خودساختہ فری بلوچستان مہم سی پیک سے خوفزدہ انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ اور بھارتی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، آغا حامد موسوی 

ولایت نیوز شیئر کریں

اسلام آباد( ولایت نیوز)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرستِ اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ سوئٹزر لینڈ کے بعد برطانیہ میں خود ساختہ فری بلوچستان مہم سی پیک سے خوفزدہ انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ اور بھارتی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے صرف سفیروں کو بلا کر رسمی کاروائی نہ کی جائے دشمنوں کی مہم کیخلاف پوری قوم کو اعتماد میں لے کر مضبوط حکمت عملی اختیار کی جائے بھارتی مداخلت کو اقوام متحدہ میں اٹھا یا جائے ، بھارت نے مذہبی لسانی اقلیتوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے بھارت میں گائے محفوظ ہے اور مسلمانون سمیت اقلیتیں غیر محفوظ ہیں ، پاکستان کے ہمسایہ ممالک کی سرزمین کو وطن عزیز کے خلاف استعمال کیا جار ہا ہے شیطانوں کی دھمکیوں کو نظر انداز نہ کیا جائے،حکمران سیاستدان ذات جماعت کے خول سے باہر نکلیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے دینہ کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ بلوچستان کی معدنیات اور 7سو کلومیٹر ساحلی پٹی ایک بہت بڑا خزانہ ہے بلوچستان کو بدامنی سے دوچار کرکے شورش زدہ ظاہر کرنا استعماری سرغنہ امریکہ بھارت اور ہمنواؤں کا مشترکہ منصوبہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھ رہااپنے ماضی کے مظالم پر نادم ہو نے کے بجائے انہیں یاد کرکے خوشی کے شادیانے بجاتا ہے جس کا ثبوت جون 2015 میں مودی کا ڈھاکہ میں سینے پر ہاتھ رکھ کر پاکستان کو دولخت کرنے کا سرکاری اعتراف بھی شامل ہے۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اقلیتوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کی ایک طویل تاریخ ہے 31اکتوبر 1984کو بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد چند روز میں جس بے دریغ انداز میں سکھوں کا قتل عام کیا گیااور سکھ خواتین و بچوں کو بھی نہیں بخشا گیاچھ ہزار سکھوں کے قتل عام میں بھارتی وزراء بھی ملوث تھے ،مودی نے گجرات کا وزیر اعلیٰ ہوتے ہوئے مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی ،دلتوں کو تو بھارت میں انسان ہی نہیں سمجھا جاتا،آئے روز اکھنڈ بھارت کا نعرہ لگا کرکشمیریوں سے کئے گئے وعدے کی دھجیاں اڑاتا ہے جبکہ پنڈت نہرو خود مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں لے کر گیابھارت نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا قبول کیالیکن اس کے باوجود اس نے مظالم جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ بھارتی نیتا اپنے دہشت گردانہ عمل پر فخر و مباہات کرتے نظر آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت راء کو پاکستان کیخلاف کھلے عام استعمال کرکے بلوچستان میں مشرقی پاکستان والا کھیل کھیلنا چاہتا ہے اور استعماری سرغنہ امریکہ بھارت کی ہاں میں ہاں ملا رہا ہے اور بھارتی تخریبی سرگرمیوں کی مکمل سر پرستی کررہا ہے ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا عالمی استعماری سرغنہ اور اس کے پٹھو ؤں کی سازش ہے جسے ناکام بنانے کیلئے تمام جماعتوں ، مسالک مکاتب کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.