ناموس رسالت ؐ بچانے کیلئے شعب ابیطالب ؑ کی راہ اپنانی ہوگی،ایام الحزن مناکرناموس رسالت ؐ و مشاہیر اسلام کے تحفظ کے عزم کی تجدید نو کی جائے،آغا حامد موسوی
ناموس رسالت ؐ بچانے کیلئے شعب ابیطالب ؑ کی راہ اپنانی ہوگی، امت مسلمہ گستاخوں سے یکجہتی کرنے والوں سے ناطہ توڑلے، آغا حامد موسوی
نبی کریم ؐاہلبیت اطہار ؑپاکیزہ صحابہ کباراور اجداد رسول ؐ کی شان میں گستاخیاں ناقابل برداشت ہیں عالم اسلام مشترکہ حکمت عملی اپنائے
حضرت ابو طالب ؑ کفار مکہ کی کڑکتی تلواروں کے سامنے نبی کریم ؐکی ڈھال بنے رہے، تمام مسلم ممالک سے فرانسیسی سفیروں کو نکال دیا جائے
افکار و کردارکو وفائے مصطفی ؐ کا نمونہ بنایاجائے،24تا28ربیع الاول عالمگیر ایام الحزن مناکرناموس رسالت ؐ و مشاہیر اسلام کے تحفظ کے عزم کی تجدید نو کی جائے
تمام مکاتب ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر گستاخانہ خاکوں اورمغربی تہذیب کی درندگی کے خلاف پرامن احتجاج کریں، مختار ایس اور ایم ایف وی نگران کونسل سے خطاب
اسلام آباد( )سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ ناموس رسالت ؐ بچانے کیلئے شعب ابی طالب ؑ کی راہ اپنانی ہوگی امت مسلمہ گستاخوں سے یکجہتی کرنے والی حکومتوں سے ناطہ توڑلے پہلے قدم کے طور پر تمام مسلم ممالک سے فرانسیسی سفیروں کو نکال دیا جائے،نبی کریم ؐاہلبیت اطہار ؑپاکیزہ صحابہ کباراور اجداد رسول ؐ کی شان میں گستاخیاں ناقابل برداشت ہیں عالم اسلام مشترکہ حکمت عملی اپنائے،حضرت ابو طالب ؑ کفار مکہ کی کڑکتی تلواروں کے سامنے نبی کریم ؐکی ڈھال بنے رہے،نگہبان رسالت نعت خوان اول حضرت ابو طالب علیہ السلام کی وفات کی مناسبت سے24تا28ربیع الاول عالمگیر ایام الحزن مناکرناموس رسالت ؐ و مشاہیر اسلام کے تحفظ کے عزم کی تجدید نو کی جائے، نوجوان نسل حکیم الامت علامہ اقبال ؒ کے درس کی پیروی کرتے ہوئے اپنے افکار و کردارکو وفائے مصطفی ؐ کا نمونہ بنائیں دنیا و آخرت میں سربلندی ان کا مقدر ٹھہرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں ایم ایف والنٹیئرزاور مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی نگران کونسل کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کائنات کی افضل ترین ہستی باعث تخلیق کائنات ہیں اللہ کے رسول جو کہیں کریں یا ان کے سامنے جو کیا جائے وہ سنت کہلاتی ہے نبی کریم ؐ نے ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبری سلام اللہ علیھا اور نگہبان رسالت حضرت ابوطالب علیہ السلام کی وفات کے سال کو عام الحزن قراردیااور ہمیشہ ان ہستیوں کی خدمات کو یاد کرتے رہے گویا حضرت ابو طالب علیہ السلام کا غم اور یادمنانا سنت نبوی قرارپایا،عظمت ابو طالب کا اس سے بڑح کو کیا ثبوت ہو گا کہ جب ابر پانی برستا تو صحابہ کرامؓ شان رسالت میں حضرت ابوطالب علیہ السلام کا نعتیہ کلام دہرایا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ فرمان امام جعفر صادق علیہ السلام ہے کہ ہمارے پیروکار ہمارے غم میں غمگین اور ہماری خوشیوں میں مسرور و خوش ہوتے ہیں لہذا نبی کریم ؐکے کفیل پاسبان محافظ حضرت ابوطالب علیہ کی وفات کے موقع پر عاشقان رسالت ؐ رسول کریم اور خانوادہ اہلبیت کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کریں۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے اپیل کی کہ ایام الحزن کے دوران تمام مکاتب ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر گستاخانہ خاکوں اورمغربی تہذیب کی درندگی کے خلاف پرامن احتجاج کریں، عالم کفر مشاہیر اسلام اور شعائر اسلام کی توہین پر پوری قوت صرف کررہا ہے مسلمان بھی شان رسالت ؐ کا اجاگر کرنے پر تمام تر توانائیاں صرف کریں۔
