محرم الحرام :خواتین رضاکاروں کی تربیت کیلئے ملک بھر میں ورکشاپوں کا انعقاد کیا جائے گا،ام البنین ڈبلیو ایف 

ولایت نیوز شیئر کریں

کربلا سربلندی کیساتھ زندہ رہنے کا سلیقہ سکھاتی ہے،ام لیلیٰ مشہدی ، ملک بھر سے خواتین رضاکاروں اورتنظیمی عہدیداران کی کنونشن میں شرکت

اسلام آباد (ولایت نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے شعبہ خواتین ام البنین ڈبلیو ایف نے محرم الحرام کے دوران خواتین کی مجالس و پروگراموں کے تحفظ کیلئے لائحہ عمل ترتیب دے دیاہے۔مرکزی امامبارگاہ جامعہ المرتضیٰ جی نائن فور اسلام آباد میں منعقدہ شریکۃ الحسین ؑ خواتین کنونشن کے اعلامیے کے مطابق خواتین رضاکاروں کی تربیت کیلئے ملک بھر میں ورکشاپوں کا انعقاد کیا جائے گا،مکار دشمن کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم کو پاک فوج کا ساتھ دینے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے باورکرایا گیا کہ آمدہ محرم الحرام میں مرکز مکتب تشیع کی جانب سے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ عزاداری پر بھر پور عمل کیا جائے گا۔ اعلامیہ میں مسلم امہ پر زوردیا گیا کہ وہ روہنگیا و کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کو بنیادی انسانی حقوق دلوانے کیلئے کربلا کو مشعل راہ بنائے۔اعلامیہ میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ازلی دشمن میڈیا کی ثقافتی یلغار کے ذریعے آئندہ نسلوں نظریہ اساسی سے دور کرنا چاہتا ہے حکومت مغربیت کے سیلاب کو روکنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرے۔کنونشن کی صدارت چیئرپرسن ام لیلیٰ مشہدی نے کی جس میں ملک بھر سے تنظیم کی نمائندگان نے شرکت کی ۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن ام لیلیٰ مشہدی نے کہا کہ کربلا سر بلندی کے ساتھ زندہ رہنے کا سلیقہ سکھاتی ہے قرآن میں ارشادت قدرت ہے کہ’’ اے ایمان والو تقوی اختیار کرو اور سچوں کے ساتھ ہو جاؤ‘‘ ام البنین ڈبلیوایف اسلام کے سچے ہادیان کی راہ پر گامزن ہے تقویٰ کا مطلب پرہیز گاری گناہوں سے دوری شعائر اللہ کی تعظیم بتائے جاتے ہیں سچوں کا ساتھ دینے کیلئے تقویٰ شرط ہے ۔انہوں نے کہا کہ قرآن نے بتایا کہ غیب پر ایمان رکھنے والے،صبر کرنے والے ، رسول کا احترام کرنے اور شعائر اللہ کی تعظیم کرنے والے متقی ہیں خدا کا شکر ہے کہ ہم نے ایسے ہادی علی ابن ابی طالب ؑ کا دامن تھاما جنہیں دنیا امام المتقین کہتی ہے اور قیادت بھی آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی صورت ایسی ملی جس کا اعزاز ہی متقی ہونا ہے، سچے رہبروں کی سیرت پر بھی عمل کرنا ہو گا اورسچے قائد کاساتھ بھی دینا سرخروئی کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ سچوں کا ساتھ وہی دیتے ہیں جو متقی ہوں اور جو جو سچوں کے ساتھ ہے وہی متقی ہے جو جو اللہ کی نشانیوں کی تعظیم کرتا ہے وہ وہ دل کامتقی ہے ۔ اللہ نے ہم پر یہ احسان کیا کہ ہمیں شعائر اللہ کی معرفت سکھائی اسی لئے ہم 8شوال کو مرکز مکتب تشیع ٹی این ایف جے کی کال پر اہلبیت ؑ اطہار صحابہ کبار امہات المومنینؓ کی نشانیاں جو شعائر اللہ ہیں کے تحفظ کیلئے صدائے احتجاج بلند کرتے ہیں ۔

کنونشن سے مسز تسنیم بخاری ڈپٹی چیئر پرسن ام البنین ، مسز عقیل نقوی سپریم کمانڈر یو ڈبلیو ایف ، مسز فرح مرتضی موسوی منتظم اعلیٰ مرکزی دفتر، عطیہ کاظمی ، مسز جابر نقوی ، ڈاکٹر فرزانہ نقوی ، سید ہ عبیدۃ الزہرا موسوی سینئر ڈپٹی چیئر پرسن ، سیدہ بنت الھدیٰ مشیر اعلیٰ ، مسز آمنہ جعفری نگران اعلیٰ سکینہ جنریشن ، ام رہیب کراچی ، بنت ابوذر کوئٹہ ،حنا فصاحت لاہور، کنیز زینب کیانی پشاور، کائنات کاشف نگران اعلیٰ گرلز گاےئڈ، حریم رضا پنڈی گھیب ، شاکرہ منظور فیصل آباد، ارم نقوی صوبائی سربراہ پنجاب ، آسیہ اقبال کھوڑ، ساقیہ حیدر تلہ گنگ ، مسز بوعلی مہدی سیکرٹری عزاداری نے بھی خطاب کیا۔کنونشن میں محرم الحرام کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.