سعودی عرب اسرائیل اور ایران بھارت دوستی لمحہ فکریہ ہے  ایران  راہ خمینی ؒ سے ہٹ چکا ہے ،آغا حامدموسوی ؛ایام مادر عباس علمدارؑ ‘ منانے کا اعلان

ولایت نیوز شیئر کریں

آیۃ اللہ خمینی ؒ نے تمام شیطانی قوتوں سے ٹکر لی،اسرائیل و بھارت کے ساتھ مسلم ممالک کے یارانے وحدت اسلامی کے منافی ہیں 
نئی امریکی افغان پالیسی کا مقصد دہشتگردی کا قلع قمع نہیں پاکستان پر شکنجہ کسنا ہے، 
عالم اسلام اور پاکستان کوشیطانوں سے بچانے کیلئے حضرت ام البنینؑ کے جذبہ وفا و قربانی پر عمل کرنا ہوگا، عمائدین سے خطاب
اسلام آباد ( ولایت نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ اسرائیل و بھارت کے ساتھ مسلم ممالک کے یارانے وحدت اسلامی کے منافی ہیں امریکہ بھارت اسرائیل کا شیطانی ثلاثہ کبھی مسلمانوں کا دوست نہیں ہو سکتا مظلوم فلسطینیوں کشمیریوں کو بھلا کر سعودی عرب اسرائیل سے پینگیں بڑھا رہا ہے اور ایران بھارت سے دوستی نبھا رہا ہے جو لمحہ فکریہ ہے ، پاکستانی ا داروں اور سیاستدانوں کی باہمی چپقلش دشمنوں کا کام آسان کر رہی ہے سیاستدان اپنی توانائیاں ایک دوسرے کو گرانے کے بجائیموثر سفارت کاری پر صرف کریں تاکہ پاکستان کو استعماری سازشوں سے بچایا جا سکے ، نئی امریکی افغان پالیسی کا مقصد دہشت گردی کا قلع قمع نہیں پاکستان پر شکنجہ کسنا ہے ،دنیائے شیطنت کو سی پیک سے کافی تکلیف ہے پاکستان کی معیشت کے استحکام کا تصور شیطانی ثلاثہ کی نیندیں حرام کئے ہوئے ہے،حضرت ام البنین نے اپنے چاروں فرزندمیدان کربلا میں راہ حسینیت پر قربان کرکے عشق رسالت ؐ کا عملی نمونہ پیش کیا، عالم اسلام اور پاکستان کوشیطانوں سے بچانے کیلئے اسوہ حضرت ام البنین کے جذبہ وفا و قربانی پر عمل کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علمائے کرام اور عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے 9سے13جمادی الثانی حضرت ام البنینؑ کی شہادت کی مناسبت سے ’ایام مادر عباس علمدار‘ منانے کا اعلان کیا۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ آیۃ اللہ خمینیؒ نے ہمیشہ عالم اسلام کے مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے تمام شیطانی قوتوں سے ٹکر لی لیکن عہدحاضر میں ایران رہبر انقلا ب حضرت آیۃ اللہ الخمینی کی راہ سے ہٹ چکا ہے اس کی جانب سے چاہ بہار بندرگاہ کا کنٹرول بھارت کو دیناتشویشناک ہے ایران کی جانب سے اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کا اعلان بھارت کی شاطرانہ پالیسیوں سے عدم آگاہی کا ثبوت ہے جب بھارت کا چاہ بہار بندرگاہ پر مکمل اختیار نہیں تھا اس وقت اس نے کلبھوشن جیسے جاسوس پاکستانی سرزمین پر اتار دیئے تھے اب تو وہ ایرانی سرزمین کو مزید پاکستان کے خلاف استعمال کرے گا۔انہوں نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ ایران کے علاوہ اومان نے بھی اپنی بندرگاہ الدقم بھارت کو دے ڈالی ہے جس کا واضح مطلب بھارت کو پاکستان کی ناکہ بندی کیلئے ذرائع فراہم کرنا ہے، پہلے صرف افغانی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوتی تھی اب یک نہ شد سہ شد۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کا مقصد دہشت گردی کے فروغ کیلئے ہونے والی منی لانڈرنگ اورفنڈنگ کو روکنا تھا لیکن امریکہ بھارت کی جانب سے اسے پاکستا ن کے خلاف استعمال کرنا گریٹ گیم کا حصہ تھاجس سے پاکستانی معیشت ، تجات اور بیرونی سرمایہ کاری پر تباہ کن اثرات ڈالنا تھا، پاکستان کو تین ماہ کی مہلت دی گئی ہے درا صل عالمی شیطانی سرغنہ امریکہ وطن عزیز پر دباؤ ڈال کر اپنے ایجنڈے کی تکمیل چاہتا ہے لہذا حکمرانوں سیاستدانوں کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت اسرائیل کی شیطانی تکون پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہے جبکہ پاکستان کے اندرونی حالات ناگفتہ بہ ہیں اور معزز ادارے ایک دوسرے پر دباؤ بڑھا رہے ہیں جو قابل تشویش ہے ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے واضح کیا کہ مسلمانوں کی بقا اور عروج کا روزصرف اور صرف وحدت و اخوت میں مضمر ہے مسلم ممالک ایک ہو کر ہی استعماری قوتوں کے مکروہ منصوبوں کو ناکام بنا سکتے ہیں اور کشمیر و فلسطین کو آذادی سے ہمکنار کروا سکتے ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.