توہین رسالت ؐ کے واقعات پر 39ملکی اتحاد کہاں چلا گیا؟ اقتدار کی بقا میں مگن مسلم فرمانروا غیرت و حمیت کا ثبوت دیں،آغا حامد موسوی
توہین رسالت ؐ کے واقعات پر 39ملکی اتحاد کہاں چلا گیا؟ اقتدار کی بقا میں مگن مسلم فرمانروا غیرت و حمیت کا ثبوت دیں،آغا حامد موسوی
اندر کے دشمن بیرونی دشمنوں سے زیادہ نقصان دہ ہیں درہم و دینار اور ڈالر و ریال کی خاطر بیرونی ایجنڈے درآمد کرنے والوں کوتاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی
شیطانی خاکے بنانے اور بنوانے والوں کے سامنے عالم اسلام کی بے بسی سوالیہ نشان ہے،اکھنڈ بھارت اور گریٹر اسرائیل کا یجنڈا تمام مسلم ممالک پر حملہ آور ہے
گلگت بلتستان پر فیصلے صادر کرتے ہوئے کشمیر کازکو فراموش نہ کیا جائے، حسینی ہیں نوک نیزہ پر بھی کلمہ حق سے دریغ نہیں کریں گے، دعائیہ محفل سے خطاب
یوم ترحیم کے موقع پر ملک بھر میں دعائیہ تقاریب اور مجالس؛ ایام عزائے حسینیؑ کے مرحومین اورشہداء دین وطن کو خراج عقیدت،مرکزی پروگرام انچولی کراچی میں منعقد ہوا
مسلم حکمران ناموس مصطفی ؐ کی خاطر متحد ہو جائیں، شیطانی ایجنڈے کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں، کالعدم جماعتوں کی بیخ کنی کی جائے، یوم ترحیم کی قراردادیں
اسلام آباد/کراچی (ولایت نیوز )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ توہین رسالت ؐ کے واقعات پر 39ملکی اتحاد کہاں چلا گیا؟ عرب لیگ اور اوآئی سی کی نیندیں حرام کیوں نہیں ہوئیں؟اپنے اقتدار کی بقا میں مگن مسلم فرمانروا غیرت و حمیت کا ثبوت دیں، تمام تر وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود شیطانی خاکے بنانے اور بنوانے والوں کے سامنے عالم اسلام کی بے بسی سوالیہ نشان ہے،جب تک مسلم حکمرانوں کی غیرت نہیں جاگے گی امت مسلمہ کے مسائل جوں کے توں رہیں گے اندر کے دشمن بیرونی دشمنوں سے زیادہ نقصان پہنچا رہے ہیں شہداء کے خون کو رائیگاں ہونے سے بچانے کیلئے کالعدم جماعتوں اور انکے سرپرستوں کے خلاف کاروائی کی جائے،درہم و دینار اور ڈالر و ریال کی خاطر بیرونی ایجنڈے درآمد کرنے والوں کوتاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی،آئین اداروں صوبوں سے چھیڑ چھاڑ قومی عزت و حرمت کو نقصان پہنچا رہی ہے، کشمیر اور فلسطین کے مسئلوں کوعالمی طاقتیں خود سلگا کر گئیں اکھنڈ بھارت اور گریٹر اسرائیل کا یجنڈا تمام مسلم ممالک پر حملہ آور ہے ،گلگت بلتستان پر فیصلے صادر کرتے ہوئے کشمیر کاز کو فراموش نہ کیا جائے، حسینی ؑروایات کے امین ہیں نوک نیزہ پر بھی کلمہ حق کہنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ملک گیر یوم ترحیم کی مناسبت سے دعائیہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا
۔یوم ترحیم موقع پر ملک کے تمام شہروں میں ایام عزائے حسینی ؑ کے دوران درجہ شہادت پر فائر ہونے اور انتقال کرجانے والے بلاتفریق مومنین و مسلمین کی بلندی درجات کیلئے دعائیہ تقاریب اور مجالس منعقد کی گئیں اور شہدائے دین و وطن کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ محمد ؐو آل محمدؐ کے سوگ میں اپنے دکھوں کو فراموش کرنے والے خانوادے قابل رشک ہیں جن ماؤں بہنوں بیٹیوں نے اپنے بھائی بیٹے اور والدین کو وطن کی سربلندی و تحفظ اور امن کیلئے قربان کیاپوری قوم ان کے غم میں شریک ہے۔انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ خدارا 75 ہزار شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہ کریں غیر وں کے سامنے ہاتھ پھیلانا چھوڑ دیں۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ لیگ آف نیشنز کی طرح اقوام متحدہ بھی بڑی طاقتوں کی لونڈی بنی ہوئی ہے، اور اکھنڈ بھارت و گریٹر اسرائیل کے ایجنڈے کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کررہی ہے کشمیریوں فلسطینیوں پر عرصہ حیات تنگ ہے لیکن کوئی ان کا پرسان حال نہیں جبکہ اقوام متحدہ نے مشرقی تیمور سوڈان سکاٹ لینڈ جبرالٹر میں مغربی قوتوں کے مفادات کیلئے استصواب رائے میں ذرا دیر نہ لگائی، ظلم اورمنافقت پر مبنی یہ کھیل عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم ممالک میں بے حیائی عریانی اور عصیان کفار سے بھی زیادہ بڑھ چکے ہیں مشکلات سے نجات اور خدا و رسول کی بارگاہ میں سرخروئی کیلئے ضروری ہے کہ مسلم ممالک کو اسی راہ پر گامزن کیا جائے جو نبی کریم محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بتلائی اسی صورت دشمنان اسلام کے شاتمانہ عزائم کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔درایں اثنا ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں آمدہ اطلاعات کے مطابق امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی کراچی میں یوم ترحیم کامرکزی پروگرام منعقد ہوا جس سے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے صوبائی صدر علامہ اصغر نقوی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ قمر حیدر زیدی اور دیگر نے خطاب کیا، علی مسجد سیٹلائٹ ٹاؤن میں منعقدہ مجلس ترحیم کی مجلس سے مفتی باسم عباس زاہری ذاکر غلام عباس کاظمی شادیوال اور دیگر نے خطاب کیا۔
اسلام آباد میں علامہ بشارت امامی، کوہاٹ میں مجلس ترحیم سے علامہ تصور نقوی و صوبائی صدر غضنفر علی شاہ، پشاور میں مولانا جوہر علی میر، ڈیرا ہ اسمعیل خان میں مولانا اجلال حیدر الحیدری، گجرات میں مولانا ثقلین حیدر کاظمی، لاہور میں سی ذوالفقار نقوی، ملتان میں مولانا باقر علی نقوی، فیصل آباد میں آغا حجت علی سرحدی، خیر پور میں نجم علی ابو بکری، حٰدر آباد میں ڈاکٹر عنایت علی شاہ، کوئٹہ میں انجینئر ہادی عسکری نے یوم ترحیم کے پروگراموں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر منظور کردہ قراردادوں میں مسلم حکمرانوں پر زور دیا گیا کہ وہ ناموس مصطفی ؐ کی خاطر متحد ہو جائیں اور گستاخانہ شیطانی ایجنڈے کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں، ایک قرار داد میں نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر عمل درآمدکرتے ہوئے کالعدم جماعتوں کی بیخ کنی کا مطالبہ کیا گیا۔