہ دراز سے بند عرس اور پرسہ داری کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ دہشتگردوں کے مقاصد کو عملی طور پر ناکام بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.