سانحہ جھل مگسی : بوکھلائے دہشت گرد چھوٹے شہروں اور قصبوں کو نشانہ بنا رہے ہیں،آغا حامد موسوی
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے فتح پور جھل مگسی درگاہ کی مجلس عزا میں بم دھماکہ کی شدید مذمت
اسلام آباد(ولایت نیوز ) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے فتح پور جھل مگسی درگاہ کی مجلس عزا میں بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نئے اور پرانے ناموں سے مسلسل کام جاری رکھنے والی کالعدم تنظیموں پر شکنجہ سخت کیا جائے ، ایکشن پلان پر سختی سے عمل کیا جائے،رد الفساد اور ضرب عضب سے بوکھلائے دہشت گرد چھوٹے شہروں اور قصبوں کو نشانہ بنا رہے ہیں،ایام عزائے حسینی ؑ کی مجالس 8ربیع الاول تک جاری رہیں گی انتظامیہ حفاظتی انتظامات میں کوتاہی نہ برتے،سی پیک کو ناکام کرنا اندرونی و بیرونی دشمنوں کا اہم ترین ہدف ہے ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں کے بم دھماکے عاشقان مصطفیؐ کو راہ حسینیتؑ سے نہیں ہٹا سکتے، تاریخ گواہ ہے کہ جب جب ظالموں جابروں نے ذکر حسین ؑ اور تحریک کربلا کی آواز کو دبانا چاہا مظلوموں کی علمبردار یہ تحریک اور بھی ابھرتی رہی ، ظالموں کا نام مٹ گیا لیکن نبی کریم ؐ کے نواسے راہ صداقت کے شہید اعظم امام حسین ؑ کا نام زندۂ جاوید رہا۔آغاسید حامد علی شاہ موسوی نے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں مہیا کی جائیں ۔