ریاست مدینہ کیلئے حکومتی اقدامات پر لگا انتقام کا دھبہ ختم کرنا ہوگا ،حکمران سیرت نبویؐ پر قائم رہیں، آغا حامد موسوی
ریاست مدینہ کے قیام کیلئے حکومتی اقدامات پر لگا انتقام کا دھبہ ختم کرنا ہوگا ،قائد ملت جعفریہ آغا حامد موسوی
میر شکیل الرحمن کی گرفتاری نے احتساب کی شفافیت کو مزید دھندلا دیا ، عمران خان نیک نام ہیں سیرت نبوی پر قائم رہیں
ملکی وسائل لوٹنے والے آزاد؛ کالعدم رہنما حکومت اپوزیشن کے دائیں بائیں بیٹھ کر ایکشن پلان کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں
صحافت اور ریاست کی بنیادیں مضبوط کرنے والے میر خلیل الرحمن مرحوم کے خاندان کو کس جرم کی سزا دی جارہی ہے؟
ڈان جنگ نوائے وقت کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتاخداراپاکستان دشمنوں کو خوش ہونے کے مواقع فراہم نہ کئے جائیں
حکومت غریب صحافیوں پر ترس کھائے جو لاک ڈاو¿ن سے پہلے ہی نان شبینہ کے محتاج ہو چکے ہیں، وزیر اعظم کے نام مراسلہ
اسلام آباد(ولایت نیوز ) سپریم شیعہ علماءبورڈ کے سرپرست اعلیٰ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے قیام کیلئے حکومتی اقدامات پر لگا انتقام کا دھبہ ختم کرنا ہوگا میر شکیل الرحمن کی گرفتاری نے حکومتی احتساب کی شفافیت کو مزید دھندلا دیا ہے ، عمران خان نیک نام شخصیت ہیں یاد رکھیں سیرت نبوی پر قائم رہ کر ہی پاکستان کو مدنی ریاست کے سانچے میں ڈھالا جا سکتا ہے فتح مکہ کے وقت نبی اکرم نے اپنے پیارے چچا حضرت حمزہ ؓکا جگر چبانے والوں کے گھر کو بھی جائے پناہ قرار دے دیا تھا ، ملکی وسائل اور عوامی ٹیکسوں کی کمائی کو لوٹنے والے آزادانہ پھر رہے ہیں کالعدم تنظیموں کے رہنما نظریاتی کونسل علماءبورڈ زاور اجلاسوں میں حکومت اپوزیشن کے دائیں بائیں بیٹھ کر ایکشن پلان کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں ، پاکستانی صحافت اور ریاست کی بنیادیں مضبوط کرنے والے میر خلیل الرحمن کے خاندان کو کس جرم کی سزا دی جارہی ہے؟ تحریک پاکستان میں ڈان جنگ نوائے وقت کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتاخداراپاکستان دشمنوں کو خوش ہونے کے مواقع فراہم نہ کئے جائیں ، حکومت غریب صحافیوں پر ترس کھائے جو لاک ڈاؤن سے پہلے ہی نان شبینہ بچوں کی فیسوں اور علاج معالجے کیلئے بھی محتاج ہو چکے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کے نام مراسلہ میں کیا ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو اللہ نے پاکستان کی خدمت کا موقع دیا ہے انہیں ہر قدم سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مدنظر رکھ کر اٹھانا ہوگا ،فتح مکہ کے موقع پر جب نبی کریم اپنے آبائی وطن میں داخل ہوئے تو دس ہزار صحابہ کرامؓ کی جمعیت اعلان کررہی تھی کہ آج انتقام کی آگ سرد کرنے کا دن ہے ”الیوم یوم الملحمة“ آج بدلہ لینے کا دن ہے آج کفار مکہ کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کا دن ہے،لیکن تاریخ نے یہ عجب منظر دیکھا کہ کفار کے ہاتھو بدترین ظلم سہنے والے ہادی برحق محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ اعلان کیا کہ آج بدلے نہیں رحم کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت عبد اللہؑ کے در یتیم نے اسلام کے بدترین دشمنوں ہی نہیں صدیوں زمانوں کو یہ کہہ کر مسخر کرلیا کہ ”لاتثریب علیکم الیوم واذہبوا انتم الطلقاء“ کہ جاؤ تم سب آزاد ہو، تم لوگوں سے کسی قسم کا بدلہ نہیں لیا جائیگا“تاریخ آج تک ایسی حسن سلوک کی مثال پیش نہیں کرسکی،غیر مسلم مورخین نے بھی تسلیم کیاکہ روئے زمین کی تاریخمیں کسی فاتح نے ایسی بردباری ،تحمل، دانشمندی، پیش بینی اور دور اندیشی سے کام نہیں لیا جس طرح آنحضرت نے فتح مکہ کے وقت لیا تھا۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ دہشت گردی ، کرپشن ،مہنگائی بیروزگاری کے ستائے عوام نے موجودہ حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ کررکھی ہیں حکومت ان مشیروں کی بھی بیخ کنی کرے جن کے سبب عوام کے مسائل کم ہوے کے بجائے بڑھتے چلے جارہے ہیں ۔
آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے واضح کیا کہ وطن عزیز کا ستحکام ، ملک میں فلاحی نظام کا قیام اور تمام مسالک مکاتب میں وحدت و اخوت کا دوام ہمیشہ ہمارا مطمع نظر رہا ہے اسلام و پاکستان کے ہر خیرخواہ کیلئے فقیرانہ دعائیں اور عملی تعاون ہمیشہ جاری رہے گالیکن اہداف قدسیہ کے حصول کیلئے کسی بھی آمر و جابر کے سامنے کلمہ حق کہنے کا حسینی ؑ فریضہ بھی کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔